۷ اپریل ۲۰۲۶
رپورٹ : اعتزاز ابراہیم
لاہور
لاہور میں ڈیفنس ہاؤسنگ اتھارٹی (ڈی ایچ اے) کے علاقے میں ایک نوجوان سوشل میڈیا انفلوئنسر کے ساتھ مبینہ طور پر اسلحہ کے زور پر اجتماعی زیادتی کا واقعہ پیش آیا، جس پر پولیس نے مقدمہ درج کر دیا ملزمان تاحال گرفتار نہ ہوسکے۔
تفصیلات کے مطابق یہ مقدمہ لاہور کے تھانہ ڈیفنس سی میں متاثرہ خاتون کی مدعیت میں درج کیا گیا ہے، جس میں پاکستان پینل کوڈ کی دفعہ 375 اے (گینگ ریپ) شامل کی گئی ہے۔ ایف آئی آر میں متاثرہ خاتون نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ وہ سوشل میڈیا پر برانڈز کی پروموشنل ویڈیوز بنانے کا کام کرتی ہیں اور اسی سلسلے میں مختلف پراجیکٹس پر کام کر رہی تھیں۔
ایف آئی آر کے متن کے مطابق متاثرہ خاتون نے بتایا کہ ان سے زوہیب نامی شخص نے انسٹاگرام کے ذریعے رابطہ کیا اور ایک برانڈ کی پروموشنل ویڈیو بنانے کی پیشکش کی۔ متاثرہ کے مطابق ملزم نے انہیں لوکیشن شیئر کی اور پانچ اپریل کو انہیں ڈی ایچ اے فیز ایٹ میں ایک ریسٹورنٹ پہنچنے کو کہا۔
متاثرہ خاتون نے بیان دیا کہ وہ اپنی ایک دوست کے ہمراہ مقررہ مقام پر پہنچیں، جہاں ملزم زوہیب آیا اور انہیں اپنی گاڑی میں بٹھا کر ایک فلیٹ میں لے گیا۔ ایف آئی آر میں کہا گیا ہے کہ مذکورہ مقام کسی سٹوڈیو کے بجائے ایک نجی فلیٹ تھا، جس پر انہیں شک ہوا اور انہوں نے وہاں سے نکلنے کی کوشش کی۔
ایف آئی آر کے مطابق اسی دوران فلیٹ میں موجود زوہیب کے ایک اور ساتھی، جس کی شناخت منیب کے نام سے کی گئی ہے، نے دروازہ بند کر دیا اور اسلحہ نکال کر دونوں خواتین کو یرغمال بنا لیا۔ متاثرہ کے بیان کے مطابق ملزمان نے اسلحہ کے زور پر انہیں تشدد کا نشانہ بنایا۔
متاثرہ خاتون نے الزام عائد کیا کہ دونوں ملزمان نے گن پوائنٹ پر ان کے ساتھ اجتماعی زیادتی کی اور سنگین نتائج کی دھمکیاں دیں تاکہ وہ اس واقعے کی اطلاع پولیس کو نہ دیں۔ ایف آئی آر میں مزید کہا گیا ہے کہ متاثرہ اور ان کی دوست کو حبس بے جا میں رکھا گیا اور انہیں خوفزدہ کیا گیا۔
تھانہ ڈیفنس سی کے اہلکار عبدالغفار نے وائس پی کے سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ کیس کی تفتیش اسپیشل سوشل انویسٹی گیشن یونٹ کے حوالے کر دی گئی ہے۔ ان کے مطابق پولیس کی جانب سے الزامات کے حوالے سے مختلف پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں اور ٹیمیں شواہد اکٹھے کرنے کے ساتھ ساتھ ملزمان کی گرفتاری کے لیے بھی کوششیں کر رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کیس کو ترجیحی بنیادوں پر آگے بڑھایا جا رہا ہے اور تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں تاکہ حقائق سامنے آ سکیں۔
پنجاب میں اجتماعی زیادتی کے واقعات میں حالیہ عرصے کے دوران اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے. سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ایسے کیسز کی تعداد میں مسلسل اضافہ رپورٹ ہو رہا ہے، جس نے صورتحال کی سنگینی کو اجاگر کر دیا ہے۔
پنجاب پولیس کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق سال 2025 کے دوران صوبے بھر میں اجتماعی زیادتی کے 1253 کیسز رپورٹ ہوئے۔ ان میں سے 916 کیسز کے چالان عدالتوں میں جمع کروائے جا چکے ہیں جبکہ 131 کیسز تاحال زیرِ تفتیش ہیں۔ اسی طرح 205 کیسز کو مختلف وجوہات کی بنیاد پر کینسل کر دیا گیا ہے۔