17 فروری 2026
رپورٹ: اسلام گل
خیبر: تحصیل باڑہ کے دور افتادہ علاقے نوئے کمر میں ملک دین قبیلے کے لیے قائم اندراج مرکز کے بڑے دروازے کے باہر صبح سے ہی لوگوں کا ہجوم جمع ہے۔ تاہم ہجوم میں موجود خصوصی افراد کے چہروں پر تھکن اور بے بسی کے آثار نمایاں ہیں۔ مقامی عمائدین کی کمیٹی کے ارکان لوگوں کو قطاروں میں کھڑا کرنے کی ہدایات دے رہے ہیں، لیکن خصوصی افراد کو یہ کہہ کر واپس کیا جا رہا ہے کہ اُن کے نام پہلے سے تیار کردہ فہرستوں میں موجود نہیں۔ یہ وادی تیراہ سے بے گھر ہونے والے معذور افراد کے ساتھ روزانہ کی کہانی ہے — کئی بار لمبا سفر، لمبا انتظار اور پھر بھی خالی ہاتھ واپسی۔
“دو دفعہ آیا، دو دفعہ خالی ہاتھ لوٹا”
نائب خان وادی تیراہ سے بے گھر ہو کر نوشہرہ میں اپنے بھائی کے گھر عارضی قیام پذیر ہیں۔ اندراج اور اس کی بنیاد پر ملنے والی مالی معاونت کے لیے وہ دوسری مرتبہ مرکز پہنچے ہیں، مگر نتیجہ پہلے جیسا ہی ہے۔ “ڈیڑھ ہفتہ پہلے تیراہ سے نکلا تھا۔ دو دفعہ طویل اور مشکل سفر طے کر کے یہاں اندراج کے لیے آیا، لیکن دونوں مرتبہ قطار میں گھنٹوں کھڑے رہنے کے بعد دفتری وقت ختم ہونے پر بغیر اندراج کے واپس جانا پڑا۔ ہم خصوصی افراد کو بھی عام لوگوں کے ساتھ قطاروں میں کھڑے ہو کر انتظار کرنا پڑتا ہے، جو ہمارے لیے انتہائی مشکل ہے۔”
ساٹھ سالہ عمر شاہ رکشے سے اتر کر انتہائی مشکل سے دو لاٹھیوں کے سہارے اندراج مرکز کی طرف بڑھ رہے ہیں۔ یہ اُن کی پانچویں کوشش ہے — اس سے پہلے چار بار آ کر خالی ہاتھ لوٹ چکے ہیں۔ “کبھی کہتے ہیں شناختی کارڈ میں تبدیلی کراؤ، کبھی کہتے ہیں عمر زیادہ ہے۔ عام لوگوں کے ساتھ قطاروں میں کھڑے ہو کر گھنٹوں انتظار کرنا پڑتا ہے۔ کوئی ایسا انتظام نہیں جو ہم جیسے خصوصی افراد کی مشکل کم کر سکے۔”
یہاں موجود تمام خصوصی افراد کے شناختی کارڈز میں وادی تیراہ کا پتہ درج ہے، تاہم مناسب رہنمائی اور سہولیات کی عدم دستیابی کے باعث اُن کا اندراج نہیں کیا جا رہا۔ اس مسئلے پر حکام سے بات کرنے کے لیے جب ہم مرکز کے اندر جانے کی کوشش کی تو طویل انتظار کے بعد اجازت ملی۔ حکام نے خود اعتراف کیا کہ خصوصی افراد اور بزرگ شہریوں کے لیے کوئی الگ انتظام موجود نہیں۔
نقل مکانی میں دو بچوں کی موت، حکومت خاموش
وادی تیراہ کے خصوصی افراد کے حقوق کے لیے کام کرنے والی تنظیم کے صدر خیر محمد آفریدی کے مطابق نادرا نے وادی میں صرف پانچ خصوصی افراد کو کارڈ جاری کیے ہیں، جبکہ باقی ابھی تک اس سہولت سے محروم ہیں۔
