10 جون 2026
رپورٹ: اسلام گل
لنڈی کوتل: پاک افغان سرحد کے قریب ضلع خیبر کی تحصیل لنڈی کوتل میں ٹارگٹ کلنگ اور بدامنی کے خلاف مقامی آبادی کا پاک افغان شاہراہ پر احتجاجی دھرنا گزشتہ ایک ہفتے سے جاری ہے۔ یہ احتجاج اس وقت شروع ہوا جب نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے ایک سیکیورٹی اہلکار سمیت دو افراد ہلاک ہو گئے۔ دھرنے میں مقامی آبادی، علاقائی عمائدین اور سیاسی رہنما بڑی تعداد میں شریک ہیں اور شدید گرمی کے باوجود احتجاجی کیمپ میں حاضری برقرار ہے۔
بدامنی کی تاریخ اور عوامی غم و غصہ
مقامی رہنما حاجی شاکر آفریدی کے مطابق گزشتہ دو سالوں کے دوران علاقے میں ٹارگٹ کلنگ کے واقعات میں ایک مقامی صحافی خلیل جبران سمیت سولہ افراد جاں بحق ہو چکے ہیں جبکہ دو افراد زخمی ہوئے ہیں۔ واضح رہے کہ جون 2024 میں صحافی خلیل جبران کو بھی اسی علاقے میں قتل کیا گیا تھا۔ حاجی شاکر کے بقول ہر واقعے کے بعد حکومت کی یقین دہانیوں پر احتجاجی دھرنے ختم کیے جاتے رہے، مگر عملی اقدامات کبھی نہیں اٹھائے گئے، جس کے باعث عوام میں شدید بے یقینی پھیل چکی ہے۔
ملک عبداللہ خان آفریدی نے کہا کہ حکومت کے ساتھ مذاکرات وقت کا ضیاع ہیں، کیونکہ ماضی کے تمام وعدے بے نتیجہ ثابت ہوئے اور امن کی صورتحال مزید بگڑتی چلی گئی۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ علاقے کی زمینیں چیک پوسٹوں کے لیے قبضے میں لی گئیں، مگر نہ زمینیں واپس ملیں اور نہ ہی امن قائم ہوا۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ لنڈی کوتل جیسے چھوٹے علاقے میں حکومت امن بحال کرنے میں کیوں ناکام ہے۔
تعلیمی ادارے بند، پولیو مہم کا بائیکاٹ
احتجاج کے اظہار کے طور پر لنڈی کوتل میں گزشتہ پیر سے تمام سرکاری اور نجی تعلیمی ادارے بند کر دیے گئے ہیں۔ محکمہ تعلیم کے مطابق لڑکوں کے پندرہ اور لڑکیوں کے بارہ سرکاری تعلیمی اداروں کے علاوہ بڑی تعداد میں نجی اسکول بھی بند ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ غیر متعلقہ افراد کے موٹر سائیکل چلانے پر بھی پابندی عائد کی گئی ہے۔ محکمہ صحت کے مطابق علاقے میں پولیو ویکسینیشن مہم چھ یا سات جولائی سے شروع ہونے کی توقع ہے، تاہم احتجاجی کمیٹی نے اس مہم کے بائیکاٹ کا اعلان کیا ہے۔
حاجی شاکر آفریدی نے واضح کیا کہ لنڈی کوتل کے لوگ تعلیم اور صحت کی سہولتوں کے حصول کے خلاف نہیں ہیں، لیکن یہ اقدام انتہائی مجبوری کے تحت اٹھایا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جب تعلیم یافتہ نوجوان سرکاری ملازمت حاصل کرتے ہیں تو انہیں نامعلوم افراد قتل کر دیتے ہیں، ایسے میں تعلیم اور صحت کی سہولتوں کا کیا فائدہ۔ ان کا کہنا تھا کہ ان اقدامات کا مقصد حکومت اور عوام کو یہ پیغام دینا ہے کہ یہاں کے باشندے انتہائی غیر محفوظ اور مشکل حالات میں زندگی گزار رہے ہیں۔
