12 اپریل 2026

رپورٹ:راشد لغاری

میرپور خاص


میرپورخاص کے علاقے سیٹلائٹ ٹاؤن میں 8 اپریل کو بیس سالہ میڈیکل طالبہ فہمیدہ لغاری نے گھر میں موجود پستول سے فائر کرکے اپنی زندگی ختم کرلی۔ فہمیدہ لیاقت یونیورسٹی آف میڈیکل اینڈ ہیلتھ سائنسز جامشورو سے وابستہ محمد میڈیکل کالج میں تھرڈ ایئر کی طالبہ تھیں۔

اس دردناک واقعے کے بعد علاقے میں سوگ اور خوف کا ماحول چھا گیا۔ فہمیدہ کی لاش سول اسپتال میرپورخاص منتقل کی گئی، جہاں پوسٹ مارٹم کے بعد ورثاء کے حوالے کردی گئی۔

“وہ پوزیشن ہولڈر تھی، خودکشی سوچ بھی نہیں سکتی تھی”

فہمیدہ کے والدین نے میڈیا کے سامنے آکر بتایا کہ ان کی بیٹی چھٹی جماعت سے لے کر میڈیکل کالج تک ہمیشہ پوزیشن ہولڈر رہی۔ والد انتظار لغاری کے مطابق فہمیدہ نے انھیں بتایا تھا کہ محمد میڈیکل کالج کے استاد عابد لغاری اور دیگر افراد نہ صرف اسے مسلسل ہراساں کررہے تھے بلکہ پاس کرنے کے عوض چالیس ہزار روپے کی بھی مطالبہ کیا گیا تھا۔ اس کے ساتھ ناجائز تعلقات رکھنے پر بھی مجبور کیا جارہا تھا۔

انتظار لغاری نے بتایا کہ وہ بیٹی کی شکایت لے کر کالج کے پرنسپال شمس کے پاس گئے، مگر ملزمان کے خلاف کوئی کارروائی نہ ہوئی۔ فہمیدہ نے گھر میں بتایا تھا کہ محمد میڈیکل کالج والے اسے مار ڈالیں گے۔ والد کا کہنا تھا کہ ابتدا میں پولیس مقدمہ درج کرنے پر آمادہ نہیں تھی، اور جب ورثاء نے ٹول پلازہ پر سڑک بند کی تب جاکر مقدمہ درج کیا گیا۔

فہمیدہ کی والدہ نے بتایا کہ پہلے سال تو بیٹی نے سکون سے گزارا، لیکن اس کے بعد ہراسانی کا سلسلہ شروع ہوگیا اور امتحانات میں فیل کرنے کی دھمکیاں دی جانے لگیں۔ انھوں نے کہا کہ بیٹی اب واپس نہیں آئے گی، مگر انصاف ضرور ملنا چاہیے تاکہ اور گھر برباد نہ ہوں۔

مقدمہ درج، تحقیقاتی کمیٹی قائم

9 اپریل کی رات ورثاء اور مختلف تعلیمی اداروں کے طلبہ کے احتجاج کے بعد سیٹلائٹ تھانے میں محمد میڈیکل کالج کے استاد عابد لغاری اور دو طلبہ عبداللہ اور عبدالرحمان کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا۔ فریادی نے مقدمے میں کہا کہ فہمیدہ جنسی ہراسانی کا شکار تھی اور اس پر شدید نفسیاتی دباؤ ڈالا جارہا تھا۔

صوبائی وزیر ذوالفقار شاہ نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے پولیس حکام کو اعلیٰ سطحی تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دینے کا حکم دیا۔ آئی جی سندھ کے احکامات پر ڈی آئی جی میرپورخاص فیصل عبداللہ چاچڑ نے ایس ایس پی میرپورخاص فدا شاہ کی سربراہی میں تین رکنی کمیٹی تشکیل دی۔ ایس ایس پی فدا شاہ نے واقعے کو افسوسناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔

“105 وائس میسجز سن کر حیران رہ گئی”

ویمن ایجوکیشن فاؤنڈیشن (ویف) کی نمائندہ نے بتایا کہ فہمیدہ پہلی طالبہ نہیں جو تعلیمی اداروں میں ہراسانی کا شکار ہوئی ہو۔ انھوں نے کہا کہ دو سال قبل بھی کئی طالبات کی جانب سے جنسی ہراسانی کی شکایات موصول ہوئی تھیں۔ انھوں نے فہمیدہ کے 105 وائس میسجز سنے جن میں وہ اپنی صورتحال کے بارے میں انتہائی واضح اور باشعور دکھائی دیتی تھیں — وہ خوفزدہ نہیں، بلکہ مصمم نظر آتی تھیں۔ ویف نمائندہ نے مطالبہ کیا کہ محمد میڈیکل کالج کو فوری طور پر بند کیا جائے۔

فہمیدہ کے ماموں نے کہا کہ ان کی بھانجی نے شہادت پائی ہے، وہ خودکشی کا سوچ بھی نہیں سکتی تھی۔ انھوں نے عالمی انسانی حقوق تنظیموں سے اپیل کی کہ وہ اس واقعے کا نوٹس لیں تاکہ آئندہ کوئی اور فہمیدہ اس درندگی کا شکار نہ ہو۔

پرنسپال کا مؤقف

محمد میڈیکل کالج کے پرنسپال نے پریس کانفرنس میں کہا کہ ہراسانی کے مرتکب افراد کو سخت سزا ملنی چاہیے اور ایسے واقعات کو نظرانداز نہیں کیا جانا چاہیے۔ تاہم انھوں نے یہ بھی کہا کہ کالج کے خلاف جھوٹا پروپیگنڈہ پھیلایا جارہا ہے اور اٹھائیس سالہ تاریخ میں کالج میں کبھی ایسا واقعہ نہیں ہوا۔

فہمیدہ لغاری کی موت نے ایک بار پھر یہ سوال سامنے لا کھڑا کیا ہے کہ کیا ہمارے تعلیمی ادارے واقعی محفوظ ہیں؟ جب ایک ہونہار طالبہ انصاف کے تمام دروازے بند پاکر خود اپنی جان لے لے، تو قصور کس کا ہے — استاد کا، نظام کا، یا اس خاموشی کا جو ہراسانی کو پنپنے دیتی ہے؟

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here