27 فروری 2026

اسلام گل


تیراہ

وادی تیراہ کے گاؤں درپیر کے آٹھ نوجوان گزشتہ سال تیرہ نومبر کو ایک شادی کی تقریب میں ڈرون حملے کا نشانہ بنے اور شدید زخمی ہوئے۔ کئی ماہ گزر جانے کے باوجود یہ نوجوان نہ مکمل علاج سے مستفید ہو سکے اور نہ ہی صوبائی حکومت کی جانب سے کیے گئے مالی معاونت کے وعدے پورے ہوئے۔ ان متاثرین نے حال ہی میں باڑہ پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے اپنی داستانِ الم سنائی اور حکومت سے فوری اقدامات کا مطالبہ کیا۔

شادی کی خوشی، زندگی بھر کا غم

سماجی کارکن محمد کریم نے صحافیوں کو بتایا کہ رات گیارہ بجے کے قریب ڈرون سے دو بم گرائے گئے جس کے نتیجے میں آٹھ نوجوان شدید زخمی ہوئے۔

“ان میں سے ایک کا پاؤں ضائع ہو گیا جبکہ دوسرے کو بروقت علاج نہ ملا تو وہ عمر بھر کے لیے معذور ہو سکتا ہے۔ باقی زخمیوں کے جسم میں بم کے ذرات ابھی تک موجود ہیں جن کو نکالنے کے لیے ایک نہیں بلکہ کئی آپریشنز کی ضرورت ہے، لیکن مالی مسائل کی وجہ سے یہ ممکن نہیں ہو پا رہا،” انہوں نے کہا۔

محمد کریم نے مزید بتایا کہ واقعے کے بعد تمام زخمیوں کو علاج کے لیے پشاور لایا گیا جہاں وزیرِ اعلیٰ خیبر پختونخوا سمیت صوبائی اور قومی اسمبلی کے ارکان نے عیادت کی اور علاج و مالی معاونت کے وعدے کیے۔

“لیکن بعد میں ان سب کو بے یار و مددگار چھوڑ دیا گیا۔ مالی مسائل کی وجہ سے انہوں نے علاج ادھورا چھوڑ کر گھر جانا پڑا اور آج تک کسی نے ان کا حال نہیں پوچھا۔”

عثمان خان: ٹانگ گئی، حوصلہ نہیں گیا

نویں جماعت کا طالبِ علم عثمان خان حملے میں اپنی بائیں ٹانگ گنوا بیٹھا۔ آج وہ بیساکھیوں کے سہارے چلتا ہے اور مصنوعی ٹانگ کا منتظر ہے۔ “ہم شادی کی خوشیاں منانے گئے تھے کہ اچانک ڈرون سے ایک کے بعد دوسرا بم گرایا گیا۔ علاقے میں کرفیو کی وجہ سے ہم کئی گھنٹے بغیر کسی طبی امداد کے پڑے رہے۔ اگر مزید تاخیر ہوتی تو کئی جانیں ضائع ہو جاتیں،” عثمان نے بتایا۔

انہیں پہلے اورکزئی اور پھر مزید علاج کے لیے پشاور منتقل کیا گیا۔ عثمان کی فکر اپنے آنے والے امتحانات کو لے کر بھی ہے۔

“چند دنوں میں نویں جماعت کے امتحانات شروع ہونے والے ہیں۔ صوبائی حکومت مصنوعی پاؤں لگانے میں مدد کرے اور مالی معاونت کا وعدہ پورا کرے تاکہ میں امتحان دے سکوں۔ ٹانگ کھونے سے زندگی ادھوری ضرور ہوئی، لیکن تعلیم کے ذریعے نہ صرف اپنی بلکہ علاقے کے نوجوانوں کی زندگی بدلنا چاہتا ہوں۔”

