07 مارچ 2026
رپورٹ: راشد لغاری
حیدرآباد کے گنجان آباد علاقے میں واقع ٹاور مارکیٹ تھانے کی حدود میں ۲۲ فروری کی صبح سولہ سالہ نندنی میگھواڑ کو اس کے گھر سے اغوا کر لیا گیا۔ پندرہ دن گزر جانے کے باوجود وہ ابھی تک بازیاب نہیں ہوئی، اور اس کے گھر والے انصاف کے لیے دربدر بھٹک رہے ہیں۔
مقدمہ ٹاور مارکیٹ تھانے میں نندنی کی والدہ مینا میگھواڑ کی مدعیت میں درج کیا گیا ہے۔ مینا کے مطابق ملزم کامران قریشی نامی نوجوان نے نندنی کو بہلا پھسلا کر اغوا کیا اور بعد میں بتایا گیا کہ اس کا مذہب تبدیل کراکے کم عمری میں شادی کر لی گئی ہے۔
ماں کا درد: ‘بیٹی واپس کرو’
مینا میگھواڑ، جو گھروں میں صفائی کا کام کرکے اپنے تین بچوں — دو بیٹیوں اور ایک بیٹے — کی کفالت کرتی ہیں، آنسو بھری آنکھوں کے ساتھ بتاتی ہیں:
“میری بیٹی کم عمر ہے، وہ ابھی شادی کے قابل نہیں۔ پولیس بھی مدد نہیں کر رہی۔ ہم کہاں جائیں؟ بس ایک ہی التجا ہے کہ میری بچی مجھے واپس ملے۔”
مینا کے مطابق نندنی اس دن کام پر گئی تھی اور پھر واپس نہ آئی۔ جب تلاش کی تو معلوم ہوا کہ کامران قریشی اسے اپنے ساتھ لے گیا ہے۔
چچا کی اپیل: ‘سرغنہ کا سراغ لگایا جائے’
نندنی کے چچا نے اس واقعے کو محض ایک اغوا نہیں بلکہ ایک منظم جرم قرار دیتے ہوئے کہا:”ہماری بچی کو بیگناہ کامران قریشی اغوا کرکے لے گیا ہے۔ اتنے دن گزر گئے، بچی بازیاب نہیں ہوئی، ہمارا کوئی سننے والا نہیں۔ مجھے لگتا ہے ایسے لوگوں کا کوئی سرغنہ یا گروہ ہے جو پورے ملک میں کم عمر بچیوں کو ورغلا کر اغوا کرتا ہے۔ ہماری بچی کو بھی ورغلایا گیا ہے۔”
انہوں نے پیپلز پارٹی کی قیادت، وزیرِ اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ، وزیرِ اعظم اور چیف آف آرمی اسٹاف سے اپیل کی کہ نندنی کو فوری بازیاب کرایا جائے اور ملزمان کو قرارِ واقعی سزا دی جائے۔
قانون موجود ہے، عمل ناپید
ایڈووکیٹ کے بی لغاری کا کہنا ہے کہ پاکستان میں چائلڈ میرج ریسٹرینٹ ایکٹ موجود ہے اور اس میں متعدد ترامیم بھی ہو چکی ہیں، لیکن اصل مسئلہ اس پر عمل درآمد کا ہے۔ ان کا کہنا تھا: “قانون بن جاتے ہیں لیکن ان پر عمل نہیں ہوتا۔ عدالتیں بھی الجھن کا شکار ہیں کیونکہ قانون میں بلوغت اور کم عمری کی تعریفیں واضح نہیں۔ یہ مسودے کی خامی بھی ہے۔ عدالتوں کو واضح موقف اختیار کرنا ہوگا اور قانونی پیچیدگیاں دور کرنی ہوں گی تاکہ لوگوں کو انصاف مل سکے۔”
وکیل کے مطابق پاکستان کے قانون کے تحت اٹھارہ سال سے کم عمر کی شادی قابلِ سزا جرم ہے، اس لیے ملزم کے خلاف سخت قانونی کارروائی ممکن ہے۔
پولیس کا مؤقف
ٹاور مارکیٹ تھانے کے مطابق نندنی کے اغوا کا مقدمہ باقاعدہ درج کر لیا گیا ہے۔ پولیس کے مطابق ملزمہ کی جانب سے ایک بیان سامنے آیا ہے جس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ اس نے اپنی مرضی سے اسلام قبول کرکے شادی کی ہے، تاہم خاندان اس دعوے کو مسترد کرتا ہے اور اسے جبری قرار دیتا ہے۔
پاکستان میں چائلڈ میرج ریسٹرینٹ ایکٹ کے تحت اٹھارہ سال سے کم عمر لڑکی کی شادی کرانا یا کرنا قانوناً جرم ہے۔ نندنی کی عمر محض سولہ سال ہے، اس لیے اس کی شادی چاہے کسی بھی صورت میں کرائی گئی ہو، قانون کی نظر میں کالعدم اور قابلِ تعزیر ہے۔
اہلِ خانہ کا مطالبہ
نندنی کے اہلِ خانہ نے حکومت اور متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ نندنی کو فوری بازیاب کراکے ان کے حوالے کیا جائے، ملزم کو گرفتار کرکے قانون کے مطابق سزا دی جائے، اور کم عمری میں شادی کے قانون پر مؤثر عمل درآمد یقینی بنایا جائے۔
جب تک یہ ہوتا نہیں، ٹاور مارکیٹ کی ایک تھکی ہاری ماں اپنے گھر کی دہلیز پر بیٹھی انتظار کر رہی ہے — اس بیٹی کا جو کام پر گئی اور واپس نہ آئی۔