10 اپریل 2026

رپورٹ: حضرت علی


چمن شہر کے مصروف ترین بازاروں میں ان دنوں ایک غیر معمولی صورتحال نے شہریوں، تاجروں اور سیاسی حلقوں کو تشویش میں مبتلا کر رکھا ہے۔ گزشتہ ایک ہفتے کے دوران افغان مہاجرین کی متعدد جائیدادوں کو سیل کیے جانے کے عمل نے نہ صرف کاروباری سرگرمیوں کو متاثر کیا ہے بلکہ اس کے سماجی اور معاشی اثرات بھی نمایاں طور پر سامنے آ رہے ہیں۔ ضلعی انتظامیہ کے مطابق یہ کارروائیاں اعلیٰ حکام کی جانب سے موصول ہونے والی ایک طویل فہرست کی بنیاد پر کی جا رہی ہیں، جس میں ان افغان مہاجرین کے نام شامل ہیں جو کئی دہائیوں سے چمن میں مقیم ہیں اور یہاں کاروبار اور جائیدادوں کے مالک ہیں۔

اس سلسلے میں جب وائس پی کے ٹیم نے ڈپٹی کمشنر سے موقف لینے کی کوشش کی تو انہوں نے ویڈیو پر بات کرنے سے معذرت کر لی۔ تاہم غیر رسمی گفتگو میں انہوں نے بتایا کہ انہیں اعلیٰ سطح سے ایک مفصل فہرست موصول ہوئی ہے جس کے مطابق مخصوص افراد کی جائیدادوں کو سیل کیا جا رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس فہرست میں شامل افراد کی تعداد ظاہر نہیں کی جا سکتی، تاہم انہوں نے واضح کیا کہ یہ جائیدادیں اس وقت تک سیل رہیں گی جب تک نادرا حکام ان کی مکمل ویریفکیشن نہیں کر لیتے۔ ان کے مطابق یہ اقدام قانونی تقاضوں کو پورا کرنے اور دستاویزی شفافیت کو یقینی بنانے کے لیے اٹھایا گیا ہے۔

دوسری جانب اس فیصلے کے خلاف ردعمل بھی سامنے آ رہا ہے۔ میونسپل کارپوریشن کے سبزہ زار میں ایک اہم جرگے کا انعقاد کیا گیا جس میں مختلف سیاسی جماعتوں کے رہنما، تاجر تنظیموں کے نمائندگان اور مقامی عمائدین شریک ہوئے۔ جرگے میں اس فیصلے پر نظرثانی کا مطالبہ کیا گیا اور اسے مقامی معیشت کے لیے نقصان دہ قرار دیا گیا۔

جرگے کے سربراہ میئر حاجی حبیب اللہ نے وائس پی کے ڈاٹ نیٹ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایک طرف ملک بھر سے افغان مہاجرین کی واپسی کا سلسلہ چمن کے راستے جاری ہے اور ہمارا موقف ہے کہ ان کی باعزت واپسی یقینی بنائی جائے، تاہم دوسری جانب چمن میں متعدد افراد کے شناختی کارڈ بلاک کیے جا رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ متاثرہ افراد کے پاس 1974 کے ریکارڈ، زمینوں کے انتقال اور راشن کارڈ سمیت تمام دستاویزات موجود ہیں، اس لیے فیصلے ان ریکارڈز کی بنیاد پر کیے جائیں۔

پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے رہنما عبد الکریم خان نے کہا کہ بااثر شخصیات کی جائیدادوں کو نشانہ بنانا کسی مخصوص مقصد کے تحت لگتا ہے۔ ان کے مطابق ایسے اقدامات کا مقصد مالی فوائد حاصل کرنا ہو سکتا ہے، کیونکہ سرمایہ دار طبقہ روزگار فراہم کرنے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر سرمایہ کاروں پر اس طرح دباؤ ڈالا گیا تو وہ اپنا سرمایہ دوسرے ممالک منتقل کرنے پر مجبور ہو جائیں گے، جس سے مقامی اور ملکی معیشت متاثر ہوگی۔

