15 جون 2026

رپورٹ: حفیظ اللہ ستوری شیرانی


اسلام آباد: وفاقی حکومت کی جانب سے مالی سال 2027-26 کے لیے 18 ہزار 771 ارب روپے سے زائد حجم کا بجٹ پیش کیے جانے کے بعد بلوچستان سے تعلق رکھنے والے مختلف سیاسی جماعتوں کے ارکانِ قومی اسمبلی اور سینیٹرز نے وفاقی ترقیاتی پروگرام (پی ایس ڈی پی)، شاہراہوں کی تعمیر، فنڈز کی تقسیم اور صوبے میں امن و امان کی صورتحال پر شدید تحفظات کا اظہار کیا ہے، جبکہ حکومتی ارکان نے بجٹ کا دفاع کرتے ہوئے اسے بلوچستان کی ضروریات سے ہم آہنگ قرار دیا ہے۔

نیشنل پارٹی کے سینیٹر جان محمد بلیدی نے بجٹ کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے صوبوں کے حقوق اور نان ٹیکس آمدنی کے اہداف پر سوالات اٹھائے۔ ان کا کہنا تھا کہ ابتدا میں پاکستان پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) کے درمیان مشاورت کے باعث یہ توقع پیدا ہوئی تھی کہ بجٹ عوام دوست ہوگا اور اس میں عوامی مسائل کو ترجیح دی جائے گی، تاہم بجٹ سامنے آنے کے بعد ایسی کوئی جھلک دکھائی نہیں دی۔

انہوں نے کہا کہ محسوس یہی ہوتا ہے کہ دونوں جماعتوں نے محض وسائل کی تقسیم پنجاب اور سندھ کے درمیان طے کی ہے، کیونکہ بجٹ میں عوامی فلاح کا کوئی واضح پہلو نظر نہیں آتا۔ ان کے بقول پہلی مرتبہ صوبوں سے بھی وصولیوں کی بات کی گئی ہے۔

نان ٹیکس آمدنی کے ہدف پر اعتراض کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بجٹ میں نان ٹیکس آمدنی کی مد میں تقریباً پانچ ہزار ارب روپے کا ہدف رکھا گیا ہے، لیکن یہ واضح نہیں کیا گیا کہ ٹیکس کے بغیر عوام سے رقم کس مد میں وصول کی جائے گی۔ اگر یہ محصولات کی مد میں آتا ہے تو اسے قومی مالیاتی کمیشن (این ایف سی) کے تحت تقسیم ہونا چاہیے۔

انہوں نے اٹھارہویں آئینی ترمیم کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ٹیکس وصول کرنے کا اختیار صوبوں کو دیا گیا تھا، لیکن آج تک اس پر مکمل عمل درآمد نہیں ہو سکا۔ ان کے مطابق فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) تمام اختیارات اپنے پاس رکھے ہوئے ہے اور وہ خود کو ہر معاملے کا واحد ذمہ دار سمجھتا ہے۔

ترقیاتی منصوبوں پر تنقید کرتے ہوئے جان محمد بلیدی نے کہا کہ متعدد منصوبوں کے لیے اتنی کم رقوم مختص کی گئی ہیں کہ ان کی تکمیل میں دہائیاں لگ سکتی ہیں۔ ان کے بقول بلوچستان اور خیبر پختونخوا کی سیکیورٹی صورتحال کو بھی بجٹ میں مناسب اہمیت نہیں دی گئی، جس سے وفاق اور بلوچستان کے درمیان بڑھتی ہوئی دوریاں مزید گہری ہونے کا خدشہ ہے۔

پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی کے چیئرمین اور رکن قومی اسمبلی خوشحال خان کاکڑ نے بجٹ کی ترجیحات کو آئی ایم ایف کی شرائط اور دفاعی اخراجات تک محدود قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ بجٹ دراصل صرف یہ بتاتا ہے کہ قرضوں، سود کی ادائیگی اور دفاع کے لیے کتنی رقم مختص کی گئی ہے، جبکہ عوام پر مزید مالی بوجھ ڈالنے کی تیاری کی جا رہی ہے۔ ان کے بقول باقی تمام شعبوں کے لیے مختص رقم “آٹے میں نمک کے برابر” ہے۔

اس کے برعکس مسلم لیگ (ن) سے تعلق رکھنے والے کوئٹہ کے رکن قومی اسمبلی جمال شاہ کاکڑ نے بلوچستان کے لیے مختص فنڈز پر اطمینان کا اظہار کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ کراچی-چمن شاہراہ، کوئٹہ-ژوب روڈ، یارک تا ژوب سی پیک موٹروے اور ژوب بائی پاس سمیت مختلف منصوبوں کے لیے خاطر خواہ رقوم مختص کی گئی ہیں، جس پر وہ مطمئن ہیں۔

