27 مارچ 2027

رپورٹ : اعتزاز ابراہیم


پاک افغان طورخم بارڈر کو ایک بار پھر ہر قسم کی آمدورفت کے لیے بند کر دیا گیا ہے، بارڈر سیکورٹی ذرائع کے مطابق گزشتہ رات سرحد کے قریب اول خان پوسٹ پر افغانستان کی جانب سے فائرنگ کا واقعہ پیش آیا، جس کے نتیجے میں سیکیورٹی فورسز کا ایک اہلکار زخمی ہو گیا۔ فائرنگ کے واقعے کے بعد سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر طورخم بارڈر کو فوری طور پر بند کر دیا گیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ کشیدگی کے باعث افغان شہریوں کی وطن واپسی کا عمل بھی وقتی طور پر روک دیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز ہی طورخم بارڈر کو محدود طور پر کھولا گیا تھا تاکہ پاکستان میں مقیم افغان پناہ گزینوں کی واپسی کا عمل دوبارہ شروع کیا جا سکے۔

حکام کے مطابق بارڈر کھلنے کے بعد پہلے ہی روز تقریباً 300 افغان شہریوں کو افغانستان ڈی پورٹ کیا گیا تھا۔ ان افراد میں 225 مرد، 33 خواتین اور 34 بچے شامل تھے، جبکہ کچھ افراد کے پاس پی او آر اور اے سی سی کارڈز بھی موجود تھے۔ مختلف شہروں سے تعلق رکھنے والے ان افراد کو قانونی کارروائی کے بعد طورخم بارڈر کے ذریعے واپس بھیجا گیا۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق راولپنڈی سے 38 افراد کو ڈی پورٹ کیا گیا جن میں 27 مرد، 3 خواتین اور 8 بچے شامل تھے، جبکہ اسلام آباد سے 104 افراد کو واپس بھیجا گیا جن میں 48 مرد، 30 خواتین اور 26 بچے شامل تھے۔ اسی طرح پشاور سنٹرل جیل سے 150 افغان باشندوں کو طورخم بارڈر کے ذریعے افغانستان روانہ کیا گیا، جن میں تمام مرد شامل تھے۔

لنڈی کوتل میں حمزہ بابا مزار کے قریب قائم ہولڈنگ کیمپ سے افغان شہریوں پر مشتمل پہلا قافلہ طورخم بارڈر کے ذریعے افغانستان روانہ ہوا۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر لنڈی کوتل انعام اللہ وزیر اور دیگر سیکیورٹی حکام بھی موجود تھے، جنہوں نے واپسی کے عمل کی نگرانی کی۔

دوسری جانب قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے ملک بھر میں غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکیوں کے خلاف کارروائیاں بدستور جاری ہیں۔ حکام کے مطابق مختلف علاقوں میں چھاپوں کے دوران گرفتار کیے جانے والے افغان شہریوں کو قانونی کارروائی مکمل کرنے کے بعد طورخم بارڈر کے ذریعے واپس بھیجا جا رہا ہے۔

ادھر جمرود اور گردونواح کے علاقوں میں سینکڑوں افغان خاندان بارڈر کھلنے کے منتظر ہیں۔ ان خاندانوں میں خواتین، بچے اور بزرگ شامل ہیں جو اس وقت مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں اور واپسی کے عمل کے دوبارہ آغاز کے منتظر ہیں۔

ذرائع کے مطابق طورخم بارڈر اور حمزہ بابا مزار کے قریب قائم ہولڈنگ کیمپ میں تمام ضروری انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں اور عملہ بھی تعینات کر دیا گیا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ جیسے ہی اعلیٰ سطح سے مزید احکامات جاری ہوں گے، پھنسے ہوئے افغان مہاجرین کو مرحلہ وار واپسی کی اجازت دی جائے گی۔

یاد رہے کہ گزشتہ برس ستمبر کے آخر میں پاکستان اور افغانستان کے درمیان کشیدگی اور سرحدی جھڑپوں کے باعث طورخم بارڈر کو ہر قسم کی آمدورفت کے لیے بند کر دیا گیا تھا۔ بعد ازاں کچھ عرصہ بعد سرحد کو جزوی طور پر کھولا گیا تاکہ غیر قانونی طور پر مقیم افغان شہریوں کی واپسی ممکن بنائی جا سکے۔

بعد میں رواں سال 26 فروری کو دونوں ممالک کے درمیان ایک بار پھر کشیدگی میں اضافے کے باعث بارڈر کراسنگ مکمل طور پر بند کر دی گئی تھی۔ حالیہ صورتحال میں بارڈر کو صرف افغان شہریوں کی واپسی کے لیے عارضی طور پر کھولا گیا تھا تاہم تازہ فائرنگ کے واقعے کے بعد اسے دوبارہ بند کر دیا گیا ہے۔

گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی کا کہنا ہے کہ طورخم بارڈر کو صرف افغان مہاجرین کی واپسی کے لیے کھولا جا رہا تھا اور اسے باقاعدہ طور پر مکمل کھولنے کا کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا تھا۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here