4 مارچ 2026

 سٹاف رپورٹ


اسلام آباد

وزیر اعظم کے مشیر برائے سیاسی امور سینیٹر رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ پاکستان دفاعی معاہدے کے تحت سعودی عرب کی تمام توقعات پر پورا اترے گا، تاہم پاکستان کی خواہش ہے کہ خطے میں حالات بہتر ہوں۔

آج نیوز کے پروگرام سپاٹ لائٹ میں میزبان منیزے جہانگیر سے گفتگو کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ نے کہا کہ اگر پاکستان نے سعودیہ کی جانب سے ایران کو گارنٹی دی ہے تو ایران کو چاہیے کہ اس پر اعتماد کرے اور سعودی عرب پر حملے نہ کرے۔

واضح رہے کہ سینیٹ میں اس جنگ کے حوالے سے تقریر کرتے ہوئے نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا تھا کہ جنگ شروع ہونے کے بعد پاکستان نے ایران کو یہ باور کرایا کہ پاکستان اور سعودی عرب دفاعی معاہدے میں شامل ہیں۔ اس پر ایران نے پاکستان سے گارنٹی مانگی تھی کہ سعودی عرب کی سرزمین ایران کے خلاف استعمال نہیں ہوگی، جو گارنٹی پاکستان نے سعودی عرب سےلے کر دی، اور اسی وجہ سے سعودی عرب کے خلاف کارروائیاں محدود رہیں۔

میزبان منیزے جہانگیر کے سوال پر کہ اگر سعودی عرب ایران پر جوابی حملہ کرتا ہے تو پاکستان کا کردار کیا ہوگا، رانا ثنا اللہ نے کہا کہ پاکستان معاہدے کا پابند ہے اور اگر سعودی عرب پر حملہ ہوتا ہے تو پاکستان اس کے دفاع کے لیے تیار ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ سر زمینِ حرمین شریفین کے تحفظ کے لیے ہم اپنی جانیں بھی قربان کرنے کو تیار ہیں۔

ایران، امریکا اور اسرائیل کے درمیان جنگ کے مزید پھیلنے سے متعلق سوال پر رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ پاکستان اس تنازع کو ٹھنڈا کرنے کی کوشش کرے گا اور یہ جنگ پھیلے گی نہیں بلکہ یہ جنگ ایران اور اس کے ازلی دشمن اسرائیل کے درمیان ہی ہوگی اور ایران کا پورا فوکس اس کے دشمن پر ہی ہوگا۔

انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان کی طرف کوئی میلی آنکھ سے نہیں دیکھ سکتا، اور جو لوگ یہ کہہ رہے ہیں کہ اگلی باری پاکستان کی ہے، وہ بزدل اور منافق ہیں۔

افغانستان کے ساتھ جاری کشیدگی پر بات کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ نے کہا کہ جو عناصر افغانستان میں بیٹھ کر پاکستان میں دہشت گردی کر رہے ہیں، انہیں انجام تک پہنچایا جائے گا، اور یہ کارروائیاں اس وقت تک جاری رہیں گی جب تک یہ عناصر ختم نہیں ہو جاتے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان کسی ملک میں رجیم چینج نہیں کرنا چاہتا لیکن وہاں کی رجیم درندہ صفت ہے، اس لئے وہاں کے لوگ اس کے خلاف جد وجہد کر سکتے ہیں۔

تحریک انصاف کی جانب سے افغانستان سے جھڑپوں پر تنقید کے جواب میں انہوں نے کہا کہ قوم اس بات پر متفق ہے کہ دہشت گردوں سے کوئی مذاکرات نہیں ہونے چاہئیں لیکن اگر تحریک انصاف گمراہی کا شکار ہے تو اس کو قوم تسلیم نہیں کر سکتی۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here