25 مارچ 2025
رپورٹ: شوکت کورائ
میرپور خاص: سندھ کے ضلع میرپور خاص کی تحصیل کوٹ غلام محمد سے مبینہ طور پر اغوا ہونے والی لکشمی کولہی نے مقامی عدالت میں اپنا بیان ریکارڈ کرا دیا ہے، تاہم معاملہ ابھی تک پیچیدہ صورتحال اختیار کیے ہوئے ہے۔
لکشمی کولہی کے والدین کی جانب سے پیش ہونے والے وکیل مرتضیٰ ناریجو نے وائس پی کے سے گفتگو میں بتایا کہ عدالت میں بیان ریکارڈ کراتے ہوئے لڑکی نے کہا کہ اسے کسی نے اغوا نہیں کیا بلکہ اس نے اپنی مرضی سے شادی کی ہے۔ تاہم وکیل کا کہنا ہے کہ “حقائق اس کے برعکس ہیں۔ لکشمی کولہی کم عمر ہیں اور ان کے بی فارم کے مطابق ان کی عمر صرف بارہ برس ہے۔ سندھ میں رائج چائلڈ میرج ایکٹ کے تحت اس عمر میں شادی قانونی طور پر ممکن ہی نہیں۔”
انہوں نے مزید کہا کہ “جو بھی اس طرح کم عمر بچوں کی شادی میں ملوث ہوگا وہ سزا کا مستحق ہے — خواہ نکاح پڑھانے والا ہو، گواہ ہو یا خود شادی کرنے والا۔ اس کے علاوہ جو نکاح نامہ پیش کیا گیا ہے وہ غیر تصدیق شدہ ہے، جس سے صاف ظاہر ہوتا ہے کہ یہ نکاح سرے سے ہوا ہی نہیں۔”
عدالت نے نکاح نامے کی تصدیق اور عمر کے تعین کے لیے میڈیکل ٹیسٹ کرانے کا حکم دیتے ہوئے لکشمی کولہی کو گیارہ روز کے لیے شیلٹر ہوم بھیج دیا ہے۔ وکیل کا کہنا ہے کہ “بی فارم حتمی دستاویز ہے، لیکن عدالت نے اطمینان کے لیے میڈیکل ٹیسٹ کا حکم دیا ہے — ٹیسٹ میں لڑکی کی اصل عمر سامنے آ جائے گی۔”
دوسری جانب پولیس نے مقدمے میں نامزد چار ملزمان میں سے مرکزی ملزم پرویز مری کو گرفتار کر لیا ہے، جو اس وقت جسمانی ریمانڈ پر پولیس کی تحویل میں ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ آگے کی کارروائی عدالتی احکامات کے مطابق کی جائے گی۔
احتجاج کے بعد درج ہوا مقدمہ
یہ واقعہ اس تکلیف دہ سلسلے کا حصہ بتایا جا رہا ہے جس میں سندھ کے کمزور طبقوں، خاص طور پر ہندو برادری کی کم عمر بچیوں کو جبری طور پر مذہب تبدیل کروا کر شادیاں کرانے کے الزامات مسلسل سامنے آتے رہے ہیں۔
دراوڑ اتحاد کے مرکزی رہنما شیوا کچھی نے بتایا کہ پولیس ابتداء میں ایف آئی آر درج کرنے سے انکاری تھی۔ انہوں نے کہا: “جب لوگوں نے احتجاج کیا اور مرکزی سڑک بلاک کی تب جا کر پولیس نے مقدمہ درج کیا اور ملزم کو گرفتار کیا۔ ان بااثر لوگوں کو مقامی انتظامیہ کی پشت پناہی حاصل ہے، اس لیے وہ ان غریبوں کی مدد نہیں کرتے۔”
انہوں نے تبدیلیٔ مذہب کے طریقہ کار پر بھی سوال اٹھایا: “بچی کے ہاتھ میں قبولِ اسلام کی ایک سند تھما دی گئی۔ ریاست کو چاہیے کہ جو شخص اپنا مذہب تبدیل کرنا چاہے وہ کسی مجسٹریٹ کے سامنے پیش ہو۔ لیکن یہ لوگ ایسے افراد کے پاس چلے جاتے ہیں جن کا کوئی قانونی اختیار نہیں ہوتا اور وہ سند بنا کر دے دیتے ہیں — یہ بہت بڑی زیادتی ہے۔”
ماں کی پکار: ‘وہ ڈر کے مارے بیان دے رہی ہے’
لکشمی کولہی کی والدہ کا کہنا ہے کہ ان کی بچی کو زبردستی اغوا کیا گیا اور انہیں دھمکیاں بھی دی گئیں۔ انہوں نے کہا: “میں اس کی ماں ہوں — ماں سے زیادہ کون جانتا ہے اپنے بچے کی عمر؟ وہ کم عمر بچی ہے، اسے زبردستی اٹھایا گیا ہے، اور اب وہ ڈر کے مارے یہ بیان دے رہی ہے۔”
لکشمی کے والد رمیش کولہی نے بھی اپنی بے بسی کا اظہار کرتے ہوئے کہا: “ہم کمزور لوگ ہیں۔ ہماری اپنی برادری میں جو امیر لوگ ہیں وہ بھی ہماری مدد نہیں کرتے۔ ہمیں صرف اللہ کا سہارا ہے۔ ہم بس یہ چاہتے ہیں کہ ہماری بچی کے ساتھ انصاف ہو۔”
آگے کیا ہوگا؟
میرپور خاص میں لکشمی کولہی کے ابتدائی طبی معائنے کا عمل شروع ہو چکا ہے۔ ان ٹیسٹوں کی رپورٹس ہی اس پیچیدہ مقدمے میں عدالت کو کسی حتمی نتیجے تک پہنچنے میں مدد دیں گی۔ سندھ میں کم عمر ہندو بچیوں کے ساتھ اس نوعیت کے واقعات سامنے آتے رہتے ہیں، اور ہر بار انصاف کا سفر ان کمزور خاندانوں کے لیے انتہائی کٹھن ثابت ہوتا ہے۔