23 فروری 2026

تحریر : فرزانہ علی


تیراہ

“میں اپنے دوستوں کے ساتھ ایک شادی میں شریک تھا کہ اچانک ایک ڈرون حملہ ہوا اور جب ہوش آیا تو میں اپنی ایک آدھی ٹانگ کھو چکا تھا “

یہ الفاظ ہیں تیراہ ورسک کے 17 سالہ عثمان کے جو تیراہ سے نقل مکانی کر کے اس وقت باڑہ کے علاقے سترکلے میں اپنے رشتہ داروں کے ہاں مقیم ہے ۔عثمان اُس حملے میں اپنی آدھی ٹانگ کھو چکا ہے ۔9ویں جماعت کا طالب علم جس نے ابھی اپنے مستقبل کے خواب دیکھنا ہی شروع کئے تھے کہ اُس اندھے حملے میں کولیٹرل ڈیمج کا شکار ہو گیا ۔وہ رات آج بھی عثمان کو ایک بھیانک خواب کیطرح یاد ہے کہ جب وہ دوستوں کے ساتھ ایک شادی میں شریک تھا اور وہیں ایک ڈرون حملے کا شکار ہو گیا۔ عثمان نے بتایا کہ رات 7 ساڑھے سات بجے کے قریب حملہ ہوا لیکن رات 12 بجے تک اس حملے کا شکار ہونے والوں کو کوئی امداد نہ ملی سکی۔ رات 12 بجے جب موبائل سگنل آئے تو انھیں زخمیوں کے گھر والوں سے رابطے ہوئے اور اہل علاقہ امداد کے لئے پہنچے ۔زخمیوں کوپہلے مشتی ہسپتال منتقل کیا گیا لیکن وہاں کوئی سہولت نہ ہونے کی وجہ سے 3 بجے صبح پشاور پہنچایا گیا جسمیں کافی وقت لگ گیا ۔اور ایل آر ایچ میں آپریشن کے زریعے ٹانگ کو کاٹ دیا گیا ۔

اگرچہ عثمان نے 9ویں کا داخلہ کروا لیا ہے اور امتحان دینے کا ارادہ بھی رکھتا ہے لیکن حکومت سے نالاں بھی نظر اتا ہے کہ اسکا اتنا بڑا نقصان ہو گیا اور حکومت نے ڈرون حملے کے زخمیوں کے لئے امدادی رقم کا اعلان کیا لیکن ابھی تک کوئی وعدہ وفا نہ ہو سکا اور نہ ہی اسے کوئی معاوضہ ادا کیا گیا ہے ۔

عثمان کا خاندان بھی ان ہزاروں افراد میں سے ایک ہے جنھوں نے تیراہ میں پیدا ہونے والی حالیہ شورش کے بعد اعلان کی جانے والی نقل مکانی میں اپنا علاقہ چھوڑا اور باڑہ میں اپنے رشتہ داروں کے ہاں پناہ لے رکھی ہے تاہم سینکٹروں خاندانوں کی طرح وہ رجسٹریشن کے باوجود بھی ابھی تک حکومتی ریلف حاصل کرنے میں ناکام ہیں

تیراہ کی کہانی صرف عثمان تک محدود نہیں بلکہ اُن سینکڑوں خاندانوں کی بےچارگی اور بے گھری کو بیان کرتی نظر آتی ہے جنکو اچانک اپنے گھروں کو چھوڑ کر مسافری اختیار کرنا پڑی ۔۔انہی میں سے ایک خاندان فاطمہ بی بی کا بھی ہے سُرکس کے علاقے میں ایک ویرانے میں پناہ گزین اس خاندان کے 11 افراد تین خیموں میں رہنے پر مجبور ہیں ۔۔

فاطمہ بی بی نے بتایا کہ “سر چھپانے کے لئے خیمے اور چار دیواری کے لئے پرانی پھٹی ہوئی پلاسٹک شیٹس سے چاردیواری تو ہم نے بنا دی لیکن غسل خانہ یا ٹوائلٹ ایک بڑا مسئلہ تھا تب میں نے اپنے ہاتھوں سے اینٹ گھارے کی مدد سے ایک چھوٹی سے چار دیواری بنا کر یہ عارضی بندوبست کیا تاکہ خواتین کا پردہ برقرا رہے اور ہمیں کھلے میں نا جانا پڑے۔

اسی طرح بٹئی کلے سے آنے والے حبیب شاہ کا غاروں میں پنا گزین ایک خاندان بھی حکومتی امداد کا منتظر تھا رجسٹریشن کے باوجود امدادی رقم نہ مل سکی لیکن دو خیمے اور کچھ راشن ملا ۔