درد کے ساتھ زندگی

ذاکراللہ بھی اس حملے میں زخمی ہوئے اور ان کے جسم میں بم کے ذرات اب تک موجود ہیں جن کو نکالنے کے لیے آپریشن ناگزیر ہے۔”میں شدید درد کے ساتھ زندگی گزارنے پر مجبور ہوں۔ غربت کی وجہ سے اپنا علاج مکمل کرنا میرے بس میں نہیں،” انہوں نے کہا۔

دو سہاروں کا محتاج

اکرام اللہ حملے سے پہلے اپنے پاؤں پر چلتے تھے، اب دو افراد کے سہارے کے بغیر چل نہیں سکتے۔ ان کی دائیں ٹانگ بری طرح زخمی ہے اور کئی آپریشنز درکار ہیں جن کے لیے بھاری رقم چاہیے۔”ایک طرف خاندان نقلِ مکانی کی وجہ سے شدید مالی مشکلات میں ہے، دوسری طرف جو جمع پونجی تھی وہ علاج پر خرچ ہو چکی۔ اب مزید علاج ممکن نہیں رہا۔ صوبائی حکومت نے علاج اور مالی معاونت کے جو وعدے کیے تھے انہیں فوری پورا کرے،” اکرام اللہ نے مطالبہ کیا۔

متاثرین کون ہیں؟

حملے میں نشانہ بننے والے آٹھ نوجوانوں کی عمریں اٹھارہ سے تیس سال کے درمیان ہیں۔ ان میں عثمان خان، محمد ولی، اکرام اللہ، ذاکراللہ، سمیع اللہ، عابداللہ، حمیداللہ اور عبدالرحیم شامل ہیں۔

تحریکِ متاثرینِ تیراہ کے ترجمان صبحت خان آفریدی نے بتایا کہ گزشتہ دو سالوں میں مختلف واقعات میں پانچ سو کے قریب افراد زخمی ہوئے یا جاں بحق ہوئے لیکن حکومتی سطح پر کوئی عملی اقدام نہیں کیا گیا۔ “یہ آٹھ نوجوان تیرہ نومبر کے ڈرون حملے کا نشانہ بنے، کئی مہینے گزر گئے لیکن نہ علاج ملا اور نہ مالی معاونت۔ اگر ان کے مسائل فوری حل نہ کیے گئے تو احتجاجی دھرنا ڈپٹی کمشنر کے دفتر کے باہر نہیں بلکہ ان کے گھر کے سامنے دیا جائے گا،” انہوں نے متنبہ کیا۔

حکومتی موقف

ضلع خیبر کے رکنِ قومی اسمبلی اقبال آفریدی نے بتایا کہ وہ ان متاثرین کے علاج اور مالی معاونت کے لیے وزیر علی سہیل آفریدی سے رابطے میں ہیں اور جواب ملتے ہی اقدامات کیے جائیں گے۔ رکنِ صوبائی اسمبلی عبدالغنی آفریدی سے براہِ راست رابطہ نہ ہو سکا تاہم ان کے ترجمان سید نواب نے کہا کہ “تمام متاثرین کی مالی معاونت کے دستاویزات جمع کر لیے گئے ہیں اور جلد عملدرآمد ہو گا۔ پہلے دن سے سرکاری سطح پر مفت علاج کا وعدہ کیا گیا تھا اور جب بھی یہ لوگ چاہیں، ان کا مفت علاج شروع کر دیا جائے گا۔”

وادی تیراہ سے بے گھر ہونے والے خاندانوں کے اندراج کے سرکاری مراکز گزشتہ کئی دنوں سے بند ہیں اور ان کا اندراج علاقے کی چوبیس رکنی کمیٹی کی تصدیق کے بعد کیا جا رہا ہے۔ متاثرین اور ان کے اہلِ خانہ کا کہنا ہے کہ حکومت کے وعدے الفاظ تک محدود رہے ہیں اور عملی مدد کا اب بھی انتظار ہے۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here