15 فروری 2026
رپورٹ: اسلام گل
باڑہ: ایک ماہ سے زائد عرصہ گزرنے کے باوجود وادی تیراہ سے بے گھر ہونے والے خاندانوں کے مسائل میں کمی کی بجائے اضافہ ہو رہا ہے۔ حکومتی اقدامات اور سیاسی جماعتوں کی یقین دہانیوں کے باوجود متاثرہ خاندان شدید پریشانی کا شکار ہیں۔
متاثرین کی تحریک کا قیام
علاقے کے سیاسی اتحاد، اساتذہ یونین، ڈاکٹرز یونین، تاجر یونین، علماء کرام اور طلبہ نے مل کر “تحریک متاثرین وادی تیراہ” کے نام سے ایک الگ تنظیم بنائی ہے، جو گزشتہ چھ تاریخ سے باڑہ پریس کلب کے سامنے احتجاجی کیمپ لگائے ہوئے ہے۔
تحریک متاثرین کے ترجمان صبحت خان آفریدی نے وائس پی کے سے بات کرتے ہوئے کہا: “موجودہ وقت میں بے گھر خاندانوں کے مسائل حل کرنے کی جو بھی کوششیں کی جا رہی ہیں، ان سے بے گھر خاندان مطمئن نہیں ہیں، اور اسی بنیاد پر متاثرین نے ایک الگ تنظیم بنائی ہے۔”
جبری نقل مکانی کی وجوہات
صبحت خان آفریدی نے وادی سے بے گھر ہونے کی وجوہات بیان کرتے ہوئے کہا: “پچھلے دو سالوں سے علاقے میں شدید بدامنی، گھروں پر گولہ باری، پرامن احتجاج پر فائرنگ، اور تجارتی سرگرمیوں کا شدید متاثر ہونا وہ عوامل تھے جنہوں نے لوگوں کو وادی سے جبری نقل مکانی پر مجبور کر دیا۔”
انہوں نے مزید کہا: “نقل مکانی کے پہلے دن سے لے کر آج تک ہمارے مسائل کم ہونے کی بجائے نہ صرف ان میں اضافہ ہو رہا ہے بلکہ ان میں پیچیدگیاں بھی پیدا کی جا رہی ہیں۔”
رجسٹریشن اور امداد میں تبدیلیاں
تیراہ سے بے گھر خاندانوں کے اندراج اور کرائے کے مد میں دی جانے والی سہولیات کے حوالے سے پلان میں اب تک بارہ سے زائد تبدیلیاں کی جا چکی ہیں۔ نو فروری کو کرائے کے مد میں نقد رقم دینے کا سلسلہ بند کر کے دیگر مالی معاونت کے ساتھ سم کارڈ پر دینے کا فیصلہ کیا گیا۔
ضلعی حکام کی جانب سے جاری اعلامیہ میں کہا گیا کہ پشاور میں ڈپٹی کمشنر خیبر کے دفتر میں تصدیق کے لیے مرکز قائم کیا گیا ہے۔ حکومت کے اس فیصلے کے خلاف مظاہرین نے پہلے نقد مرکز کے سامنے اور بعد میں باڑہ بازار میں خیبر چوک کو احتجاجاً بند کر دیا۔
مظاہرین کے نمائندوں اور ضلعی حکام کے درمیان مذاکرات کے بعد اتفاق کیا گیا کہ دو دن بعد کرائے اور دیگر مالی معاونت کی فراہمی سم کے ذریعے شروع کر دی جائے گی۔
رجسٹریشن کی صورتحال
ضلعی حکام کے مطابق اب تک چھتیس ہزار سے زائد خاندانوں کو اندراج کے لیے ٹوکن جاری کیے جا چکے ہیں، جن میں سے 26,926 خاندانوں کا اندراج مکمل ہو چکا ہے۔ ان میں سے 70 فیصد کو کرائے کے مد میں نقد رقم دی گئی ہے۔
ضلعی حکام کے مطابق تمام رجسٹرڈ خاندانوں کی تصدیق کے لیے ستر رکنی ٹیم کام کر رہی ہے۔ پہلے مرحلے میں ان لوگوں کو معاہدے کے مطابق تمام مراعات دی جائیں گی جن کی تصدیق پولیو ڈیٹا سے مکمل کر لی جائے گی۔
مالی معاونت میں کمی کا معاملہ
