23 جون 2026

سٹاف رپورٹ


اسلام آباد: انسدادِ دہشت گردی عدالت کوئٹہ ون نے بلوچ یکجہت کمیٹی (بی وائی سی) کی سربراہ ڈاکٹر ماہ رنگ بلوچ اور مرکزی رہنما صبغت اللہ شاہ کو عمر قید کی سزا سنانے کا فیصلہ دیا ہے۔ یہ فیصلہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب ملزمان، ان کے حامیوں اور قانونی ٹیم کی جانب سے عدالتی کارروائی کے بائیکاٹ کا اعلان کیا جا چکا تھا، جبکہ گرفتار رہنما گزشتہ 12 جون سے ڈسٹرکٹ جیل ہدہ میں احتجاجی دھرنا دیے ہوئے ہیں۔

عدالتی فیصلے کے بعد بلوچستان کی مختلف سیاسی جماعتوں اور رہنماؤں نے سخت ردعمل دیتے ہوئے اسے صوبے کے سیاسی اور انسانی حقوق کے تناظر میں تشویش ناک قرار دیا ہے۔ ان کا مؤقف ہے کہ ایسے فیصلے بلوچستان میں پہلے سے موجود بے اعتمادی اور سیاسی کشیدگی میں مزید اضافہ کر سکتے ہیں۔

اختر مینگل: منصفانہ ٹرائل سے متعلق سنجیدہ سوالات موجود ہیں

بلوچستان نیشنل پارٹی (مینگل) کے سربراہ سردار اختر مینگل نے وائس پی کے سے گفتگو میں فیصلے پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ملک کی سیاسی تاریخ میں عدالتی فیصلوں پر سوالات اٹھتے رہے ہیں۔ سیاسی لیڈران جیسے ذوالفقار علی بھٹو اور نواز شریف کے کیسز دیکھیں تو فیصلے ہمیشہ اقتدار والوں کے حق میں ہی آتے ہیں۔ ان کے بقول ڈاکٹر ماہ رنگ بلوچ اور ان کے ساتھیوں کے خلاف مقدمات کے طریقۂ کار اور عدالتی کارروائی نے شفافیت اور انصاف سے متعلق متعدد سوالات کو جنم دیا ہے۔

انہوں نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ، “ماہ رنگ کے خلاف سنائے جانے والے فیصلے کو پڑھ کر بندہ حیران ہو جاتا ہے۔ اگر اس فیصلے پر یہ دلیل تسلیم کر لی جائے تو پھر ذوالفقار علی بھٹو کی پھانسی بھی درست تسلیم کرنی ہوگی”۔

سردار اختر مینگل نے انتہائی افسردگی کا اظہار کرتے ہوئے خبردار کیا کہ بلوچستان کے لوگوں کے دلوں میں شدید غم و غصہ ہے اور ایسے اقدامات سے نفرتیں مزید پروان چڑھیں گی۔

انہوں نے کہا کہ “دنیا کی بڑی بڑی طاقتوں کے درمیان ثالثی کرنے والوں نے اپنے گھر کے بارے میں کبھی نہیں سوچا۔ چند لوگوں کو اقتدار میں بیٹھا کر یہ سمجھنا کہ ایسے فیصلوں سے بلوچستان کے لوگوں کے دلوں میں محبت پیدا ہوگی تو وہ بیوقوفوں کی جنت میں رہتے ہیں”۔

اختر مینگل نے بلوچستان میں جبری گمشدگیوں، ماورائے عدالت ہلاکتوں اور انسانی حقوق کی دیگر شکایات کی جانب اشارہ کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ ایسے معاملات کی بھی آزادانہ اور غیر جانبدارانہ تحقیقات ہونی چاہئیں تاکہ متاثرہ خاندانوں کو انصاف مل سکے۔

انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں پائیدار امن صرف سیاسی مکالمے، آئینی حقوق کے احترام اور عوامی اعتماد کی بحالی سے ہی ممکن ہے۔

محمود خان اچکزئی: اختلافِ رائے کو جرم نہیں بنایا جانا چاہیے

پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے سربراہ اور اپوزیشن رہنما محمود خان اچکزئی نے قومی اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک کے مختلف حصوں میں سیاسی اور قومی حقوق سے متعلق آوازیں اٹھانے والوں کے تحفظات کو سنجیدگی سے سنا جانا چاہیے۔

