9 مارچ 2026
رپورٹ : اعتزاز ابراہیم
لاہور
منڈی بہاؤالدین میں واقع انمول ہسپتال میں 16 سالہ لڑکی کے ساتھ مبینہ جنسی زیادتی کا واقعہ پیش آیا۔ متاثرہ لڑکی کی والدہ کی مدعیت میں تھانہ سول لائنز میں مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ مقدمہ پاکستان پینل کوڈ کی دفعہ 376 (3) اور دفعہ 114 کے تحت درج کیا گیا ہے، اور ملزمان کی گرفتاری کے لیے کارروائی جاری ہے۔
ایف آئی آر کے مطابق متاثرہ لڑکی 5 مارچ کو اپنی خالہ اور خالو کے ہمراہ نجی ہسپتال انمول میں دوا لینے گئی ۔ ایف آئی آر میں بیان کیا گیا کہ لڑکی واش روم گئی اور کافی دیر تک واپس نہ آئی، جس پر اہل خانہ کو شدید تشویش ہوئی۔ لڑکی کی خالہ نے ہسپتال میں تلاش شروع کی، جس کے دوران ایک کمرے سے چیخوں کی آوازیں سنائی دیں۔
ایف آئی آر کے مطابق خالہ نے دروازہ کھٹکھٹایا، تاہم اندر سے کسی نے جواب نہیں دیا۔ بعد ازاں دروازے کو زور لگا کر کھولا گیا تو اندر ایک نامعلوم شخص موجود تھا، جس نے مبینہ طور پر لڑکی کے ساتھ جنسی زیادتی کی اور دھکے دے کر وہاں سے فرار ہو گیا۔ مدعیہ کے مطابق ہسپتال کے باہر ملزم کے دو مسلح ساتھی بھی موجود تھے، جنہوں نے ملزم کو گاڑی میں بٹھا کر وہاں سے لے گئے۔
واقعے کے بعد متاثرہ لڑکی کی والدہ نے پولیس سے رابطہ کیا اور تھانہ سول لائنز میں شکایت درج کروائی۔ پولیس نے مقدمہ درج کر کے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ پولیس کے مطابق مختلف مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں تاکہ ملزمان کو جلد گرفتار کیا جا سکے۔
تھانہ سول لائنز کے پولیس اہلکار گل خان نے وائس پی کے سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ متاثرہ لڑکی کے ڈی این اے سمیت دیگر ضروری نمونے حاصل کر لیے گئے ہیں اور انہیں فرانزک تجزیے کے لیے بھجوا دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ فرانزک رپورٹ موصول ہونے کے بعد واقعے سے متعلق مزید حقائق سامنے آئیں گے، جس سے واقعے کے تمام پہلو واضح ہو جائیں گے۔
سال 2025 کے پہلے نصف سال کے دوران پاکستان میں بچوں کے خلاف جنسی استحصال اور بدسلوکی کے واقعات میں تشویشناک اضافہ سامنے آیا ہے۔ غیر سرکاری تنظیم ساحل کی رپورٹ کے مطابق جنوری تا جون 2025 کے دوران ملک بھر میں 1,956 بچوں کے خلاف تشدد کے کیسز رپورٹ ہوئے، جن میں سے 950 واقعات جنسی زیادتی و استحصال کے تھے، جبکہ 605 اغوا اور 192 لاپتا بچوں کے مقدمات رپورٹ ہوئے۔ اس عرصے میں 34 کم عمر بچوں کی شادی یا ونی کے واقعات بھی درج کیے گئے اور 62 نومولود بچوں کو یا تو زندہ چھوڑا گیا یا مردہ پایا گیا۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ متاثرہ بچوں میں 52 فیصد لڑکیاں، 44 فیصد لڑکے اور باقی نومولود بچّے تھے، اور 11 تا 15 سال کی عمر کے بچوں میں سب سے زیادہ واقعات سامنے آئے۔
ساحل کی رپورٹ میں مزید نشاندہی کی گئی ہے کہ اکثر کیسز میں مجرم متاثرہ بچوں کے جاننے والے تھے اور 72 فیصد کیسز پنجاب سے رپورٹ ہوئے، جب کہ 22 فیصد سندھ سے اور باقی 6 فیصد دیگر علاقوں سے آئے۔ رپورٹ کے مطابق 83 فیصد متاثرین یا ان کے اہل خانہ نے پولیس سے رابطہ کیا، تاہم کچھ کیسز رجسٹر نہ ہوئے یا پولیس نے رپورٹ درج کرنے سے انکار کیا گیا۔