09 جون 2026
رپورٹ: فرحان طارق
آزادکشمیر میں سات جون سے شروع ہونے والی جزوی پہیہ جام شٹر ڈاون ہڑتال آج تیسرے روز میں داخل ہو چکی ہے۔ مظفرآباد سمیت پونچھ ڈویژن بھر میں پہیہ جام شٹر ڈاؤن ہڑتال جاری ہے۔ تاہم دوسری جانب آج میر پور ڈویژن سے کالعدم جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی نے بھمبر سے لانگ مارچ کے آغاز کا اعلان کر رکھا ہے۔ آج رات یہ قافلے پونچھ ڈویژن میں داخل ہو کر ضلع راولاکوٹ میں پڑاؤ ڈالیں گے۔ حکومت کی جانب سے کالعدم قرار دی جانے والی جموں کشمیر جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی نے اعلان کر رکھا تھا کہ نو جون کو میرپور ڈویژن سے مظفرآباد کی جانب لانگ مارچ کا آغاز کیا جائے گا، جو اس وقت جاری ہے۔ مقامی صحافی کے مطابق اس مارچ میں ہزاروں لوگ ہیں جبکہ پولیس نے پانچ سو افراد کی تصدیق کی ہے۔

نو جون کو پہیہ جام شٹر ڈاؤن ہڑتال کے اعلان سے دو روز قبل ہی چھ جون کی شب کور ممبر جیک کے اوپر مبینہ فائرنگ اور ان کے ساتھی کی ہلاکت کے بعد خطے میں سیاسی درجہ حرارت بڑھ چکا ہے اور اس وقت پورے آزاد کشمیر میں دفعہ 144 کا نفاذ ہے۔

آزاد کشمیر کے دار الحکومت مظفرآباد کی بات کی جاۓ تو تمام چھوٹے بڑے تجارتی مراکز بند ہیں۔ سڑکوں پر ٹریفک نہ ہونے کے برابر ہے۔ شاہراہوں پر اکثر نظر آنے والی سرکاری گاڑیاں سرے سے ہی غائب ہیں۔ دوسری طرف تمام حکومتی اراکین بھی منظر عام سے غائب ہیں۔ خطے کے وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور بھی پانچ جون کی شام اسلام آباد منتقل ہو گئے تھے۔ خطے میں چھ اور سات جون کی شب سے انٹرنیٹ سروس بھی بدستور معطل ہے۔

چھ جون کو مبینہ طور پر نقاب پوشوں کی مبینہ فائرنگ سے کالعدم جے اے سی کے کارکن شاہزیب حبیب ہلاک ہو گئے تھے۔ ان کی میت سمیت پونچھ ڈویژن میں مبینہ طور پر فائرنگ سے ہلاک ہونے والے دیگر چھ عام شہریوں کی میتیں ورثا کے حوالے نہیں کی گئیں۔ کمشنر پونچھ نے بی بی سی کو بتایا ہے کہ انتظامیہ نےخود ان کی لاشیں دفنا دی ہیں تاہم انہوں نے اس بات سے لا علمی کا اظہار کیا کہ انہیں کس مقام پر دفنایا گیا ہے۔ ضلع راولاکوٹ میں جھڑپوں میں ہلاک ہونے والے پولیس اہلکاروں کی نماز جنازہ گزشتہ روز راولاکوٹ میں ادا کر دی گئی ہے، جس میں جی او سی مری آزاد کشمیر کے چیف سیکرٹری اور انسپکٹر پولیس آزاد کشمیر نے شرکت کی۔

دو روز قبل جاری ہونے والی پولیس پریس ریلیز کے مطابق کالعدم جیک کے 72 افراد کو حراست میں لیا گیا ہے، تاہم ابھی تک انہیں کسی عدالت میں نہیں پیش کیا جا سکا۔ کالعدم جیک کے مظفرآباد ڈویژن سے دو کور ممبران راجہ امجد ایڈوکیٹ اور انجم الزمان جبکہ میرپور ڈویژن سے کور ممبر توصیف جرال کو حراست میں لینے کی بھی تصدیق کی گئی ہے۔
