04 مارچ 2026

رپورٹ : اعتزاز ابراہیم


کوئٹہ میں غیرت کے نام پر میاں بیوی اور ان کے ایک سالہ بیٹے کو مبینہ طور پر فائرنگ کر کے قتل کر دیا گیا۔ پولیس کے مطابق واقعے کا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے جبکہ نامزد ملزمان کی گرفتاری کے لیے کارروائی جاری ہے۔

واقعہ کوئٹہ کے علاقے صدام پھاٹک میں پیش آیا۔ مقتولین کی شناخت محمد یعقوب، ان کی اہلیہ سکینہ اور ان کے ایک سالہ بیٹے شایان کے نام سے ہوئی ہے۔ مقتول محمد یعقوب اور سکینہ نے تین سال قبل پسند کی شادی کی تھی اور ان کے دو بچے تھے۔

واقعے کی ایف آئی آر کوئٹہ کے تھانہ شہید منظور ترین میں مقتول کے کزن رحمت اللہ کی مدعیت میں درج کی گئی ہے۔ ایف آئی آر میں تعزیراتِ پاکستان کی دفعہ 302 (قتل عمد) اور دفعہ 34 (مشترکہ ارادہ) شامل کی گئی ہیں۔

ایف آئی آر کے متن کے مطابق مدعی رحمت اللہ نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ دو مارچ کو صبح تقریباً گیارہ بجے انہیں پولیس کی جانب سے اطلاع دی گئی کہ ان کے چچا زاد بھائی محمد یعقوب، ان کی اہلیہ سکینہ اور ان کے ایک سالہ بیٹے شایان کو سکینہ کے بھائیوں نے صدام پھاٹک کے مقام پر فائرنگ کر کے قتل کر دیا ہے۔

ایف آئی آر میں درج بیان کے مطابق قتل کی وجہ پسند کی شادی کو قرار دیا گیا ہے۔ مدعی کے مطابق محمد یعقوب اور سکینہ نے تین سال قبل اپنی مرضی سے شادی کی تھی جس پر لڑکی کے اہل خانہ ناراض تھے۔ ایف آئی آر میں یہ بھی ذکر کیا گیا ہے کہ اس معاملے پر اس سے قبل بھی فریقین کے درمیان جھگڑے ہو چکے تھے۔

ایف آئی آر میں مزید انکشاف کیا گیا ہے کہ اس سے قبل بھی مقتولہ کے بھائیوں پر محمد یعقوب کے بڑے بھائی محمد یونس کے قتل کا الزام ہے۔ مدعی کے مطابق محمد یونس کو اگست 2025 میں قتل کیا گیا تھا اور اس حوالے سے مقدمہ تھانہ نوشکی میں درج ہے۔

کیس کے مدعی رحمت اللہ نے وائس پی کے سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ مقتولہ کے بھائیوں ارشاد، غفار اور رشید نے ان کے کزن محمد یعقوب کو فون کر کے اپنے پاس بلایا اور کہا کہ وہ ضروری بات کرنا چاہتے ہیں اور مسئلہ حل کرنا چاہتے ہیں۔ مدعی کے مطابق محمد یعقوب اپنی اہلیہ اور ایک سالہ بیٹے کے ہمراہ ان کے پاس گئے جہاں انہیں فائرنگ کر کے قتل کر دیا گیا۔

رحمت اللہ نے مزید بتایا کہ محمد یعقوب نے تین سال قبل اپنی مرضی سے خفیہ طور پر شادی کی تھی جس پر لڑکی کے گھر والے ناراض تھے اور اسی وجہ سے تنازع جاری تھا۔ ان کے مطابق دونوں میاں بیوی اپنی جان کے خدشے کے پیش نظر مختلف مقامات پر رہائش اختیار کرتے رہے اور چھپ کر زندگی گزار رہے تھے۔ان کے دو بچے ہیں واقعہ والے دن وہ اپنے ایک بیٹے کو گھر چھوڑ کر گئے تھے۔

دوسری جانب تھانہ شہید منظور ترین کے ایک پولیس اہلکار نے وائس پی کے سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ واقعے کے بعد ملزمان جائے وقوعہ سے فرار ہو گئے تھے۔ پولیس نے مقدمہ درج کر کے ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپہ مار کارروائیاں شروع کر دی ہیں۔ اہلکار کے مطابق ملزمان کی تلاش جاری ہے اور انہیں جلد گرفتار کر لیا جائے گا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی مزید تفتیش جاری ہے اور تمام پہلوؤں کو مدنظر رکھتے ہوئے شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں۔ حکام کے مطابق قانونی کارروائی ضابطے کے مطابق آگے بڑھائی جائے گی۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here