26 مارچ 2026

رپورٹ: محمد دانیال


پشاور: ضلع خیبر کی وادی تیراہ سے تعلق رکھنے والے درجنوں متاثرین اپنے گھروں، کاروبار اور مستقبل کی بحالی کے لیے سڑکوں پر نکلنے پر مجبور ہو گئے ہیں۔ پشاور پریس کلب کے سامنے وادی تیراہ کے متاثرین نے احتجاجی مظاہرہ کیا اور حکومت سے مطالبہ کیا انہیں نقل مکانی پر مناسب معاوضہ ادا کیا جائے۔

یہ لوگ محض مظاہرین نہیں، بلکہ ایک ایسے انسانی بحران کا چہرہ ہیں جو برسوں سے حل طلب ہے۔

تباہی کا آنکھوں دیکھا حال

کاشف الحق بھی انہی متاثرین میں شامل ہیں۔ وہ بتاتے ہیں کہ علاقے میں سکیورٹی آپریشنز اور مسلح جھڑپوں کے دوران رہائشی آبادیوں اور بازاروں پر مارٹر گولے گرنے لگے، جس سے بے پناہ جانی و مالی نقصان ہوا۔

“میری دکان پر بھی مارٹر گولہ گرا۔ میرے سمیت پندرہ دکانداروں کو کروڑوں روپے کا نقصان اٹھانا پڑا۔ جن کا دو دو کروڑ روپے کا نقصان ہوا، انہیں محض دس لاکھ روپے دیے گئے۔ یہ سراسر ناانصافی ہے۔ میرے پانچ بچے ہیں، اب ان کی کفالت کیسے کروں؟” وہ سوال کرتے ہیں۔

نقل مکانی: وعدے اور تلخ حقیقت

متاثرین کے مطابق چوبیس رکنی کمیٹی نے انہیں نقل مکانی کے دوران بھرپور سہولیات فراہم کرنے اور جلد از جلد واپسی کی یقین دہانی کرائی تھی، مگر زمینی حقائق اس کے برعکس نکلے۔

واحد گل کہتے ہیں کہ نقل مکانی کے سفر میں نہ صرف کرائے کی ادائیگی میں رکاوٹیں آئیں بلکہ خواتین اور بچوں کو بھی راستے میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ “جن خاندانوں کا جانی نقصان ہوا، انہیں ابھی تک معاوضہ نہیں ملا۔ دو لاکھ روپے دینے کا وعدہ کیا گیا تھا، وہ بھی پورا نہ ہوا۔ ستر فیصد متاثرین ابھی تک رجسٹرڈ ہی نہیں ہیں۔”

بہادر خیل کے گھر مکمل طور پر تباہ ہو چکے ہیں۔ وہ کہتے ہیں کہ بے گھر ہو کر انتہائی کسمپرسی میں دن گزارنا پڑ رہا ہے۔ “ہمیں ہمارے حقوق دیے جائیں اور باعزت طریقے سے اپنے علاقوں میں واپس بھیجا جائے۔”

وادی تیراہ: دو دہائیوں کا درد

وادی تیراہ، جو کبھی خیبر کے خوبصورت اور زرخیز علاقوں میں شمار ہوتی تھی، گزشتہ دو دہائیوں سے دہشت گردی، عسکریت پسندی اور سکیورٹی آپریشنز کا مرکز بنی رہی ہے۔ مختلف شدت پسند گروہوں کی موجودگی اور ان کے خلاف فوجی کارروائیوں نے نہ صرف امن و امان کو تہہ و بالا کیا بلکہ ہزاروں خاندانوں کو گھر بار چھوڑنے پر مجبور کر دیا۔

حالیہ مہینوں میں سکیورٹی صورتحال ایک بار پھر بگڑی اور کئی علاقوں سے لوگوں کو نقل مکانی کرنا پڑی، جس دوران گھروں، بازاروں اور بنیادی ڈھانچے کو ناقابلِ تلافی نقصان پہنچا۔

پشاور ہائی کورٹ سے رجوع

متاثرین نے انصاف کے لیے صرف سڑکوں پر آواز نہیں اٹھائی بلکہ پشاور ہائی کورٹ سے بھی رجوع کیا۔ دائر درخواستوں میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ متاثرین کو مکمل معاوضہ ادا نہیں کیا گیا اور حکومتی وعدے پورے نہیں کیے گئے۔

ابتدائی سماعت میں عدالت نے حکام کو ہدایت کی کہ نقصانات کے تناسب سے معاوضے کی ادائیگی یقینی بنائی جائے اور متاثرین کی بحالی کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں۔ تاہم متاثرین کا کہنا ہے کہ عدالتی احکامات کے باوجود عملی پیش رفت انتہائی سست ہے۔

سیاسی دباؤ اور سرکاری دعوے

ضلع خیبر سے رکنِ قومی اسمبلی اقبال آفریدی کا کہنا ہے کہ حکومت نے نقل مکانی کے وقت عوام سے کیے گئے وعدے پورے نہیں کیے۔ “لوگوں کو بے گھر تو کر دیا گیا مگر معاوضے نہیں دیے گئے۔ اگر مطالبات تسلیم نہ کیے گئے تو ہم دھرنے پر مجبور ہوں گے۔”

دوسری جانب خیبرپختونخوا حکومت کے ترجمان کا دعویٰ ہے کہ وادی تیراہ کے متاثرین کے لیے فنڈز جاری کیے جا چکے ہیں اور عارضی کیمپس سمیت بنیادی سہولیات فراہم کی گئی ہیں۔ تاہم متاثرین ان دعوؤں کو ناکافی قرار دیتے ہیں اور کہتے ہیں کہ زمینی سطح پر انہیں وہ سہولیات اور امداد نہیں ملی جس کا وعدہ کیا گیا تھا۔

واپسی یا بے یقینی؟

تیراہ کے متاثرین اس وقت ایک ایسے دوراہے پر کھڑے ہیں جہاں نہ واپسی ممکن نظر آتی ہے اور نہ موجودہ زندگی قابلِ برداشت۔ وہ پوچھتے ہیں کہ اگر واپس بھی جائیں تو تباہ شدہ گھروں اور اجڑے بازاروں میں نئے سرے سے زندگی کیسے شروع کریں؟

پشاور کی سڑکوں پر گونجتی یہ آوازیں محض معاوضے کا مطالبہ نہیں، بلکہ عزت کے ساتھ جینے کے بنیادی حق کی صدا ہیں۔ جب تک یہ مطالبات پورے نہیں ہوتے، تیراہ کے یہ بے گھر لوگ انصاف کے دروازے کھٹکھٹاتے رہیں گے۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here