“نقل مکانی کے دوران شدید سردی سے دو خصوصی بچوں کی موت واقع ہو چکی ہے، مگر حکومت کی طرف سے لواحقین کی کوئی مدد نہیں کی گئی۔ بے گھر افراد میں خصوصی لوگوں کے مسائل کئی گنا زیادہ ہیں۔ میں صوبائی حکومت اور مخیر حضرات سے اپیل کرتا ہوں کہ اِن لوگوں کی مدد کے لیے فوری اقدامات کریں۔”
اندراج کا عمل اور فنڈز کی تقسیم
ضلعی حکام کے مطابق گزشتہ سال دس نومبر کو وادی تیراہ سے مقامی آبادی کا انخلاء شروع ہوا۔ پائینہ چینہ کے مقام پر باقاعدہ اندراج کا آغاز رواں سال چھ جنوری کو ہوا جو تاحال جاری ہے۔ اب تک ۳۷ ہزار ٹوکن جاری کیے جا چکے ہیں اور ساڑھے چھبیس ہزار خاندانوں کا اندراج مکمل ہوا ہے، جن میں سے ستر فیصد نے ٹرانسپورٹ کے لیے نقد رقم وصول کر لی ہے۔
تصدیق شدہ خاندانوں کو مالی معاونت کے طور پر مقررہ دو لاکھ پچاس ہزار کی بجائے دو لاکھ چالیس ہزار روپے جاری کیے جا رہے ہیں۔ دس ہزار روپے کی کمی کے بارے میں ایک نجی بینک کے عہدیدار نے وضاحت کی کہ رقم ضلعی حکام کی ہدایت پر جاری کی جاتی ہے اور بینک کوئی کٹوتی نہیں کر رہا۔
صوبائی حکومت نے پی ڈی ایم اے کو تیراہ سے بے گھر خاندانوں کی مالی معاونت کے لیے چار ارب روپے جاری کیے ہیں، جن میں سے ابھی تک تقریباً ایک ارب روپے خرچ ہو چکے ہیں۔
ضلع خیبر میں ۱۵ ہزار خصوصی افراد
محکمہ سماجی بہبود کے فراہم کردہ اعداد و شمار کے مطابق ضم اضلاع میں ۴۷ ہزار خصوصی افراد کی رجسٹریشن محکمے کے پاس موجود ہے، جن میں سب سے زیادہ تعداد ضلع خیبر سے ۱۵ ہزار ہے۔ محکمے کا کہنا ہے کہ ملک کے دیگر حصوں میں خصوصی افراد کی شرح دس فیصد ہے جبکہ بدامنی کے باعث ضم قبائلی اضلاع میں یہ تعداد پندرہ فیصد تک پہنچ چکی ہے۔
اندراج کے عمل اور فنڈز کی تقسیم میں شفافیت کے معاملے پر مقامی سیاسی جماعتیں حکمران جماعت پاکستان تحریک انصاف پر شدید تنقید کر رہی ہیں۔ اس سلسلے میں عوامی نیشنل پارٹی ڈپٹی کمشنر خیبر کے دفتر کے سامنے احتجاجی مظاہرہ بھی کر چکی ہے۔ تاہم تیراہ سے بے گھر خصوصی افراد کے مسائل کے حل کے بارے میں محکمہ سماجی بہبود کے حکام سے متعدد بار رابطہ کیا گیا لیکن کوئی جواب نہیں ملا۔
وادی تیراہ کے ہزاروں بے گھر افراد کی داستان ابھی ختم نہیں ہوئی۔ عام خاندانوں کو جن مسائل کا سامنا ہے، وہ خصوصی افراد کے لیے کئی گنا بڑھ جاتے ہیں — چلنا مشکل، قطار میں کھڑا ہونا ناممکن، اور سرکاری نظام میں اُن کی مشکلات کا کوئی باقاعدہ نوٹس لینے والا نہیں۔ جب تک مخصوص سہولیات نہیں دی جاتیں اور الگ ون ونڈو بندوبست نہیں ہوتا، یہ لوگ اندراج مرکز سے خالی ہاتھ ہی لوٹتے رہیں گے۔