ذرائع کے مطابق خاندانوں کو سم کے ذریعے دو لاکھ پچاس ہزار روپے کی بجائے دو لاکھ چالیس ہزار روپے مل رہے ہیں۔ دس ہزار روپے کی کمی کے حوالے سے ضلعی حکام سے رابطے کی کوششوں کے باوجود کوئی جواب نہیں ملا۔
تاہم متعلقہ بینک کے ایک عہدیدار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ انہیں ضلعی حکام کی جانب سے دو لاکھ چالیس ہزار روپے بھیجنے کے احکامات جاری کیے گئے ہیں۔
ضلعی حکام تصدیق کے دوسرے مرحلے میں ان کے اندراج کا جائزہ لیں گے جن کی معلومات پولیو ریکارڈ میں موجود نہیں ہیں، تاہم وہ تیراہ کے مستقل رہائشی ہیں۔ ان لوگوں کی تصدیق مقامی عمائدین اور ضلعی حکام کریں گے۔
پولیو ڈیٹا پر تنقید
صبحت خان آفریدی نے کہا: “تیراہ سے بے گھر لوگوں کو سب سے بڑا مسئلہ اندراج میں درپیش ہے اور شروع کے دن سے لے کر اب تک ضلعی حکام نے ان کے لیے کوئی مؤثر نظام متعارف نہیں کرایا جس سے ان لوگوں کے مسائل کم ہو سکیں۔”
انہوں نے پولیو ڈیٹا کی بنیاد پر رجسٹریشن کے طریقہ کار پر تنقید کرتے ہوئے کہا: “پولیو ڈیٹا کو بنیاد بنا کر بے گھر خاندانوں کا اندراج کرنا ذہنی تشدد ہے۔ مقامی عمائدین کی تصدیق کے بعد ہر ایک خاندان کو متاثرہ قرار دیا جائے۔”
صبحت خان آفریدی نے کہا: “ہمارے مسائل کے حل کے لیے سیاسی جماعتیں اور منتخب نمائندے سنجیدہ نہیں ہیں۔”
عوامی نیشنل پارٹی کا احتجاج اور افراتفری
گزشتہ روز تیراہ متاثرین کے حقوق کے حوالے سے عوامی نیشنل پارٹی کی جانب سے باڑہ کے خیبر چوک میں احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ تاہم پاکستان تحریک انصاف کا جھنڈا لے کر کچھ لوگوں کے اس احتجاج میں داخل ہونے کے بعد افراتفری کی صورتحال بن گئی۔ بعد میں پولیس کی ہوائی فائرنگ سے تمام مظاہرین کو منتشر کر کے چوک خالی کرا دیا گیا۔
متاثرین کے مطالبات
تحریک متاثرین وادی تیراہ کی جانب سے کئی مطالبات پیش کیے گئے ہیں:
– چوبیس رکنی کمیٹی کے ساتھ طے شدہ معاہدے کو منظر عام پر لایا جائے
– فوری طور پر رجسٹریشن کا عمل مکمل کیا جائے
– رجسٹریشن عملے کی تعداد میں اضافہ کیا جائے
– وادی تیراہ میں گھروں، باغات، زرعی زمینوں اور تجارتی مراکز کے ساتھ ترقیاتی منصوبوں کی حفاظت یقینی بنائی جائے
– جاری منصوبوں اور سیکیورٹی چیک پوسٹوں کی تعمیر کے لیے مقامی لوگوں کی زمینیں استعمال نہ کی جائیں
وادی میں مکانات کو آگ لگانے کے واقعات
وادی تیراہ سے موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق نامعلوم افراد کی جانب سے کئی مکانات کو آگ لگا کر جلایا گیا ہے۔
پیر کے دن سے دوبارہ رجسٹریشن کے پانچ مراکز میں اندراج کا عمل شروع ہو گا یا نہیں، اس حوالے سے ابھی تک ضلعی حکام کی جانب سے کوئی فیصلہ نہیں ہوا۔ تاہم مقامی لوگوں کا دعویٰ ہے کہ اب بھی بڑی تعداد میں متاثرہ خاندانوں کا اندراج نہیں ہو سکا ہے۔