تاہم بلوچستان عوامی پارٹی (بی اے پی) کے سینیٹر دنیش کمار بجٹ سے مطمئن دکھائی نہیں دیے۔ ان کا کہنا تھا کہ محدود وسائل کے باعث مکمل اطمینان ممکن نہیں، تاہم بلوچستان کے نمائندے کی حیثیت سے انہیں مایوسی ہوئی ہے کیونکہ صوبے کے لیے کوئی غیر معمولی فنڈ مختص نہیں کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ این-25 شاہراہ کے لیے مختص 100 ارب روپے کے باوجود یہ منصوبہ جلد مکمل ہوتا دکھائی نہیں دیتا، حالانکہ گزشتہ سال وزیراعظم نے دعویٰ کیا تھا کہ یہ منصوبہ دو برس میں مکمل کر لیا جائے گا۔ انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان میں امن و امان کی نازک صورتحال کے باوجود قانون نافذ کرنے والے اداروں کی استعداد کار بڑھانے کے لیے خاطر خواہ وسائل فراہم نہیں کیے گئے۔

دنیش کمار کے مطابق وفاق نے بلوچستان کے ترقیاتی بجٹ میں سے 56 ارب روپے کم کر لیے ہیں، جو صوبے کے ساتھ ناانصافی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بلوچستان کے عوام پہلے ہی مشکلات کا شکار ہیں اور ایسے فیصلے ان کی پریشانیوں میں مزید اضافہ کریں گے۔

پاکستان پیپلز پارٹی کے سینیٹر بلال مندوخیل نے بھی انفراسٹرکچر، صحت اور تعلیم کے شعبوں کو نظر انداز کیے جانے پر عدم اطمینان کا اظہار کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ بلوچستان ایک وسیع اور وسائل سے مالا مال صوبہ ہے، جہاں ترقیاتی سرمایہ کاری کے مثبت نتائج پورے ملک کو حاصل ہو سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بلوچستان کی معیشت میں معدنیات بنیادی اہمیت رکھتی ہیں، لیکن ان وسائل سے فائدہ اٹھانے کے لیے سڑکوں کا مضبوط جال ناگزیر ہے۔ ان کے مطابق کوئٹہ-ژوب شاہراہ کے لیے ایک روپیہ بھی مختص نہیں کیا گیا، حالانکہ یہ شاہراہ ژوب، ڈی آئی خان، اسلام آباد، خیبر پختونخوا اور بالآخر چین تک رسائی کے تناظر میں غیر معمولی اہمیت کی حامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر کوئٹہ-ژوب اور ژوب-ڈی آئی خان شاہراہوں کو نظر انداز کیا جاتا رہا تو سی پیک کے تصور کو مکمل طور پر عملی شکل دینا ممکن نہیں ہوگا۔

بلال مندوخیل نے کہا کہ اگرچہ این-25 کوئٹہ-کراچی شاہراہ کی بہتری کا عمل خوش آئند ہے، تاہم دیگر اہم رابطہ سڑکوں کی عدم توجہی مستقبل کی معاشی ترقی میں رکاوٹ بن سکتی ہے۔

صحت اور تعلیم کے شعبوں سے متعلق انہوں نے کہا کہ ان کے لیے مختص چند ارب روپے ملکی ضروریات کے مقابلے میں نہایت ناکافی ہیں، جو حکومتی ترجیحات پر سوالیہ نشان ہیں۔

جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سینئر رہنما اور رکن پارلیمنٹ مولانا عبدالغفور حیدری نے کہا کہ بلوچستان کو بجٹ کی تقسیم آبادی کے بجائے رقبے کی بنیاد پر بھی حصہ ملنا چاہیے، کیونکہ ترقیاتی منصوبے زمین پر بنتے ہیں، چہروں پر نہیں۔

انہوں نے کہا کہ پانی، بجلی، گیس اور سڑکوں کی فراہمی کے لیے وسیع جغرافیے کو مدنظر رکھنا ضروری ہے، بصورت دیگر بلوچستان کی ترقی کا خواب طویل عرصے تک شرمندۂ تعبیر نہیں ہو سکے گا۔

دوسری جانب وفاقی حکومت کا مؤقف پیش کرتے ہوئے وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا کہ وزیراعظم نے قومی اسمبلی میں بلوچستان سے متعلق حکومتی اقدامات کی تفصیل بیان کی ہے۔

ان کے مطابق بلوچستان کے کسانوں، شاہراہوں، بجلی کی فراہمی اور امن و امان سے متعلق منصوبوں کے لیے بجٹ میں ضروری فنڈز مختص کیے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کا امن اور ترقی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہیں اور حکومت صوبے کی ضروریات سے غافل نہیں۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here