16 جون 2026

رپورٹ: حفیظ اللہ ستوری شیرانی


ماضی کے معروف نیم سرکاری میڈیا ادارے ’’شالیمار ریکارڈنگ اینڈ براڈکاسٹنگ کمپنی‘‘ (اے ٹی وی) کے ملازمین نے نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے اپنے دیرینہ مالی مسائل اور ادارے کی ابتر صورتحال پر شدید تشویش کا اظہار کیا۔ نیشنل پریس کلب کے سامنے ہونے والے احتجاج میں خواتین ملازمین، بیواؤں اور متاثرہ خاندانوں کی بڑی تعداد شریک تھی، جو گزشتہ کئی برسوں سے کسمپرسی کی زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔

ملازمین کے نمائندوں نے بتایا کہ ادارے کے 280 ملازمین گزشتہ 32 ماہ سے تنخواہوں سے محروم ہیں۔ اس دوران انہیں پراویڈنٹ فنڈ، گریجویٹی اور دیگر واجبات بھی ادا نہیں کیے گئے۔ ان کے مطابق ادارے کے ذمے ملازمین کے سوا دو ارب روپے سے زائد واجبات بقایا ہیں، جس کے باعث سیکڑوں خاندان شدید معاشی مشکلات کا شکار ہیں۔

اے ٹی وی ملازمین یونین کے نمائندے محمد سہیل نے وائس پی کے کو بتایا کہ یہ ادارہ 1974 سے کام کر رہا ہے اور اس وقت ’’شالیمار ریکارڈنگ اینڈ براڈکاسٹنگ کمپنی لمیٹڈ‘‘ کے نام سے رجسٹرڈ ہے۔ اے ٹی وی اور ایف ایم ریڈیو 94.6 اس کے دو ذیلی نشریاتی ادارے ہیں، جبکہ اے ٹی وی بنیادی طور پر تفریحی نشریات پر مشتمل چینل ہے۔

انہوں نے کہا کہ 280 ملازمین گزشتہ چھ برسوں سے مسلسل بحران کا شکار ہیں اور انہیں گزشتہ 32 ماہ کی تنخواہیں ادا نہیں کی گئیں۔

محمد سہیل کا کہنا تھا کہ،’’تنخواہیں نہ ملنے کی وجہ سے ملازمین کے گھروں میں فاقوں کی نوبت آ گئی ہے۔ احتجاج کرتے کرتے اور اپنا حق مانگتے مانگتے ہمارے تقریباً 19 ساتھی اس دنیا سے چلے گئے، جن میں سے اکثر شدید ذہنی دباؤ اور ڈپریشن کا شکار ہو گئے تھے۔‘‘

انہوں نے مزید بتایا کہ شالیمار ریکارڈنگ اینڈ براڈکاسٹنگ کمپنی (ایس آر بی سی) 18 دسمبر 1974 کو قائم کی گئی تھی اور یہ وزارت اطلاعات و نشریات کے زیرِ انتظام ایک قومی ادارہ ہے۔ اس کے 71 فیصد شیئرز پاکستان ٹیلی ویژن، 20 فیصد پاکستان براڈکاسٹنگ کارپوریشن (ریڈیو پاکستان) اور 2 فیصد پاکستان نیشنل کونسل آف آرٹس کے پاس ہیں۔

ان کے مطابق اے ٹی وی پاکستان کا دوسرا بڑا ٹیلی ویژن نیٹ ورک ہے، جس نے اپنی تاریخ میں کبھی حکومت پاکستان سے مالی گرانٹ یا سبسڈی حاصل نہیں کی بلکہ اپنے وسائل سے ادارہ چلایا۔

محمد سہیل نے الزام عائد کیا کہ 2005 سے 2018 تک ادارہ نجی انتظام کے تحت کامیابی سے چلتا رہا، تاہم بعد ازاں بعض غلط انتظامی فیصلوں اور مالی بے ضابطگیوں کے باعث شدید بحران کا شکار ہو گیا۔ ان کے مطابق حبیب بینک سے بھاری سودی قرضے حاصل کیے گئے، ملازمین کے پراویڈنٹ فنڈز استعمال کیے گئے، مختلف کمپنیوں سے قرض لے کر غیر ضروری منصوبے شروع کیے گئے اور اربوں روپے مالیت کے اشتہارات مفت نشر کیے گئے، جس سے ادارے کو ناقابلِ تلافی نقصان پہنچا۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ 2018 کے بعد کمپنی کا آڈٹ نہیں کرایا گیا اور ان تمام فیصلوں میں ملازمین کا کوئی کردار نہیں تھا، اس لیے ادارے کی موجودہ صورتحال کا بوجھ کارکنوں پر نہیں ڈالا جا سکتا۔ ان کا کہنا تھا کہ ادارہ نیم سرکاری حیثیت رکھتا ہے، لیکن اس کے باوجود حکومت اس مسئلے کے حل میں سنجیدگی کا مظاہرہ نہیں کر رہی۔

پریس کانفرنس کے دوران، احتجاج میں شریک ثمینہ غضنفر عباسی نے وائس پی کے کو بتایا کہ وہ خود بیمار ہیں اور اسپتال سے آ کر احتجاج میں شریک ہوئی ہیں۔

