14 اپریل 2026

رپورٹ: غلام اکبر مروت


خیبر پختونخوا کے جنوبی ضلع لکی مروت میں گزشتہ ایک مہینے کےدوران کم سن بچیوں سے جنسی زیادتی کے واقعات سامنے آرہے ہیں۔

حالیہ دو واقعات نے تو لوگوں کے دلوں کو چیر کے رکھ دیا جب گاؤں لنگرخیل ہاتھی خان کے علی اللہ کی تین سالہ بچی حیا بی بی لاپتہ ہوگئی۔ وہ اس لئے سسرال میں رہائش پذیر تھے کہ یہاں ان کے بیوی بچے محفوظ رہیں گے۔ وہ دو دن تک انہیں ڈھونڈتے رہے لیکن بچی نہیں ملی، پھر بھی انہوں نے تلاش جاری رکھی۔ بالآخر ان کے سسرال کے گھر سے دو کلومیٹر دور سرکنڈوں کے جنگل میں بچی کی لاش ملی۔ بچی کی شلوار کچھ فاصلے پر پڑی تھی اور لاش پر رات کو بارش بھی ہوئی تھی۔

لاش کو گورنمنٹ سٹی ہسپتال لکی مروت لایا گیا جہاں پولیس نے بچی کا پوسٹ مارٹم کروایا۔ رپورٹ میں سامنے آیا کہ ملزم نے ان کی تین سالہ بچی کو جنسی زیادتی کا نشانہ بنانے کے بعد قتل کیا ہے۔ پولیس نے رپورٹ درج کرکے تفتیش شروع کردی لیکن ابھی تک ملزم کا سراغ نہیں لگایا جاسکا ہے۔

ایس پی انویسٹی گیشن لکی مروت مراد علی وزیر نے بتایا کہ ان کی سربراہی میں ایک تحقیقاتی ٹیم تشکیل دی گئی ہے جس میں ایس ایچ او تھانہ لکی مروت عمران خان اور تفتیشی آفیسر گل جنان خان بھی شامل ہیں۔

اس واقعہ کے صرف دودن بعد اسی تھانہ لکی مروت سٹی کے حدود میں گاؤں میرولی سوربند میں ایک 9سالہ بچی کو زیادتی کا نشانہ بنایا گیا۔ بچی نے تھانہ لکی مروت پولیس کو بتایا کہ وہ اپنے گھر کیلئے پینے کا پانی لانے کیلئے ٹیوب ویل گئی تھی، جب اسے ٹیوب ویل آپریٹر کے بیٹے ملزم تنویر نے زبردستی جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا۔ جنسی زیادتی کے بعد جب ملزم نے دیکھا کہ مجھ سے خون جاری ہے تووہ بھاگ گیا۔ اس کے بعد بچوں نے ان کے گھر اطلاع دی کہ بچی ٹیوب ویل میں خون آلود پڑی ہے۔ گھر والوں نے جائے واردات پر پہنچ کر علاج معالجے کیلئے بچی کو فوری طور پر گورنمنٹ سٹی ہسپتال لکی مروت منتقل کیا۔

پولیس کے مطابق لیڈی ڈاکٹر نے بچی کا معائنہ کرنے کے بعد بتایا کہ بچی کے ساتھ جنسی زیادتی ہوئی ہے۔ پولیس نے فوری طور پر ملزم کی گرفتاری کیلئے ایک درجن افراد کو حراست میں لیا جس میں اصل ملزم بھی شامل تھا۔

متاثرہ بچی کے چچا نعیم خان نے ہسپتال میں وائس پی کے ڈاٹ نیٹ کو بتایا کہ واقعہ ایک سنگین ظلم اور زیادتی ہے۔ بچی کی حالت تیزی سے بگڑتی گئی۔ بعد ازاں اسے ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں طبی معائنہ کے دوران لیڈی ڈاکٹر نے بچی سے زیادتی کی تصدیق کی۔ انہوں نے حکام سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ ’’ہمارے بچوں کے لیے عدم تحفظ اب حد سے بڑھ چکا ہے۔ دو دن پہلے ایک واقعہ ہوا، اور آج یہ ہمارے ساتھ پیش آ گیا۔ اگر فوری انصاف نہ ملا تو کل ایک اور بچہ اس کا شکار ہو سکتا ہے۔‘‘

