21 اپریل 2026

رپورٹ: اسلام گل


خیبر: محمد شعیب اکوڑہ خٹک سے چھ روز قبل لنڈی کوتل پہنچے، تاہم ابھی تک یہ معلوم نہیں کہ اُن کے افغانستان واپس جانے کی ضروری کارروائی کب مکمل ہوگی۔ اُن کے خاندان کے تمام افراد ایک ہی خیمے میں مقیم ہیں۔ اُنہوں نے بتایا کہ پاکستانی حکام اور افغان طالبان کے نمائندوں کے وعدوں کے باوجود واپس جانے والے افغان مہاجرین کے مسائل میں کوئی کمی نہیں آئی۔

اُن کے مطابق یہاں روزانہ اسّی سے سو خاندانوں کو ٹوکن جاری کیے جاتے ہیں، اور اپنی باری کی اطلاع کے لیے انہیں بار بار مرکز کے چکر لگانے پڑتے ہیں۔ اُنہوں نے بتایا کہ ایک ہی خیمے میں دو خاندان مقیم ہیں اور پینے کا پانی تک میسر نہیں۔ اُن کے بقول جب پاکستانی اور افغان حکام نے جمعے کو دورہ کیا تو اُس وقت ٹوکن نمبر چھ سو سے اوپر چل رہا تھا، لیکن ہفتہ گزرنے کے بعد بھی یہ گیارہ سو تک ہی پہنچ سکا، جو بہت کم ہے۔ حکام کے دورے کے بعد توقع تھی کہ مہاجرین کے مسائل کم ہوں گے، مگر ایسا نہ ہوا۔

ٹریفک بھی متاثر، سینکڑوں ٹرک سڑک پر کھڑے

واپس جانے والے مہاجرین کی تعداد روز بروز بڑھ رہی ہے جس کے باعث پاک افغان شاہراہ پر ٹریفک کا نظام بھی متاثر ہو رہا ہے۔ تحصیل جمرود میں بھگیاڑی چیک پوسٹ سے سورکمر علاقے تک تین سو سے زائد ٹرک کھڑے تھے جن پر واپس جانے والے افغان مہاجرین کا گھریلو سامان لدا ہوا تھا۔ حکام نے انہیں اس لیے روکا ہے تاکہ لنڈی کوتل میں پہلے سے موجود مہاجرین کی ضروری کارروائی پہلے مکمل کی جا سکے۔

رجسٹریشن مراکز اور احتجاج

واپس جانے والے افغان مہاجرین کی رجسٹریشن کے لیے صوبے بھر میں پانچ مراکز قائم کیے گئے ہیں، جن میں ایک اہم مرکز لنڈی کوتل میں حمزہ بابا مزار کے قریب واقع ہے۔ مہاجرین اپنی باری کے انتظار میں لنڈی کوتل ڈگری کالج اور اردگرد کے علاقوں میں نصب خیموں میں اپنے خاندانوں سمیت مقیم ہیں۔ مہاجرین کے مطابق طبی سہولیات کی کمی کے باعث ایک شخص جان بھی گنوا چکا ہے۔

دفتری کارروائی کے لیے طویل انتظار سے تنگ آئے مہاجرین کی ایک بڑی تعداد ہولڈنگ کیمپ کی طرف احتجاجاً روانہ ہوئی۔ اس احتجاج کی قیادت افغان مہاجر فضل رحمان کر رہے تھے۔ اُنہوں نے وائس پی کے کو بتایا کہ لوگ لنڈی ڈگری کالج اور قریبی خیموں میں چار سے پانچ روز سے صرف ٹوکن کے لیے انتظار کر رہے ہیں، تاہم حکام کی جانب سے درپیش مسائل کے حل کے لیے کچھ نہیں کیا جا رہا۔ اُن کے مطابق ٹوکن ملنے کے بعد بھی اندراج کے لیے مزید پانچ روز انتظار کرنا پڑتا ہے، جس کے نتیجے میں پوری کارروائی دس دن سے زیادہ وقت لے لیتی ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ ہمارے ساتھ بیمار اور بزرگ افراد بھی ہیں جو مختلف مشکلات کا شکار ہیں، اس لیے ہم اپنے مسائل حکام تک پہنچانے کے لیے پرامن طریقے سے ہولڈنگ کیمپ جا رہے ہیں۔

پاکستان چھوڑنے پر مجبور کیوں؟

افغان مہاجرین کی بڑی تعداد میں واپسی کی بنیادی وجہ پاکستانی حکام کی جانب سے انخلاء کے حوالے سے سخت اقدامات ہیں۔ صوابی سے واپس افغانستان جانے والے جاوید اللہ نے بتایا کہ پولیس کی جانب سے نہ صرف گرفتاریاں عمل میں آتی ہیں بلکہ چار دیواری کے تقدس کو بھی پامال کیا جاتا ہے۔ اسی خوف کے سبب انہوں نے پاکستان چھوڑنے کا فیصلہ کیا، مگر واپسی کے مقامات پر سہولیات کا کوئی انتظام نہیں۔ اُنہوں نے کہا کہ یہاں خواتین کے لیے بیت الخلاء، پردے، کھانے پینے اور مریضوں کے علاج جیسی بنیادی سہولیات کا نام و نشان تک نہیں۔ اُن کے بقول اسلام آباد اور کابل کو مل بیٹھ کر مہاجرین کے مسائل حل کرنے چاہییں۔