اپوزیشن لیڈر نے اسپیکر قومی اسمبلی کو سخت لہجے میں مخاطب ہوئےکہا کہ “کل کسی وزیر نے کہا کہ ہم اسلام آباد میں جیل بنائیں گے۔ میں کہنا چاہتا ہوں کہ مزید جیل بنانے کی ضرورت نہیں ہے کیونکہ پاکستان خود محکوموں کے لیے ایک جیل بن چکا ہے۔

محمود خان اچکزئی نے ایوان میں موجود اراکین کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ سب آئین کے مجرم ہیں۔ اس موقع پر وزیر اعظم پاکستان شہباز شریف بھی اپنی نشست پر موجود تھے اور خاموشی سے یہ تقریر سن رہے تھے۔

انہوں نے کہا کہ وسائل، اختیارات اور سیاسی نمائندگی کے معاملات پر کھلے مکالمے کی ضرورت ہے اور اختلافِ رائے یا سیاسی مطالبات کو محض سکیورٹی مسئلہ سمجھنا مناسب نہیں ہوگا۔

اچکزئی نے مطالبہ کیا کہ بلوچوں سمیت تمام متاثرہ طبقات اور قومیتوں کے نمائندوں کو اعتماد میں لے کر ان کے خدشات سنے جائیں تاکہ مسائل کا سیاسی اور آئینی حل تلاش کیا جا سکے۔

نیشنل پارٹی: شفاف ٹرائل کے بغیر اعتماد بحال نہیں ہو سکتا

نیشنل پارٹی نے اپنے فیصلے کی مذمت کرتے ہوئے اپنے جاری کردہ بیان میں کہا کہ آئین کے آرٹیکل 10-A کے تحت ہر شہری کو منصفانہ ٹرائل کا حق حاصل ہے اور ایسے مقدمات میں شفاف قانونی عمل کو یقینی بنانا ناگزیر ہے۔

پارٹی کے سینیٹر جان بلیدی نے وائس پی کے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انصاف کے تقاضوں کو پورا کیے بغیر ہونے والے فیصلے عوامی اعتماد اور ریاستی اداروں کی ساکھ کو متاثر کرتے ہیں۔ ان کے مطابق بلوچستان کے مسائل کا حل سیاسی بصیرت، مکالمے اور آئینی راستوں میں مضمر ہے۔

قاسم سوری: عدالتی عمل پر تشویش کا اظہار

سابق نائب اسپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری نے ایک ویڈیو پیغام میں دعویٰ کیا کہ مقدمے کی کارروائی اور ٹرائل کے طریقۂ کار پر شروع سے ہی کئی قانونی اور انسانی حقوق سے متعلق سوالات موجود ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ “کچھ ایسا ہی رویہ ایمان مزاری اور ان کے شوہر ہادی علی چٹھہ کے ساتھ بھی دیکھنے میں آ رہا ہے”۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ تمام فریقین کو قانون کے مطابق مکمل دفاع اور شفاف سماعت کا حق دیا جائے۔

ریاستی اور حکومتی مؤقف

دوسری جانب وفاقی و صوبائی حکومتی حلقے اور سکیورٹی ادارے طویل عرصے سے بلوچ یکجہتی کمیٹی کے بعض رہنماؤں پر کالعدم مسلح تنظیموں کے لیے نرم گوشہ یا معاونت کا الزام عائد کرتے رہے ہیں، جبکہ تنظیم ان الزامات کو مسترد کرتی آئی ہے۔

وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ عدالت نے شواہد کی بنیاد پر فیصلہ سنایا ہے اور یہ فیصلہ گوادر میں دورانِ احتجاج ایف سی اہلکار شبیر بلوچ کی ہلاکت کے مقدمے میں انصاف کی فراہمی کی جانب اہم پیش رفت ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ حکومت بلوچستان قانون نافذ کرنے والے اداروں پر حملوں اور تشدد میں ملوث عناصر کے خلاف قانونی کارروائی جاری رکھے گی، جبکہ سیاسی اختلافِ رائے اور پرامن احتجاج آئینی حدود کے اندر رہتے ہوئے ہر شہری کا حق ہے۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here