03 مئی 2026
رپورٹ: شوکت کورائی
کراچی میں گجراتی کمیونٹی نے ایک رنگارنگ ثقافتی فیسٹیول کا انعقاد کیا جس میں خواتین اور بچوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ فیسٹیول کا بنیادی مقصد گجراتی زبان اور ثقافت کو زندہ رکھنا اور برادری کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کرنا تھا۔
فیسٹیول کے منتظمین کا کہنا ہے کہ پاکستان کے بانی قائداعظم محمد علی جناح کی مادری زبان گجراتی تھی، لیکن ریاست کی عدم توجہی کے باعث یہ زبان آہستہ آہستہ معدوم ہوتی جا رہی ہے۔
قائداعظم کی زبان، ریاست کی بے توجہی
گجراتی برادری کے بزرگوں کے مطابق ماضی میں کراچی میں گجراتی زبان کے اسکول اور اخبارات موجود تھے جو اب بند ہو چکے ہیں۔ مردم شماری میں بھی گجراتی کے لیے ایک علیحدہ کالم رکھا جاتا تھا، جسے بعد میں ختم کر دیا گیا۔
گجراتی بچائو تحریک کے انفارمیشن سیکریٹری بابا حیدر خوجہ نے وائس پی کے سے بات کرتے ہوئے کہا: “1990 تک ہماری زبان بہتر پوزیشن میں تھی، لیکن اس کے بعد سے گجراتی آہستہ آہستہ ختم ہوتی جا رہی ہے۔ مردم شماری سے گجراتی زبان کا کالم بھی حذف کر دیا گیا ہے۔ ہم چاہتے ہیں کہ گجراتی زبان کو سرکاری سطح پر وہی مقام واپس ملے جو 1990 سے پہلے اسے حاصل تھا۔”
تاریخی اہمیت اور عالمی شخصیات
گجراتی زبان محض ایک علاقائی بولی نہیں، بلکہ اس کے ساتھ عالمی تاریخ کی کئی نامور شخصیات وابستہ ہیں۔ موہن داس کرم چند گاندھی اور قائداعظم محمد علی جناح کی مادری زبان گجراتی تھی۔ پاکستان کے وزیراعظم آئی آئی چندریگر اور مراد جی ڈیسائی بھی اسی زبان سے تعلق رکھتے تھے۔ کراچی میں آباد پارسی برادری بھی گجراتی بولتی ہے، جبکہ پاکستان کے کئی بڑے صنعت کاروں کی مادری زبان بھی گجراتی ہے۔
منتظمین کا کہنا ہے: “یہ اس ملک کے بانی قائداعظم محمد علی جناح اور محترمہ فاطمہ جناح کی مادری زبان ہے، اس لیے اس زبان کے تحفظ کے لیے ریاستی سطح پر اقدامات ناگزیر ہیں۔”
ماں بولی میں خواب دیکھنے کا حق
فیسٹیول میں بچوں اور بڑوں نے گجراتی زبان میں تقاریر کیں اور بچوں نے دلکش ٹیبلوز بھی پیش کیے۔ برادری کے رہنماؤں نے اس موقعے پر زبان کی جذباتی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا: “بچہ جب سوچتا ہے تو اپنی مادری زبان میں سوچتا ہے، اور جب خواب دیکھتا ہے تو وہ بھی اپنی زبان میں ہوتے ہیں۔ گویا ہم نے اپنے بچوں سے خواب چھین لیے ہیں۔ ہمیں اپنے بچوں کو ان کی مادری زبان میں خواب دیکھنے کا حق واپس دینا ہے۔”
گھر سے شروع ہونے والی مہم
گجراتی برادری سے تعلق رکھنے والی صغرا نے فیسٹیول میں شرکت کا مقصد بیان کرتے ہوئے کہا: “ہم اس فیسٹیول میں اس لیے آئے کہ اپنی برادری کے لوگوں سے ملاقات ہو اور آپس کے رابطے مضبوط ہوں۔ ہماری کوشش ہوتی ہے کہ اپنے بچوں سے گجراتی میں بات کریں۔ گھر میں ہم میاں بیوی بھی گجراتی بولتے ہیں تاکہ بچے سنیں اور اپنی زبان میں بولنا سیکھیں۔ اردو اور انگریزی بھی پڑھتے اور بولتے ہیں، لیکن مادری زبان کو ترجیح دینا ضروری ہے۔”
تحریک کے مطالبات
گجراتی بچائو تحریک کے رہنماؤں کا کہنا ہے کہ وہ گزشتہ چھ برسوں سے یہ فیسٹیول منعقد کر رہے ہیں اور بچوں کو زبان سکھانے کے لیے علیحدہ کلاسز بھی چلا رہے ہیں جن میں جدید ٹیکنالوجی سے بھی مدد لی جا رہی ہے۔ تاہم ان کا اصل مطالبہ ریاستی سطح پر توجہ کا ہے۔ تحریک کے مطابق: “ہم نہیں کہتے کہ کوئی دوسری زبان نہ سیکھی جائے۔ سب سیکھیں، لیکن اپنی مادری زبان نہ چھوڑیں۔ ہمارا مطالبہ ہے کہ مردم شماری میں گجراتی زبان کے لیے علیحدہ کالم بحال کیا جائے۔”
فیسٹیول میں شریک خواتین اور بچوں کا کہنا تھا کہ اس طرح کے پروگرام ثقافت کو اجاگر کرنے اور زبان کے فروغ میں انتہائی مددگار ثابت ہوتے ہیں۔