14 اپریل 2026

سٹاف رپورٹ:


ایران میں مقیم صحافی جون حسین نے کہا ہے کہ اسلام آباد مذاکرات سے کچھ نہ کچھ مثبت نکلا ہے اور امکان ہے کہ تین طرفہ بات چیت کا اگلا مرحلہ عمان یا پاکستان میں دوبارہ ہو۔

آج نیوز کے پروگرام اسپاٹ لائٹ میں میزبان منیزے جہانگیر کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے جون حسین نے کہا کہ پاکستان بات چیت کے لیے ترجیح ہو سکتا ہے کیونکہ یہاں کوئی امریکی بیسز موجود نہیں ہیں۔

واضح رہے کہ امریکا اور ایران کے درمیان مذاکرات کا پہلا مرحلہ گیارہ اپریل کو اسلام آباد میں ہوا تھا، جہاں دونوں ممالک کے درمیان اکیس گھنٹے تک بات چیت کے کئی دور ہوئے، تاہم دونوں فریق کسی بھی حتمی معاہدے تک نہیں پہنچ سکے۔

پروگرام میں شریک سابق سفیر مسعود خالد نے کہا کہ ایران اور امریکا کے درمیان بات چیت کا اگلا مرحلہ ضرور ہوگا کیونکہ دونوں ممالک پر بہت دباؤ ہے۔

سینئر تجزیہ کار زاہد حسین نے کہا کہ امریکا کی جانب سے ناکابندی کی صورت میں امن کی امید کمزور ہو گئی ہے کیونکہ اگر ایک بھی جہاز کو نشانہ بنایا گیا تو جنگ بندی ختم ہو جائے گی۔

جنگ بندی کے حوالے سے بات کرتے ہوئے جون حسین نے کہا کہ ایران میں حالات معمول کے مطابق ہیں اور وہاں اس وقت کوئی حملے نہیں ہو رہے۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکا ایران پر بڑے حملوں کا متحمل نہیں ہو سکتا، اور جب تک ایران پر کوئی حملہ نہیں ہوتا، وہ بھی حملہ نہیں کرے گا۔ تاہم اگر امریکا ایرانی جہازوں کو نشانہ بناتا ہے تو ایران ردعمل دے گا۔

آبنائے ہرمز کی ممکنہ ناکابندی پر گفتگو کرتے ہوئے مسعود خالد نے کہا کہ اس کے اثرات چین پر ضرور پڑیں گے کیونکہ ایران سے تیل کی تقریباً نوے فیصد برآمدات چین کو جاتی ہیں۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ اگر چین کے جھنڈے والے جہاز ایران سے روانہ ہوں تو کیا امریکا انہیں نشانہ بنائے گا؟

ان کا مزید کہنا تھا کہ آبنائے ہرمز کے معاملے میں ایران کی پوزیشن بھی زیادہ مضبوط نہیں کیونکہ نہ تو وہاں ٹول ٹیکس عائد کیا جا سکتا ہے اور نہ ہی اسے غیر معینہ مدت تک بند رکھا جا سکتا ہے۔ ان کے مطابق معاملے کے حل کے لیے جنگ بندی میں توسیع ضروری ہے۔

پاکستانی فوج کی سعودی عرب میں موجودگی کے حوالے سے جون حسین نے کہا کہ ایران اسے خطرہ نہیں سمجھے گا کیونکہ پاکستان کے عزائم جارحانہ نہیں ہیں۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here