03 جون 2026
سٹاف رپورٹ
پاکستان تحریک انصاف کے ناراض رہنما اور رکن قومی اسمبلی شیر افضل مروت نے دعویٰ کیا ہے کہ خیبر پختونخوا حکومت کو اپوزیشن کی جانب سے عدم اعتماد کی تحریک سے زیادہ خطرہ پارٹی کے بانی عمران خان سے ہے، کیونکہ ان کے بقول مختلف افراد عمران خان تک اپنی بات پہنچا کر فیصلوں پر اثر انداز ہوتے ہیں اور وہ ماضی کی طرح وزیر اعلیٰ کو تبدیل کرنے کا فیصلہ بھی کر سکتے ہیں۔
آج نیوز کے پروگرام ’’سپاٹ لائٹ‘‘ میں میزبان منیزے جہانگیر سے گفتگو کرتے ہوئے شیر افضل مروت نے کہا کہ باہمی اختلافات اب تحریک انصاف کا مستقل حصہ بن چکے ہیں۔ ان کے مطابق یہ کوئی ڈھکی چھپی بات نہیں کہ علی امین گنڈاپور کے دورِ وزارتِ اعلیٰ میں بھی اسد قیصر اور عاطف خان کے گروپ ان کے مخالف تھے۔
انہوں نے مزید کہا کہ بلے کا انتخابی نشان واپس لیے جانے کے بعد تحریک انصاف کے ارکان پارلیمنٹ آزاد حیثیت اختیار کر چکے ہیں اور ان پر ڈیفیکشن کلاز کا اطلاق بھی نہیں ہوتا۔
اس حوالے سے تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی بیرسٹر عمیر نیازی نے کہا کہ عمران خان اصولوں کی بنیاد پر فیصلے کرتے ہیں اور اگر انہیں محسوس ہوا کہ تبدیلی ضروری ہے تو وہ ضرور فیصلہ کریں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ نہ علی امین گنڈاپور کی حکومت ذاتی حیثیت میں تھی اور نہ ہی سہیل آفریدی کی ہوگی، کیونکہ دونوں کا اپنا کوئی الگ گروپ یا دھڑا موجود نہیں۔ ان کے بقول تحریک انصاف میں کوئی بھی شخص عمران خان کی نافرمانی نہیں کر سکتا۔
عمران خان کی اپنے اہل خانہ سے ملاقاتوں کے حوالے سے سوال کے جواب میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما مشتاق منہاس نے کہا کہ اگر کسی حکومتی رکاوٹ کی وجہ سے ملاقاتیں نہیں ہو رہیں تو یہ مناسب نہیں، تاہم ان کے بقول عمران خان کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس سے جاری ہونے والے بعض بیانات ملکی سلامتی کے لیے نقصان دہ ہیں۔
محمود خان اچکزئی کے خلاف مقدمے کے حوالے سے مشتاق منہاس نے کہا کہ وہ ایک سینئر سیاست دان ہیں جو ہمیشہ اپنے مؤقف کا اظہار کرتے رہے ہیں۔ ان کے بقول انہیں ان عناصر کے ساتھ نہیں جوڑنا چاہیے جو تشدد یا مسلح کارروائیوں میں ملوث رہے ہیں۔
دوسری جانب شیر افضل مروت نے کہا کہ انہوں نے محمود خان اچکزئی کی تقریر سنی ہے، تاہم پاکستان کی شناخت اور سالمیت ہر چیز سے مقدم ہونی چاہیے۔
انہوں نے مزید کہا کہ وہ پختونوں کے لیے ایسا راستہ مناسب نہیں سمجھتے جو علیحدگی پسندی کی طرف لے جائے، اور تحریک انصاف کو بھی واضح کرنا چاہیے کہ آیا وہ ایسے بیانات کی حمایت کرتی ہے یا نہیں۔
اس معاملے پر بیرسٹر عمیر نیازی نے کہا کہ بلوچستان کے حالات تشویش ناک ہیں لیکن انہیں میڈیا میں مناسب توجہ نہیں مل رہی۔ ان کے مطابق ریاستی اداروں اور سیاسی قیادت کو اس صورتحال کا سنجیدگی سے جائزہ لینا چاہیے۔ انہوں نے سابق آرمی چیف جنرل (ر) قمر جاوید باجوہ کے اس بیان کا حوالہ بھی دیا کہ فوج ماضی میں سیاست میں مداخلت کرتی رہی، لیکن اس معاملے پر کسی کا احتساب نہیں ہوا۔
پروگرام کے دوران جب میزبان منیزے جہانگیر نے مشتاق منہاس سے سوال کیا کہ مسلم لیگ (ن) ماضی میں احتساب کی بات کرتی رہی ہے تو اب اس معاملے پر خاموش کیوں ہے، تو انہوں نے جواب دیا کہ سیاست دان جمہوریت اور آئین کی بات تو کرتے ہیں لیکن تمام اختیارات ان کے پاس نہیں ہوتے۔ ان کے بقول ملک اس وقت ایک ہائبرڈ نظام کے تحت چل رہا ہے اور چونکہ حالات بہتری کی جانب جا رہے ہیں اس لیے ماضی کے تنازعات کو پیچھے چھوڑ دینا چاہیے۔
تحریک انصاف کے اندرونی اختلافات پر گفتگو کرتے ہوئے شیر افضل مروت نے کہا کہ پارٹی معاملات میں عمران خان کی بہنوں کی مداخلت نہیں ہونی چاہیے۔ ان کا الزام تھا کہ سیاسی فیصلے خاندان کے افراد کرتے ہیں اور بعد ازاں اڈیالہ جیل جا کر ان کی منظوری حاصل کر لی جاتی ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ عمران خان نے اپنے کسی رہنما کو اپوزیشن لیڈر کے منصب کے لیے بھی موزوں نہیں سمجھا۔