“یہ جو سامنے اپکو سفید عمارت نظر آرہی ہے یہ وزیر اعلی خیبر پختونخوا سہیل آفریدی کا آبائی گھر ہے اور ہم یہ کچھ خاندان کچھ ہی فاصلے پر اپنی مدد آپ کے تحت اس ویرانے میں اپنی خواتین اور بچوں کے سر پر چھت بنانے میں لگے ہیں ۔بھلا ہو ان جاننے والوں کا کہ جنھوں نے زمین کا یہ ٹکڑا عارضی طور پر ہمارے حوالے کیا ہے تاکہ دو کمرے بنا سکیں” ۔یہ الفاظ تھے تیراہ میدان سے آنے والے محمد جمیل کے ۔محمد جمیل خاندان کے دس افراد کے ساتھ یہاں مقیم ہیں ۔اُنکی رجسٹریشن کا عمل مکمل ہو چکا ہے سم بھی مل چکی ہے لیکن اُنھیں آئے چالیس روز گزرنے کے باوجود نہ ٹرانسپورٹ کے پیسے ملے اور نہ ہی کرایے کی مد میں کچھ ملا ۔

حکومتی معاملات کی تاخیر اپنی جگہ لیکن ہمیں بتایا گیا کہ کئی غیر سرکاری تنظیمیں اور مخیر افراد تیراہ متاثرین کے لئے امدادی سامان،افطار پیکج یا پھر امدادی رقوم دینے کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہیں اس سلسلے میں باڑہ کے مقامی افراد کے زریعے مستحق افراد کی نشاندہی کی جاتی ہے اور پھر امدادی تنظیمیں ان علاقوں میں جا کر انکو امداد فراہم کرتی ہیں ۔

واپسی پر ہم شلوبر قمبر خیل متاثرین کے لئے بنائے گئے کیمپ گئے تو پتہ چلا کہ وہ کیمپ بند کر دیا گیا ہے۔ایسا کیوں کیا گیا ہے؟ یہ پوچھا ہم نے ضلع خیبر کے مقامی صحافی اسلام گل آفریدی سے تو انھوں نے بتایا کہ 5 جنوری سے نقل مکانی کا عمل تو شروع کرنے کا کہا گیا لیکن ضلعی حکام اور پی ڈی ایم اے سمیت تمام متعلقہ اداروں کے پاس کوئی حکمت عملی نہیں تھی جسکی وجہ سے سارا عمل متنازع ہو گیا ۔اب ایک بار پھرکہا جا رہا ہے کہ دوسرے مرحلے میں نیا طریقہ اندراج اورتصدیق کا عمل شروع کیا جائے گا لیکن ابھی تک نقل مکانی کے اس پراسسس میں 15 سے 16 بڑی میجر تبدیلیاں کی جا چکی ہیں ۔اسلام گل آفریدی کے مطابق اب تک 36 ہزرا خاندان کو ٹوکن جاری کیا گیا ہے ۔27 ہزار خاندان کی رجسٹریشن کا عمل مکمل ہونے کے بعد 70 فیصد خاندانوں کوٹرانسپورٹ کی مد میں رقم ملی لیکن فی الحال ان میں سے 10 ہزار سے زائد خاندانوں کی ری وریفکیشن مکمل ہو گئی ہے جنکے بارے میں کہا گیا ہے یہ اصل متاثرین ہیں ۔۔اس سارے عمل میں جو افسوسناک بات سامنے آئی ہے وہ یہ ہے کہ نقل مکانی کرنے والے تیراہ متاثرین کی امداد کے حصول میں مبینہ طور پر پولیس سمیت کئی محکموں کے سرکاری ملازمین ،میدانی علاقوں میں رہنے والے تیراہ کے خاندان اور صحافیوں نے بھی بہتی گنگا میں ہاتھ دھوئے ہیں اور کہا جا رہا ہے کہ حکمران جماعت کے کارکن اس سارے عمل پر اثر انداز رہے ہیں جسکی وجہ سے پورا عمل متنازعہ ہوا جس کے لئے نہ صرف دوبارہ تصدیق کی ضررت پڑ گئی بلکہ پہلے سے طے کئے گئے طریقہ کار کو بھی بدلنا پڑا ۔۔۔۔۔اب آخر میں سوال اُن 4 ارب روپے کا ہے کہ اگر سارا معاملہ اتنا متنازعہ ہے تو پھر وہ رقم کہاں اور کس پر خرچ ہوئی یا ہو رہی ہے؟

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here