18 اپریل 2026
رپورٹ: کامران حمید
فیصل آباد: مکوآنہ کے علاقے علی گارڈن میں گھریلو تنازعات کے باعث ایک شخص نے اپنی بیوی اور دو بیٹیوں کو گولیاں مار کر قتل کر دیا۔ واقعے کے چند گھنٹوں کے اندر پولیس نے ملزم کو گرفتار کر لیا۔
پولیس کے مطابق ملزم جاوید اقبال نے مائی مستانی روڈ پر واقع اپنی رہائش گاہ میں اس وقت فائرنگ کی جب اس کی بیوی اور بیٹیاں ایک کمرے میں سو رہی تھیں۔ اس اندھا دھند فائرنگ میں اس کی بیوی صائمہ بی بی (37 سال)، بڑی بیٹی ام حبیبہ (17 سال) اور چھوٹی بیٹی عائشہ بی بی (13 سال) موقع پر ہی جاں بحق ہو گئیں۔
واردات کے بعد جاوید اقبال موقع سے فرار ہو گیا، جس سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ اہلِ محلہ نے پولیس کو اطلاع دی، جس پر ایس پی جڑانوالہ، ڈی ایس پی کھریاں والا اور ایس ایچ او سمیت دیگر حکام جائے وقوعہ پر پہنچ گئے۔ لاشوں کو تحویل میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔
پولیس کا فوری ردِعمل اور گرفتاری
تہرے قتل کی اطلاع پر ریجنل پولیس آفیسر سہیل اختر سکھیرا اور سٹی پولیس آفیسر صاحبزادہ بلال عمر نے فوری نوٹس لیتے ہوئے ایس پی جڑانوالہ کی نگرانی میں خصوصی تحقیقاتی ٹیمیں تشکیل دینے کی ہدایت کی۔ انویسٹی گیشن انچارج سب انسپکٹر گلزار سپرا نے متعدد مقامات پر چھاپے مارے اور جدید تکنیکی وسائل کی مدد سے چند گھنٹوں کے اندر ملزم کو گرفتار کر لیا۔ اس کے قبضے سے قتل میں استعمال ہونے والا پستول بھی برآمد کر لیا گیا۔
ملزم کا بیان اور پس منظر
ایس ایچ او کھرڑیانوالہ محمد عاطف شہزاد کھچی کے مطابق ابتدائی تفتیش میں ملزم نے بتایا کہ اس نے اپنی بیوی اور بیٹیوں کو “بدچلنی” کی وجہ سے قتل کیا۔ تاہم ابتدائی رپورٹس سے ظاہر ہوتا ہے کہ معاشی تنگ دستی اور مسلسل گھریلو جھگڑے اس سانحے کا اصل محرک بنے۔
اہلِ محلہ کا کہنا ہے کہ قتل ہونے والی خواتین انتہائی شریف اور ملنسار تھیں، جبکہ ملزم کا اپنے بھائیوں اور پڑوسیوں کے ساتھ برتاؤ ہمیشہ سے ناخوشگوار رہا تھا۔
انصاف کی یقین دہانی
پولیس کے اعلیٰ افسران نے متاثرہ خاندان کو انصاف کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا ہے کہ کیس کا چالان انتہائی مضبوط بنایا جائے گا تاکہ ملزم کو قرار واقعی سزا دلائی جا سکے۔ مزید تفتیش جاری ہے۔