10 مارچ 2026

رپورٹ: حفیظ اللہ ستوری شیرانی


اسلام آباد: گزشتہ روز اسلام آباد میں عورت مارچ تنظیم کے زیر اہتمام منعقد پرامن اجتماع اور ریلی کے شرکاء کو پولیس نے بڑی تعداد میں گرفتار کیا تھا، یہ واقعہ اس دن پیش آیا جب خواتین حقوق کی تنظیم نے بین الاقوامی یوم خواتین پر پرامن احتجاج کا اہتمام کیا تھا۔

عورت مارچ تنظیم کے مطابق، منتظمین، شرکاء اور وہاں کوریج کرنے والی خواتین صحافیوں سمیت کل 86 افراد گرفتار ہوئے، جن میں اکثریت خواتین کی تھی۔ گرفتار ہونے والوں میں خواتین حقوق کی کارکن ڈاکٹر فرزانہ باری اور دیگر اہم سیاسی اور سوشل ایکٹیویسٹ شامل تھے۔

پولیس کے مطابق تمام گرفتار افراد کو ضروری کاروائی کے بعد رہا کر دیا گیا ہے۔

ڈاکٹر فرزانہ باری نے وائس پی کے سے بات کرتے ہوئے الزام لگایا کہ

“افسوس اس بات کی ہے کہ زیادہ تر مرد پولیس اہلکاروں نے گرفتار خواتین کے ساتھ ناروا رویہ رکھا، ان پر تشدد کیا گیا، ان کو بالوں سے کھینچ کر گھسیٹا گیا، ہمارے موبائل ہم سے چھین لیے گئے، ہماری فیملی اور وکلا سے بات کرنے نہیں دیا گیا۔”

تنظیم نے الزام لگایا کہ، گرفتار شدگان کو مختلف تھانوں میں منتقل کیا گیا، جہاں ان کے موبائل فون ضبط کر لیے گئے اور فیملی یا وکلاء سے رابطے کی اجازت نہیں دی گئی۔ عورت مارچ تنظیم کا کہنا ہے کہ یہ گرفتاریاں اور رویہ نہ صرف انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے بلکہ پرامن اظہار رائے کو دبانے کی کوشش بھی ہے۔

پولیس نے ان اقدامات کو سیکشن 144 کے تحت قانونی جواز قرار دیا، جو عوامی اجتماعات، جلوسوں اور مظاہروں پر عارضی پابندی عائد کرتی ہے۔ اسلام آباد پولیس کے ترجمان محمد جواد نے الزامات کی تردید کرتے ہوئے کہا:

“الزامات تو الزامات ہی ہوتے ہیں، جب یہ لوگ عدالت جائیں گے تو ان الزامات کا جواب عدالت میں ہی دیں گے، فی الحال کچھ نہیں کہہ سکتے۔”

ڈاکٹر فرزانہ باری نے مزید کہا کہ

“اس طرح کے عمل سے حکومت ہماری تنظیم کو کمزور کرنا چاہتی ہے مگر ہماری تنظیم اس سے بھی زیادہ انسانی حقوق اور اظہار رائے کی بات کرتی رہے گی اور اپنے موقف سے پیچھے نہیں ہٹے گی۔”

انہوں نے کہا کہ

“اظہار رائے اور پرامن اجتماع کا آئینی اور قانونی حق چھینا گیا ہے، اس لیے عورت مارچ نے فیصلہ کیا ہے کہ ہم عدالت جائیں گی اور حق کی جنگ لڑیں گی۔ ہم نے وکلا سے بات کی ہے اور امید ہے دو دنوں تک ہم عدالت میں درخواست جمع کرائیں گے۔”

یہ واقعہ پرامن احتجاج کے باوجود پولیس کی سخت کارروائی کی وجہ سے شدید تنقید کا نشانہ بنا ہے۔ انسانی حقوق کمیشن آف پاکستان، سمیت متعدد انسانی حقوق کی تنظیموں اور ایکٹیویسٹس نے گرفتاریوں کی مذمت کی ہے اور اس طرح کے اقدامات کو ناقابل قبول قرار دیا ہے۔

عورت مارچ کے منتظمین کا کہنا ہے کہ وہ اس ناانصافی کے خلاف تمام دستیاب قانونی اور آئینی ذرائع اس لئے بھی استعمال کریں گے تاکہ آئندہ خواتین کے حقوق اور آزادی اظہار رائے کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here