21 اپریل 2026
رپورٹ: محممد دانیال
پشاور: خیبرپختونخوا میں جبری گمشدگیوں کا مسئلہ ایک بار پھر منظرعام پر آ گیا ہے۔ ضلع کرک سے تعلق رکھنے والے محمد نعیم اپنے بھائی زاہد اللہ کی بازیابی کے لیے پشاور ہائیکورٹ سے رجوع کر چکے ہیں۔ زاہد اللہ، کوہاٹ ڈگری کالج میں کمپیوٹر سائنس کے لیکچرار تھے، جنہیں 7 اپریل کو مبینہ طور پر کالج کے احاطے سے نامعلوم افراد اٹھا کر لے گئے۔ اس واقعے کے بعد سے ان کا کوئی سراغ نہیں مل سکا۔
محمد نعیم کا کہنا ہے کہ واقعے کے بعد انہوں نے ہر ممکن فورم سے رابطہ کیا، تاہم دو ہفتے گزر جانے کے باوجود کوئی پیش رفت نہیں ہوئی۔ معاملے کو مزید مشکوک بنانے والی بات یہ ہے کہ کالج میں نصب سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج بھی حذف کردی گئی۔ محمد نعیم نے سوال اٹھاتے ہوئے کہا: “اگر سب کچھ ٹھیک تھا تو فوٹیج کیوں مٹائی گئی؟ کوئی تو ہے جو سچ چھپانا چاہتا ہے۔”
درخواست گزار کے وکیل جاوید احمد کاکڑ ایڈووکیٹ نے اس کیس کو سنجیدہ نوعیت کا قرار دیتے ہوئے کہا: “ایک سرکاری تعلیمی ادارے سے استاد کا اس طرح غائب ہو جانا ریاستی اداروں کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے۔ یہ محض ایک شخص کی گمشدگی نہیں، بلکہ پورے نظام کی ناکامی کی علامت ہے۔”
کیس کی سماعت کے دوران پشاور ہائیکورٹ کے چیف جسٹس ایس ایم عتیق شاہ نے ریمارکس دیے کہ تعلیمی اداروں سے افراد کا اس طرح غائب ہونا نہایت تشویشناک ہے اور اسے نظرانداز نہیں کیا جا سکتا۔ عدالت نے پولیس کو فوری طور پر ایف آئی آر درج کرنے کا حکم دیتے ہوئے آر پی او کوہاٹ سے تفصیلی رپورٹ بھی طلب کر لی ہے۔
قانونی ماہر لاجبر خان ایڈووکیٹ کے مطابق جبری گمشدگیوں کے کیسز میں اضافہ ایک خطرناک رجحان کی نشاندہی کرتا ہے۔ انہوں نے کہا: “پشاور ہائیکورٹ میں روزانہ اس نوعیت کی درخواستیں آ رہی ہیں۔ عدالتوں پر بوجھ بڑھتا جا رہا ہے، جبکہ لاپتہ افراد کمیشن بھی سینکڑوں کیسز کے بوجھ تلے دبا ہوا ہے۔ جب تک جوابدہی کا نظام مضبوط نہیں ہوگا، یہ سلسلہ رکنے والا نہیں۔”
کمیشن برائے لاپتہ افراد کے اعداد و شمار کے مطابق، 2011 سے اب تک ملک بھر سے دس ہزار سے زائد کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں، جن میں سے بڑی تعداد نمٹائی جا چکی ہے۔ تاہم سینکڑوں کیسز اب بھی زیر التواء ہیں۔ خیبرپختونخوا اور قبائلی اضلاع اس مسئلے سے سب سے زیادہ متاثرہ علاقوں میں شمار ہوتے ہیں۔
زاہد اللہ کا کیس نہ صرف ایک خاندان کی اذیت کی داستان ہے، بلکہ یہ ریاستی نظام، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور انسانی حقوق کے حوالے سے کئی اہم سوالات بھی اٹھاتا ہے۔ ان کی بازیابی اب صرف ایک گھر کی ضرورت نہیں — یہ انصاف کے پورے نظام کا امتحان بن چکی ہے۔