15 اپریل 2026
سٹاف رپورٹ:
سابق سفیر اور دفاعی تجزیہ کار میجر جنرل (ر) طارق رشید کا کہنا ہے کہ اسلام آباد میں ہونے والے ایران-امریکا مذاکرات میں خاطر خواہ پیشرفت ہوئی، تاہم حتمی معاہدہ اس لیے نہ ہو سکا کیونکہ دونوں فریقوں کی ترجیحات مختلف تھیں۔
آج نیوز کے پروگرام سپاٹ لائٹ میں میزبان منیزے جہانگیر سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ امریکا سب سے پہلے آبنائے ہرمز کو کھلوانا چاہتا تھا، جبکہ ایران اس بات پر قائم تھا کہ اس پر عائد اقتصادی پابندیاں پہلے ختم کی جائیں۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ مذاکرات کے اگلے دور میں اہم معاملات طے پا سکتے ہیں۔
واضح رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھی پاکستان کو مذاکرات کے لیے ترجیحی مقام قرار دیتے ہوئے عندیہ دیا ہے کہ اگلا دور بھی پاکستان میں ہو سکتا ہے۔ ان کے اس بیان کے بعد اسلام آباد کے ممکنہ کردار پر توجہ مزید بڑھ گئی ہے۔
میجر جنرل (ر) طارق رشید کے مطابق پاکستان میں مذاکرات کے امکانات اس لیے بھی زیادہ ہیں کیونکہ “فیلڈ مارشل اس معاملے میں مؤثر کردار ادا کر رہے ہیں”۔ ان کا کہنا تھا کہ اگلے مرحلے میں آنے والا وفد پہلے سے زیادہ بااختیار ہوگا اور مثبت پیشرفت کی توقع پاکستان ہی سے ہے۔
پروگرام میں شریک پاکستان کے ایران میں سابق سفیر آصف درانی نے کہا کہ ایران ماضی میں جنیوا میں بھی اہم عالمی مذاکرات کا حصہ رہ چکا ہے، اس لیے وہاں بات چیت کا امکان رد نہیں کیا جا سکتا۔ تاہم ان کے مطابق موجودہ صورتحال میں پاکستان ایک اہم “فیسلیٹیٹر” کے طور پر ابھر رہا ہے، خاص طور پر ایسے وقت میں جب خطے میں کشیدگی بڑھ رہی ہے۔
دوسری جانب سابق سفارتکار جوہر سلیم کا کہنا تھا کہ تقریباً سینتالیس سال کے وقفے کے بعد دونوں ممالک کے درمیان اس سطح کے مذاکرات خود ایک بڑی پیشرفت ہیں۔ ان کے مطابق پہلے دور میں خاصی پیشرفت ہوئی، تاہم نیوکلیئر معاملے پر اتفاق رائے نہ ہو سکا، کیونکہ امریکا ایران سے تمام جوہری مواد کی منتقلی چاہتا ہے۔
نیوکلیئر پروگرام پر بات کرتے ہوئے آصف درانی نے کہا کہ ایران اس معاملے پر پہلے ہی خاصی لچک دکھا چکا ہے اور مزید پسپائی کا امکان کم ہے۔ ان کے مطابق ایران اپنا جوہری پروگرام مکمل طور پر بند نہیں کرے گا کیونکہ یہ نیوکلیئر نان-پرولیفریشن ٹریٹی (NPT) کے تحت اس کا قانونی حق ہے۔
انہوں نے امریکا کے اس مطالبے کو بھی مسترد کیا کہ ایران اپنا افزودہ یورینیم ملک سے باہر منتقل کرے۔ ان کے مطابق ایران کی جوہری تنصیبات پر ماضی میں ہونے والے حملے بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی تھے کیونکہ یہ تنصیبات انٹرنیشنل اٹامک انرجی ایجنسی (IAEA) کی نگرانی میں تھیں۔ تاہم، ان کے بقول ایران شفافیت کے لیے مزید تعاون پر آمادہ ہے، بشرطیکہ پابندیوں میں نرمی کی جائے۔
پابندیوں کے حوالے سے آصف درانی نے کہا کہ ایران کی بنیادی ترجیح اقتصادی دباؤ کا خاتمہ ہے، جبکہ آبنائے ہرمز کی حالیہ کشیدگی اسی وسیع تر تنازع کا حصہ ہے، جسے ایران سفارتی دباؤ کے طور پر استعمال کر رہا ہے۔
ایران کے داخلی نظام پر روشنی ڈالتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حتمی اختیار رہبرِ اعلیٰ کے پاس ہوتا ہے، جبکہ پاسدارانِ انقلاب (IRGC) بھی انہی کے زیر اثر کام کرتی ہے، اس لیے کسی بھی معاہدے کی منظوری میں سویلین اور عسکری قیادت دونوں کا کردار اہم ہوگا۔
تجزیہ کاروں کے مطابق اگرچہ پہلے دور میں ڈیڈلاک سامنے آیا، تاہم مذاکرات کا تسلسل اس بات کا اشارہ ہے کہ دونوں ممالک اب بھی سفارتی حل کے خواہاں ہیں، اور آئندہ دور میں کسی پیشرفت کا امکان برقرار ہے۔