مسلح گروہوں سے اپیل، خاندانوں کو ذمہ داری کا احساس دلانے کی کوشش
دھرنے کے رہنماؤں نے مسلح گروہوں کے ارکان سے بھی تشدد کی راہ ترک کرنے کی اپیل کی ہے۔ حاجی شاکر آفریدی کے بقول مسلح افراد کی شناخت اور ان کے خاندان مقامی آبادی میں معروف ہیں، اس لیے ان کے خاندانوں کو بھی اپنی ذمہ داری ادا کرنی ہوگی۔ ملک ابرار نے کہا کہ چند مسلح افراد پہاڑوں میں چھپ کر گھروں کے سامنے لوگوں کو نشانہ بنا رہے ہیں اور پورے علاقے میں خوف و ہراس پھیلا رکھا ہے۔ انہوں نے عام لوگوں سے بھی مطالبہ کیا کہ اگر ان کے خاندان کا کوئی فرد مسلح گروہ میں شامل ہے تو اسے گھر واپس لایا جائے تاکہ بدامنی کا یہ سلسلہ رک سکے۔
سیکیورٹی حکام سے مذاکرات، سخت اقدامات کی وارننگ
دھرنے کی پچیس رکنی کمیٹی نے لنڈی کوتل میں سیکیورٹی فورسز کے اعلیٰ حکام سے ملاقات کی، جو دیر گئے تک جاری رہی، تاہم اس کے نتائج سامنے نہیں آ سکے۔ رہنماؤں نے خبردار کیا کہ اگر مذاکرات میں کوئی مثبت پیش رفت نہ ہوئی تو احتجاج کا اگلا مرحلہ موجودہ اقدامات سے کہیں زیادہ سخت ہوگا، تاہم انہوں نے تفصیلات بیان نہیں کیں۔ احتجاجی شرکاء کا مطالبہ ہے کہ دھرنا اس وقت تک جاری رہے گا جب تک علاقے میں امن کے قیام کے لیے ٹھوس اور عملی اقدامات نہیں کیے جاتے۔
تجارتی بحران اور پھنسی گاڑیوں کا مسئلہ
بدامنی کے ساتھ ساتھ گزشتہ آٹھ ماہ سے پاکستان اور افغانستان کے درمیان کشیدہ تعلقات کے باعث دوطرفہ تجارت بند ہے، جس سے علاقے میں بے روزگاری میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔ موجودہ دھرنے سے قبل مقامی ٹرانسپورٹرز بھی افغانستان میں پھنسی آٹھ سو گاڑیوں کی واپسی کے لیے احتجاج کر رہے تھے۔
اس سلسلے میں آج پشاور میں کمشنر ریاض محسود کی زیر صدارت ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں لنڈی کوتل کے مشران، ٹرانسپورٹرز، طورخم کسٹم کلیئرنگ ایجنٹس ایسوسی ایشن کے نمائندوں اور دونوں ممالک کے متعلقہ حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں باہمی مشاورت سے ایک قابلِ عمل طریقہ کار طے کیا گیا جس کے تحت گیارہ جون سے روزانہ صبح سے دوپہر دو بجے تک افغانستان میں پھنسی پاکستانی گاڑیوں کو مرحلہ وار طورخم بارڈر عبور کرنے کی اجازت ہوگی، جبکہ دوپہر دو بجے کے بعد افغان پناہ گزینوں کی وطن واپسی کا سلسلہ معمول کے مطابق جاری رہے گا۔
مقامی مشران اور ٹرانسپورٹرز نے اس فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہوئے اسے تجارتی سرگرمیوں کی بحالی اور باہمی اعتمادسازی کی جانب ایک مثبت قدم قرار دیا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ اس اقدام سے ٹرانسپورٹرز کی مشکلات میں کمی کے ساتھ ساتھ سرحدی تجارت کے فروغ میں بھی مدد ملے گی۔ اجلاس کے شرکاء نے مستقبل میں بھی ایسے مسائل کو مذاکرات اور باہمی افہام و تفہیم کے ذریعے حل کرنے پر زور دیا۔