انہوں نے کہا، ’’میں گزشتہ کئی مہینوں سے ایوانوں کے چکر کاٹتے کاٹتے تھک چکی ہوں۔ گزشتہ ہفتے وفاقی وزیر اطلاعات سے ملاقات بھی ہوئی تھی اور انہیں اپنے اور اپنے ساتھی ملازمین کی تمام مشکلات اور پریشانیوں سے آگاہ کیا تھا۔ اس مہنگائی کے دور میں ہمارے ساتھی شدید ذہنی اذیت کا شکار ہو چکے ہیں۔‘‘

ثمینہ عباسی کے مطابق وفاقی وزیر اطلاعات نے یقین دہانی کرائی تھی کہ بجٹ کے معاملات نمٹنے کے بعد ان کے مسائل کے حل کے لیے اقدامات کیے جائیں گے۔ انہیں توقع تھی کہ وفاقی بجٹ میں ان کی مالی مشکلات کے حل کے لیے خصوصی فنڈ رکھا جائے گا، تاہم ایسا نہیں ہوا، جس پر انہیں افسوس ہے۔

انہوں نے انکشاف کیا کہ 30 نومبر 2025 کو انہیں ادارے کے لیکویڈیٹر کی جانب سے باضابطہ خط موصول ہوا، جس میں انہیں بتایا گیا کہ وہ ادارے سے فارغ کی جا چکی ہیں اور دفتر آنے کی ضرورت نہیں۔

احتجاج میں شریک ایک اور خاتون آسیہ بی بی نے وائس پی کے کو بتایا کہ وہ بیوہ ہیں اور اپنے بچوں کی کفالت کی ذمہ داری ان کے کندھوں پر ہے۔ ان کے مطابق تنخواہیں نہ ملنے کے باعث وہ شدید مشکلات کا شکار ہیں اور اب بچوں کے لیے خوراک کا انتظام کرنا بھی دشوار ہو چکا ہے۔

چند روز قبل وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ اس مسئلے کے حل کے لیے سنجیدہ اقدامات کر رہے ہیں، تاہم ملازمین کے مطابق ادارہ عملی طور پر بند ہو چکا ہے۔

عدالتی کارروائی اور ادارے کے خاتمے کے عمل سے متعلق ملازمین کے نمائندوں نے واضح کیا کہ ادارے کی وائنڈنگ اپ کی کارروائی ملازمین یا یونین کی جانب سے نہیں بلکہ سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) نے شروع کی تھی۔

انہوں نے کہا کہ ملازمین نے اپنی تنخواہوں کی ادائیگی اور ادارے کی بحالی کے لیے عدالت سے رجوع ضرور کیا تھا، تاہم حکومتی یقین دہانیوں پر اپنی درخواست واپس لے لی گئی تھی۔

دوسری جانب اے ٹی وی کا مقدمہ اس وقت اسلام آباد ہائی کورٹ میں زیرِ سماعت ہے۔ ملازمین کے مطابق عدالت متعدد مرتبہ حکومت، وزارت اطلاعات اور پاکستان ٹیلی ویژن کو ادارے کی بحالی کے لیے جامع منصوبہ پیش کرنے کی ہدایت کر چکی ہے، لیکن آج تک کوئی مؤثر بحالی منصوبہ عدالت میں پیش نہیں کیا گیا۔

ان کا کہنا تھا کہ وفاقی وزیر اطلاعات نے بھی عدالت میں ادارے کی بحالی اور ملازمین کے روزگار کے تحفظ کی یقین دہانی کرائی تھی، لیکن اس پر عمل درآمد نہیں ہو سکا۔

ملازمین نے وزیراعظم شہباز شریف، وفاقی حکومت اور وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ سے اپیل کی کہ اے ٹی وی جیسے قومی ادارے کو بند ہونے سے بچایا جائے، تمام بقایا تنخواہیں اور واجبات فوری طور پر ادا کیے جائیں، ریٹائرڈ ملازمین کے بقایاجات کی ادائیگی یقینی بنائی جائے اور ادارے کی مستقل بحالی کے لیے ہنگامی بنیادوں پر عملی اقدامات کیے جائیں۔

انہوں نے کہا کہ اگر حکومت ادارے کو چلانے میں دلچسپی نہیں رکھتی تو کم از کم تمام ملازمین کے واجبات ادا کرکے انہیں دیگر سرکاری اداروں میں کھپایا جائے تاکہ سیکڑوں خاندانوں کے روزگار کا تحفظ ممکن بنایا جا سکے۔

پریس کانفرنس کے اختتام پر ملازمین نے مطالبہ کیا کہ عدالت میں کیے گئے وعدوں کے مطابق اے ٹی وی کا بحالی منصوبہ فوری طور پر پیش کیا جائے تاکہ ادارے کی بحالی، ملازمین کے روزگار کے تحفظ اور ان کے مسائل کے حل کی راہ ہموار ہو سکے۔ انہوں نے عدالت سے بھی استدعا کی کہ اس مسئلے کے حل میں اپنا کردار ادا کرے۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here