21 مئی 2026

رپورٹ: کامران حمید


فیصل آباد: نبیلہ کی بہن کو غائب ہوئے تقریباً دو سال بیت چکے ہیں۔ بیس سالہ لڑکی کے پاس نہ موبائل فون تھا، نہ کسی سے کوئی رابطہ — پھر بھی وہ ایک دن گھر سے نکلی اور واپس نہ آئی۔ خاندان نے پولیس کے چکر لگائے، درخواستیں دیں، لیکن ہر بار ایک ہی جواب ملا: “گھر جائیں، بچی خود واپس آ جائے گی۔”

نبیلہ کہتی ہیں: “ہماری بچی کو غائب ہوئے تقریباً دو سال ہو گئے ہیں، ابھی تک کوئی سراغ نہیں۔ پولیس والے الٹا ہم سے طرح طرح کے سوالات کرتے ہیں۔ ہم جس کے پاس بھی جاتے ہیں، یہی کہتے ہیں کہ آپ کی بچی واپس آ جائے گی۔ سی ایم پنجاب مریم نواز خواتین کے حقوق کے لیے کام کر رہی ہیں — ہماری ان سے گزارش ہے کہ ہماری بچی کو بھی ہمیں واپس دلوائیں۔”

صرف فیصل آباد میں 118 خواتین لاپتہ

نبیلہ کی کہانی کوئی انوکھی کہانی نہیں۔ فیصل آباد پولیس گزشتہ چار سالوں میں اغوا ہونے والی 118 خواتین کو بازیاب کروانے میں ناکام رہی ہے — جن میں 28 شادی شدہ اور 90 غیر شادی شدہ خواتین شامل ہیں۔

پنجاب بھر کے اعداد و شمار اس سے بھی زیادہ تشویشناک ہیں۔ 2021 سے 2025 کے درمیان خواتین کے اغوا کے ایک لاکھ پانچ ہزار سے زائد مقدمات درج ہوئے۔ آئی جی پنجاب کے مطابق ان میں سے اب تک صرف 612 خواتین بازیاب ہو سکیں، جبکہ 3258 خواتین تاحال لاپتہ ہیں۔

“پولیس چاہے تو سب ممکن ہے”

ماہرِ قانون عرفان سندھو کے مطابق لاپتہ خواتین کے معاملے میں سب سے بڑی رکاوٹ معاشرتی رویہ ہے — جہاں پہلا شک لڑکی پر ہی کیا جاتا ہے۔ “ہماری سوسائٹی میں جب لڑکی لاپتہ ہو جائے تو سب سے پہلے یہی کہا جاتا ہے کہ اس نے بھاگ کر شادی کر لی ہوگی۔ فیملی کو دلاسہ دے کر کہہ دیا جاتا ہے کہ دو چار ماہ صبر کریں، بچی خود سامنے آ جائے گی۔ حقیقت یہ ہے کہ ہر صورتحال ایسی نہیں ہوتی۔ اگر پولیس واقعی بازیابی چاہے، تفتیشی افسر اپنی ذمہ داری نبھائے اور نگرانی ہو، تو یہ بالکل ممکن ہے کہ لاپتہ خواتین کو بازیاب کروایا جا سکے۔”

عرفان سندھو کا مزید کہنا ہے کہ ایف آئی آر کا فوری اندراج، شفاف تفتیش اور متاثرہ خاندانوں کو قانونی معاونت ریاست کی بنیادی ذمہ داری ہے۔ عدالتیں بھی ایسے مقدمات کو سنجیدگی سے نمٹانے کی ہدایات دے چکی ہیں، لیکن زمینی حقیقت مختلف ہے۔

پولیس کا مؤقف: کچھ اپنی مرضی سے گئیں

ریٹائرڈ ڈی ایس پی پنجاب پولیس الطاف وٹو کے مطابق قانون کی کچھ شقیں بھی اس مسئلے کو پیچیدہ بناتی ہیں: “مسلم فیملی لاء آرڈیننس کے تحت 18 سال سے زائد عمر کے لڑکے اور لڑکی کو پسند کی شادی کا حق حاصل ہے۔ کئی مقدمات میں گھر والے چھوٹی عمر ظاہر کر کے مقدمہ درج کرواتے ہیں، لیکن جب عدالت میں سرٹیفکیٹ پیش ہوتے ہیں اور عمر پوری نکلتی ہے تو عدالت لڑکی کو آزاد قرار دے دیتی ہے۔”

تاہم پولیس کا باضابطہ مؤقف یہ ہے کہ بعض مقدمات میں خواتین اپنی مرضی سے گئیں، اور باقی تمام کیسز کی تفتیش کے لیے خصوصی ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔

خاندانوں کے لیے جان لیوا اذیت

فیصل آباد سمیت پنجاب بھر میں سینکڑوں خواتین کی عدم بازیابی نہ صرف پولیس کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے، بلکہ ان خاندانوں کے لیے ایک نہ ختم ہونے والی اذیت بھی ہے جو برسوں سے اپنی بیٹیوں، بہنوں اور ماؤں کی راہ تک رہے ہیں۔ نبیلہ جیسی ہزاروں فیملیاں آج بھی دروازے پر نظریں جمائے بیٹھی ہیں — اور انتظار ختم ہونے کا نام نہیں لیتا۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here