پاک افغان جوائنٹ چیمبر کے سابق نائب صدر حاجی غنی اچکزئی نے بھی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ افغان سرمایہ کار گزشتہ 30 سے 40 سالوں سے چمن اور ملک کے دیگر حصوں میں سرمایہ کاری کر رہے ہیں۔ ان کے مطابق اگر یہ سرمایہ کار یہاں سے چلے گئے تو مقامی معیشت کو فوری طور پر شدید دھچکا لگے گا۔

مقامی تاجر برادری بھی اس صورتحال کو تشویشناک قرار دے رہی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ غیر یقینی صورتحال کے باعث کاروبار متاثر ہو رہے ہیں، خریداروں کی آمد میں کمی آئی ہے اور سرمایہ کار محتاط رویہ اختیار کر رہے ہیں۔ دکانداروں کے مطابق اگر یہ سلسلہ جاری رہا تو کاروباری سرگرمیاں مزید سست ہو جائیں گی، جس سے بیروزگاری میں اضافہ ہو سکتا ہے۔

چمن جیسے سرحدی شہر کی معیشت کا بڑا دارومدار پاک افغان تجارت پر ہے، اور یہاں افغان مہاجرین نہ صرف بطور تاجر بلکہ بطور صارف بھی اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ اس لیے ان کی جائیدادوں کی سیلنگ محض ایک انتظامی کارروائی نہیں بلکہ ایک وسیع تر معاشی مسئلہ بن چکی ہے۔ اس کے ساتھ انسانی پہلو بھی اہم ہے، کیونکہ کئی خاندان دہائیوں سے یہاں آباد ہیں اور اب خود کو غیر یقینی صورتحال میں محسوس کر رہے ہیں۔

وائس پی کے کی ٹیم نے ان افراد سے بھی بات کرنے کی کوشش کی جن کی جائیدادیں حال ہی میں سیل کی گئی ہیں، تاہم انہوں نے بات کرنے سے گریز کیا۔ ذرائع کے مطابق وہ حکومتی فیصلے پر شدید رنجیدہ ہیں اور انصاف کے منتظر ہیں۔

اگرچہ حکومتی ادارے اس اقدام کو قانونی اور ضروری قرار دے رہے ہیں، تاہم ماہرین کے مطابق اس کے اثرات کو متوازن رکھنے کے لیے ایک جامع حکمت عملی کی ضرورت ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ اگر ویریفکیشن کا عمل شفاف اور تیز رفتار بنایا جائے اور متاثرہ افراد کو واضح رہنمائی فراہم کی جائے تو اس بحران کی شدت کم کی جا سکتی ہے۔

چمن کے مصروف بازاروں میں جاری یہ صورتحال اس حقیقت کی عکاسی کرتی ہے کہ انتظامی فیصلوں کے اثرات صرف قانونی دائرے تک محدود نہیں رہتے بلکہ وہ سماجی، معاشی اور انسانی زندگیوں پر بھی گہرے اثرات مرتب کرتے ہیں۔ اب دیکھنا یہ ہے کہ حکام اس مسئلے کو کس طرح حل کرتے ہیں اور کیا وہ مقامی معیشت اور عوامی اعتماد کو بحال کرنے میں کامیاب ہو پاتے ہیں یا نہیں۔

دوسری جانب ملک بھر سے افغان مہاجرین کی واپسی کا سلسلہ تاحال جاری ہے۔ یکم اپریل 2025 سے اب تک ضلعی انتظامیہ کے مطابق چمن کے راستے پانچ لاکھ ساٹھ ہزار دو سو پچپن افغان مہاجرین افغانستان واپس جا چکے ہیں، جن میں تین ہزار سے زائد افراد چمن شہر سے تعلق رکھتے ہیں۔ واپسی کا عمل بدستور جاری ہے۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here