04 اپریل 2026
تحریر: کلیم اللہ
خیبر پختونخوا کے جنوبی ضلع ڈیرہ اسماعیل خان میں پیش آنے والے دو الگ الگ واقعات میں دو شادی شدہ خواتین کو فائرنگ کر کے قتل کر دیا گیا، جس کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا ہے۔ پولیس نے ایک واقعے میں فوری کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کر لیا ہے، جبکہ دوسرے کیس کی تحقیقات جاری ہیں۔
پہلا واقعہ وانڈا کومبو ہمت کے علاقے الفلاح کالونی میں تھانہ شورکوٹ کی حدود میں پیش آیا، جہاں 18 سالہ ثناء بی بی کو مبینہ طور پر اس کے شوہر نے گھریلو تنازعے پر قتل کر دیا۔ مقتولہ کی شادی ڈیڑھ ماہ قبل ظہیراللہ بنوچی سے ہوئی تھی۔
مدعی یاسر خان بنوچی، جو مقتولہ کے بھائی اور ضلع بنوں کے رہائشی ہیں، کے مطابق میاں بیوی کے درمیان گھریلو معاملے پر جھگڑا ہوا، جس کے دوران ملزم نے فائرنگ کر کے اپنی بیوی کو قتل کر دیا۔
ڈیرہ اسماعیل خان پولیس کے مطابق ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر خان ضیاء الدین احمد کی خصوصی ہدایات پر پولیس ٹیم نے فوری کارروائی کی۔ ایس پی سٹی مرتضیٰ خان بنگش اور ڈی ایس پی سبراب سرکل کاشف ستار خان کی نگرانی میں ایس ایچ او شورکوٹ اصغر وزیر کی قیادت میں پولیس نے پیشہ ورانہ مہارت اور جدید تکنیک کا استعمال کرتے ہوئے 24 گھنٹوں کے اندر ملزم کو گرفتار کر لیا۔
پولیس کے مطابق ملزم ظہیراللہ ولد رحمت علی، جو الفلاح کالونی میں کرایہ دار تھا، کو گرفتار کر کے آلہ قتل پستول 30 بور بھی برآمد کر لیا گیا ہے، جبکہ ابتدائی تفتیش کے دوران ملزم نے اپنے جرم کا اعتراف بھی کر لیا ہے۔
دوسرا واقعہ گومل یونیورسٹی تھانے کی حدود میں دریخان پل کے قریب پیش آیا، جہاں 22 سالہ شادی شدہ خاتون فاطمہ بی بی کو فائرنگ کر کے قتل کر دیا گیا۔ ایف آئی آر کے مطابق مقتولہ کے بھائی نے پولیس کو بتایا کہ اس کی بہن کی شادی تقریباً دو سال قبل گل زمان عرف گلا سے ہوئی تھی۔
مدعی کے مطابق فاطمہ بی بی کو کسی نامعلوم شخص نے قتل کیا، تاہم انہوں نے شبہ ظاہر کیا ہے کہ ان کے بہنوئی گل زمان اس قتل میں ملوث ہو سکتے ہیں۔ کیونکہ ان کا کہنا تھا کہ گل زمان اس سے قبل انہیں اور ان کی بہن کو دھمکیاں بھی دے چکا تھا۔
پولیس نے اس واقعے کا مقدمہ درج کر کے مختلف پہلوؤں سے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ واقعے میں ملوث ملزمان کو جلد قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔
ان دونوں افسوسناک واقعات نے ایک بار پھر گھریلو تشدد اور خواتین کے خلاف بڑھتے ہوئے جرائم پر سنگین سوالات کھڑے کر دیے ہیں، جس پر فوری اور مؤثر اقدامات کی ضرورت ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ سال دسمبر میں پارلیمانی فورم کی چیئرپرسن سینیٹر شیری رحمان نے 2024 کے دوران پاکستان بھر میں صنفی بنیاد پر تشدد کے 32,617 کیسز رپورٹ ہونے پر شدید تشویش کا اظہار کیا تھا۔ ان کے مطابق ملک بھر میں 5,339 ریپ، 24,439 اغوا، 2,238 گھریلو تشدد اور 547 غیرت کے نام پر قتل کے واقعات رپورٹ ہوئے۔
انہوں نے کہا تھا کہ ریپ اور غیرت کے نام پر قتل کے کیسز میں صرف 0.5 فیصد سزا کی شرح انصاف کے نظام کی ناکامی کو ظاہر کرتی ہے، جبکہ گھریلو تشدد کے کیسز میں 1.3 فیصد سزا کی شرح خواتین کی سلامتی کے لیے ایک سنگین خطرہ ہے۔
ان کے مطابق پاکستان میں اوسطاً روزانہ 67 اغوا، 19 ریپ، 6 گھریلو تشدد اور 2 غیرت کے نام پر قتل کے واقعات رپورٹ ہوتے ہیں۔
صوبہ پنجاب میں صنفی بنیاد پر تشدد کے 26,753 کیسز رپورٹ ہوئے، جن میں 225 غیرت کے نام پر قتل شامل ہیں، تاہم صرف دو کیسز میں سزائیں دی جا سکیں۔ 4,641 ریپ کے کیسز میں سزا کی شرح محض 0.4 فیصد رہی، جبکہ 20,720 اغوا کے کیسز میں صرف 16 ملزمان کو سزا ہوئی۔
جبکہ خیبر پختونخوا میں 3,397 کیسز رپورٹ ہوئے، جن میں 134 غیرت کے نام پر قتل شامل ہیں، تاہم صرف دو کیسز میں سزائیں ہو سکیں۔ صوبے میں 258 ریپ کے کیسز میں صرف ایک میں سزا ہوئی، جبکہ 943 اغوا کے کیسز میں بھی صرف ایک ملزم کو سزا سنائی گئی۔