ایس ایچ او عمران خان نے وائس پی کے ڈاٹ نیٹ کو بتایا کہ وہ حیران اس بات پر ہوئے کہ 9 سالہ بچی سے زیادتی کرنے والا ملزم خود بھی کم سن ہے۔ اس کی عمر تقریباً چودہ سال ہے۔ اس نے پہلے صحتِ جرم سے انکار کیا لیکن بعد میں دورانِ تفتیش اعترافِ جرم کرلیا اور بالکل وہی کہانی بتائی جو بچی نے بتائی تھی۔

تاہم ایس ایچ او عمران خان کا کہنا ہے کہ تین سالہ بچی حیا بی بی کے قاتل کے بارے میں وہ حیران ہیں کہ کیسے ایک انسان اتنا درندہ بن سکتا ہے کہ ایک تو وہ تین سالہ معصوم بچی کو جنسی زیادتی کا نشانہ بنائے اور پھر اسے قتل کرڈالے۔

لکی سٹی پولیس اسٹیشن میں حیا بی بی کے قتل کے خلاف درج ایف آئی آر میں پاکستان پینل کوڈ کی سنگین دفعات لگائی گئی ہیں، جن میں دفع تین سو دو (قتل عمد)، تین سے چونسٹھ (کم سن بچے کا اغوا)، اور تین سو چھیتر (زیادتی) شامل ہیں۔ تھانے کے ایڈیشنل ایس ایچ او فتح اللہ خان نے ہسپتال پہنچ کر ابتدائی تفتیش کی خود نگرانی کی۔

ایس ایچ او کے مطابق تین سالہ بچی حیا بی بی کے کیس میں پولیس جدید فرانزک اور تفتیشی طریقوں کی مدد سے ملزمان کا سراغ لگا رہی ہے۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ یہ کیس ترجیحی بنیادوں پر دیکھا جا رہا ہے، تاہم مقامی سماجی کارکنوں کا کہنا ہے کہ ایسے کیسز میں انصاف کی رفتار اکثر سست رہتی ہے۔

ان دونوں واقعات سے ایک مہینہ پہلے رمضان المبارک میں سنبل بی بی نے تھانہ لکی مروت سٹی پولیس کو بتایا کہ دن دس بجے ان کی دو بچیاں کھیلنے کیلئے گھر سے نکلیں تو کچھ دیر بعد چھوٹی چارسالہ بچی روتے ہوئے واپس آئی کہ ان کی بڑی بہن چھ سالہ بچی کو ایک شخص ویرانے کی طرف لے گیا ہے۔ ماں نے برقعہ پہن کر ویرانے میں جاکر دیکھا تو ان کی معصوم بچی کے ساتھ نوجوان زیادتی کررہا تھا۔ ماں کو آتے دیکھ کر ملزم بھاگ گیا۔ بچی کو گورنمنٹ سٹی ہسپتال لکی مروت لایا گیا۔ علاج معالجے اور طبی معائنہ کے دوران بچی سے جنسی زیادتی کی تصدیق ہوگئی۔ پولیس نے ملزم کو گرفتار کرلیا۔ دوران تفتیش ملزم نے اعتراف جرم کرلیا۔ ملزم کو جیل بھیج دیا گیا ہے۔

لکی مروت میں حالیہ دنوں میں بچوں کے خلاف پرتشدد واقعات میں اضافہ سنگین سوال کھڑے کر رہا ہے۔ تین سالہ بچی سے زیادتی اور قتل جبکہ 9 سالہ بچی سے زیادتی کے واقعات نے پورے علاقے میں شدید غم و غصہ پھیلا دیا ہے اور مقامی آبادی کو اپنے بچوں کی حفاظت کے حوالے سے شدید خوف لاحق ہے۔ عوام مطالبہ کر رہے ہیں کہ ان گھناؤنے جرائم میں ملوث افراد کو فوری گرفتار کر کے کڑی سزا دی جائے اور بچوں کی حفاظت کو یقینی بنایا جائے۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here