کارروائی کتنی تیز؟

لنڈی کوتل ہولڈنگ کیمپ سے اب تک سترہ سو ٹوکن جاری کیے گئے ہیں جن میں سے ساڑھے گیارہ سو کی کارروائی مکمل ہو چکی ہے۔ روزانہ سو ٹوکن جاری کیے جاتے ہیں اور ایک ٹوکن ایک خاندان کے لیے ہوتا ہے، جس میں دو افراد بھی ہو سکتے ہیں اور سو بھی۔

افغان مہاجرین کو درپیش مسائل کے حوالے سے اسسٹنٹ کمشنر لنڈی کوتل انعام وزیر نے بتایا کہ پہلے نادرا کے چھ کاؤنٹر تھے اور روزانہ دو ہزار مہاجرین کو کلیئر کر کے افغانستان بھیجا جاتا تھا، تاہم وزیرِاعلیٰ خیبر پختونخوا کے دورے کے بعد نادرا کاؤنٹروں کی تعداد بڑھا کر بائیس کر دی گئی ہے اور اب چار ہزار سے زائد مہاجرین کو روزانہ اندراج کے بعد طورخم سرحد سے افغانستان روانہ کیا جا رہا ہے۔

کارروائی میں تاخیر کی وجہ بیان کرتے ہوئے اُنہوں نے کہا کہ لنڈی کوتل سمیت دیگر مراکز سے روزانہ سات سے آٹھ ہزار افراد طورخم کے راستے افغانستان جاتے ہیں، لیکن افغان طالبان کے حکام نے کہا ہے کہ اتنی بڑی تعداد میں مہاجرین کو سنبھالنا اُن کے لیے ممکن نہیں، اس لیے زیادہ تعداد میں مہاجرین نہ بھیجے جائیں۔ اُن کے بقول پاکستانی حکام کے پاس موجودہ سے بھی زیادہ مہاجرین کو روزانہ کی بنیاد پر کلیئر کرنے کی استعداد ہے، لیکن معاملہ افغان طالبان کی حکمتِ عملی پر منحصر ہے۔

افغانستان میں پھنسے پاکستانی مسافر

چند روز قبل شدید بارش کے باعث ہولڈنگ کیمپ کے باہر انتظار کرنے والے مہاجرین کی مشکلات کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد گیارہ اپریل کو وزیرِاعلیٰ خیبر پختونخوا نے لنڈی کوتل ہولڈنگ کیمپ کا دورہ کیا اور واپس جانے والے مہاجرین کے لیے سہولیات میں اضافے کی ہدایات جاری کیں۔

اس موقع پر لنڈی کوتل کے مقامی صحافی میاں ساجد نے وزیرِاعلیٰ کے سامنے افغانستان میں گزشتہ چھ ماہ سے پھنسی نو سو پاکستانی مال بردار گاڑیوں اور بارہ سو سے زائد ڈرائیوروں، تاجروں اور دیگر شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد کا مسئلہ اٹھایا۔ ساجد کے مطابق وزیرِاعلیٰ نے تمام افراد اور گاڑیوں کی فہرست رکن صوبائی اسمبلی عدنان قادری کو دینے اور اس مسئلے کو کمشنر پشاور کے ذریعے پشاور میں افغان طالبان کے قونصل جنرل کے ساتھ مل بیٹھ کر حل کرنے کی ہدایت دی۔ اُنہوں نے بتایا کہ اس حوالے سے متعلقہ حکام کی باقاعدہ ملاقات ہوئی اور فہرست افغان طالبان کے قونصل جنرل کو فراہم کر دی گئی ہے۔

سرحدی کشیدگی

گزشتہ چھ ماہ سے کشیدہ تعلقات کے باعث پاک افغان تجارت بند ہے۔ چھبیس فروری کو جنگی صورتِ حال شروع ہونے کی وجہ سے مہاجرین کی واپسی بھی رک گئی تھی، تاہم چھبیس مارچ کو دوبارہ واپسی کا عمل شروع ہوا۔ ایک روز بعد طورخم کے قریب اول خان گاؤں میں سیکورٹی چیک پوسٹ پر حملے کے باعث سرحد دوبارہ بند کر دی گئی۔ دونوں جانب مذاکرات کے بعد یکم اپریل سے طورخم سرحد مہاجرین کی واپسی کے لیے کھول دی گئی، تاہم فی الحال تجارت اور عام آمد و رفت کے لیے تمام سرحدی گزرگاہیں بند ہیں۔ کشیدہ تعلقات کے سبب افغانستان میں طب کے شعبے میں زیرِتعلیم پاکستانی طلباء بھی شدید مشکلات کا شکار ہیں۔

واضح رہے کہ مہاجرین کے لیے سرحد کھولنے کا یہ فیصلہ ایسے وقت میں ہوا ہے جب پاکستان کے مختلف علاقوں، بالخصوص خیبر پختونخوا میں، افغان مہاجرین کے انخلاء کے لیے حکومت نے سخت اقدامات شروع کر رکھے ہیں۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here