05 مئی 2026

سٹاف رپورٹ


ماہرِ معاشیات ڈاکٹر فرخ سلیم نے کہا ہے کہ عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں اضافے کے باوجود انڈیا نے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ نہیں کیا، اور وہاں آج بھی پیٹرول کی وہی قیمت برقرار ہے جو یکم فروری کو تھی۔ قیمتوں کو مستحکم رکھنے کے لیے انڈیا نے اضافی بوجھ شہریوں پر ڈالنے کے بجائے آئل ریفائنریز پر منتقل کیا۔

آج نیوز کے پروگرام اسپاٹ لائٹ میں میزبان منیزے جہانگیر کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر فرخ سلیم نے کہا کہ انڈیا نے پیٹرول کی قیمتوں کو مستحکم رکھنے کے لیے ایکسائز ڈیوٹی بھی کم کر دی تھی۔

ڈاکٹر فرخ سلیم کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان میں پیٹرولیم لیوی بڑھا کر حکومت نے اپنا خزانہ بھی بھر لیا اور قیمتوں میں اضافے کا بوجھ عوام پر منتقل کر دیا۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ پاکستان میں آئل ریفائنریز نے اپنی بیلنس شیٹس میں منافع ظاہر کیا ہے۔

اس حوالے سے پروگرام میں شریک مسلم لیگ (ن) کے رکنِ قومی اسمبلی اور پارلیمانی سیکرٹری برائے خزانہ سعد وسیم کا کہنا تھا کہ پاکستان کا انڈیا سے موازنہ درست نہیں، کیونکہ انڈیا آئی ایم ایف پروگرام میں شامل نہیں، اس کی کرنسی مضبوط ہے اور اس کے پاس فِسکل اسپیس زیادہ ہے، اسی لیے وہاں تیل کی قیمتیں نہیں بڑھیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان نے تمام مشکلات کے باوجود تیل کی قیمتوں میں نسبتاً کم اضافہ کیا، ورنہ آج پیٹرول چھ سو روپے فی لٹر تک جا سکتا تھا۔

تحریکِ انصاف کے رہنما اور خیبر پختونخوا کے سابق وزیر خزانہ تیمور سلیم جھگڑا نے کہا کہ انڈیا آئی ایم ایف پروگرام میں نہیں، اس کے باوجود وہاں کسی صوبے کے گورنر نے گلف اسٹریم جیٹ نہیں خریدا، جبکہ پاکستان آئی ایم ایف پروگرام میں ہونے کے باوجود ایسے اخراجات کیے جا رہے ہیں۔ ان کے مطابق انڈیا کی معاشی پالیسی میں تسلسل رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں پیٹرول پر تقریباً ایک سو تیس روپے ٹیکس عائد ہے، جس میں ایک سو دو سے تین روپے پیٹرولیم لیوی، کسٹم ڈیوٹی اور کاربن لیوی شامل ہیں۔ ان کے مطابق بہتر مینجمنٹ ہوتی تو یہ مارجن کم کیا جا سکتا تھا، لیکن حکومت نے مشکل حالات میں بھی ٹیکس کم کرنے کے بجائے بڑھایا۔

ڈاکٹر فرخ سلیم نے پاکستان کے آئی ایم ایف پروگرام کے حوالے سے کہا کہ فیول پالیسی میں آئی ایم ایف کا براہِ راست کوئی عمل دخل نہیں۔ ان کے مطابق انڈیا نے بوجھ کارپوریٹ بیلنس شیٹس پر منتقل کیا، جس پر آئی ایم ایف کو کوئی اعتراض نہیں ہوتا، اور یہی پالیسی پاکستان بھی اپنا سکتا تھا۔

تاہم پارلیمانی سیکرٹری برائے خزانہ سعد وسیم کا کہنا تھا کہ انڈیا میں آئل ریفائنریز حکومتی ملکیت ہیں، اس لیے ان کا منافع کم کر کے دراصل بوجھ حکومت ہی برداشت کرتی ہے۔

اس پر ڈاکٹر فرخ سلیم نے کہا کہ اگر انڈیا میں ریفائنریز حکومتی ملکیت ہیں تو پاکستان میں بھی کچھ ریفائنریز سرکاری کنٹرول میں ہیں، جیسے پاکستان ریفائنری، نیشنل ریفائنری اور پی ایس او، اور ان کی بیلنس شیٹس بھی مضبوط ہیں، اس لیے اس بوجھ کو ان پر منتقل کیا جا سکتا تھا۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here