19 جون 2026

رپورٹ: حفیظ اللہ ستوری شیرانی


اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے تھانہ شمس کالونی کے تفتیشی کمرے میں ایک زیر حراست ملزم پر تشدد کرنے اور اس کی ٹانگوں کو زنجیروں سے جکڑنے کے الزام میں تسنیم نامی سب انسپکٹر کو گرفتار کر کے جیل بھیج دیا گیا ہے۔ یہ قانونی کارروائی واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے اور اعلیٰ پولیس حکام کے نوٹس لینے کے بعد عمل میں لائی گئی۔

تھانہ شمس کالونی میں درج ایف آئی آر کے مطابق، شمس کالونی کے ایس ایچ او راشد محمود نے اسٹیشن کلرک (محرر) کے ہمراہ تھانے کے لاک اپس کا معائنہ کیا۔ اس معائنہ کے دوران انہوں نے تفتیشی کمرے میں ضلع گجرات سے تعلق رکھنے والے ایک مبینہ ملزم شہزاد مسیح کو پایا، جسے سب انسپکٹر نے کمرے کے اندر روک رکھا تھا اور مبینہ طور پر اس کی ٹانگوں کو زنجیروں سے جکڑا ہوا تھا۔

مذکورہ ملزم شہزاد مسیح کو 9 اپریل 2026 کو سی ٹی ٹی آئی (CTTI) کالج کے باہر سے موٹر سائیکل چوری کرنے کے مقدمے کے سلسلے میں حراست میں لیا گیا تھا۔ معائنے کے دوران تفتیشی کمرے میں لوہے کا راڈ ویلڈنگ کرنے والا ایک نجی شخص بھی موجود پایا گیا۔ ایف آئی آر کے متن کے مطابق، سب انسپکٹر تسنیم نے نجی شخص نوید الرحمان کے ساتھ مل کر اپنے اختیارات کا ناجائز استعمال کیا اور ملزم کو زنجیروں سے باندھ کر اس پر تشدد کیا۔

واقعے کی ویڈیو انٹرنیٹ پر اپ لوڈ ہوتے ہی سوشل میڈیا پر پولیس کے اختیارات اور خاص کر تھانوں کے اندر گرفتار افراد پر تشدد کے حوالے سے سخت تنقید کی گئی۔ صارفین کی جانب سے حراستی قوانین کی خلاف ورزی پر گہرے غم و غصے کا اظہار کیا گیا۔

اس حوالے سے طارق مسعود بٹ نے اپنے ٹویٹر (X) اکاؤنٹ پر لکھا:

“یہ دیکھیں اسلام آباد کے تھانہ شمس کالونی میں کیا کچھ ہو رہا ہے! ایک بے بس انسان کو زنجیروں میں جکڑ کر زمین پر پھینک دیا گیا ہے جیسے کوئی جانور ہو، اور پولیس والا آرام سے بیٹھا ٹک ٹاک ویڈیوز بنا رہا ہے۔ کیا یہ پولیس ہے یا فرعونوں کا طرزِ عمل؟”

اسی طرح ایک اور سوشل میڈیا یوزر اور مسلم لیگ (ن) سے تعلق رکھنے والی سیاسی کارکن شیر بانو ہمیر نے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے لکھا:

“یہ تو بہت ظلم ہے ایسے پولیس والوں کے خلاف حکومت کو ایکشن لینا چاہیے”۔

چند میڈیا رپورٹس کے مطابق نجی شخص نوید الرحمان کو بغیر کسی قانونی کارروائی کے رہا کر دیا گیا، مگر جب وائس پی کے نے اس حوالے سے اس کیس کے تفتیشی آفیسر ایس آئی نیاز محمد سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا تو کال اٹینڈ کرنے اور واقعے سے متعلق سوال کرنے کے بعد ان کا نمبر اچانک بند ہو گیا، جو سٹوری فائل کرنے تک بند ہی آ رہا تھا۔

دوسری جانب، کیس کی موجودہ قانونی صورتحال کے حوالے سے شمس کالونی پولیس کے اے ایس آئی وزیر حیات نے وائس پی کے کو بتایا:

“ان دونوں ملزمان پر درج مقدمے میں عدالت نے انہیں جیل بھیج دیا ہے۔”

تاہم انہوں نے یہ واضح طور پر بتانے سے گریز کیا کہ کن دو ملزمان کو جیل بھیجا گیا ہے؛ تشدد کرنے والے نجی شخص نوید الرحمان کو یا موٹر سائیکل کی چوری کے الزام میں گرفتار مبینہ ملزم شہزاد مسیح کو۔

واقعے کا باقاعدہ مقدمہ سوشل میڈیا پر ویڈیو وائرل ہونے اور عوامی توجہ حاصل کرنے کے بعد درج کیا گیا، جس پر سینئر پولیس افسران نے مقدمہ درج کرنے اور سب انسپکٹر کو گرفتار کرنے کے احکامات جاری کیے تھے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق اسلام آباد کے پولیس تھانے سیف سٹی سسٹم سے بھی منسلک ہیں، لیکن اس کے باوجود یہ غیر قانونی سرگرمی مانیٹرنگ کے عمل میں سامنے نہ آ سکی۔

اس واقعے پر کارروائی کرتے ہوئے ملوث پولیس اہلکار کے خلاف پولیس آرڈر 2002 کی دفعہ 155-C (اختیارات کا ناجائز استعمال اور حراستی تشدد) اور پاکستان پینل کوڈ (PPC) کی دفعہ 506(ii) (مجرمانہ دھمکی) کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here