17 جون 2026

اسلام گل آفرید


خیبر

پاک افغان سرحد پر خیبر ٹرانسپورٹ اونر ایسوسی ایشن، مال بردار گاڑیوں کے مالکان، مقامی عمائدین، تاجر برادری اور سیاسی رہنماؤں نے پاک افغان شاہراہ پر لنڈی کوتل کے مقام پر پاکستان سے واپس جانے والے افغان مہاجرین کی گاڑیوں کو احتجاجاً روک دیا۔ چند ہی لمحوں میں چھوٹی بڑی گاڑیوں کی لمبی قطاریں بن گئیں اور ان میں مسلسل اضافہ ہوتا رہا۔

ایسوسی ایشن کا موقف ہے کہ ان کی سات سو سے زائد مال بردار گاڑیاں گزشتہ ساڑھے آٹھ ماہ سے افغانستان میں پھنسی ہوئی ہیں اور افغان طالبان انہیں واپس آنے کی اجازت نہیں دے رہے۔

مجبوری کا احتجاج

احتجاج میں شریک گاڑیوں کے مالکان نے بتایا کہ انہوں نے انتہائی مجبوری کے تحت یہ قدم اٹھایا کیونکہ ان کی کمائی کا واحد سہارا یہی مال بردار گاڑیاں تھیں، جنہیں بغیر کسی قانونی جواز کے واپس آنے کی اجازت نہیں دی جا رہی۔

پسید خیل نے بتایا کہ ان کی ایک ذاتی اور خاندان کی پانچ گاڑیاں کئی ماہ سے افغانستان میں پھنسی ہونے کی وجہ سے ایک طرف گاڑیاں خراب ہو چکی ہیں تو دوسری طرف کمائی کا ذریعہ بند ہونے سے مسائل میں بے پناہ اضافہ ہو چکا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ماہانہ ایک سے دو لاکھ روپے کی قسط کی ادائیگی بھی اب ممکن نہیں رہی۔ ایک سوال پر وہ جذباتی ہو گئے اور رو پڑے: ”ہم نے افغان مہاجرین کی گاڑیوں کو، جن میں خواتین اور بچے سوار ہیں، مجبوری کے تحت روکا ہے کیونکہ کوئی ہمارے مسائل کو سمجھنے کو تیار نہیں۔”

دوہری مشکل میں مہاجرین

پاکستان سے افغانستان جانے والے مہاجرین کی گاڑیوں کو ایسے وقت میں روکا گیا جب پاکستان میں حکومت انخلاء کے حوالے سے سخت اقدامات کر رہی ہے اور بڑی تعداد میں لوگ گرفتاری کے خوف سے اپنے ملک واپس جانے پر مجبور ہیں۔

ساٹھ سالہ صاحب زمان اپنے خاندان کے ساتھ خیبر پختونخوا کے ضلع ملاکنڈ سے صبح سویرے لنڈی کوتل اس امید کے ساتھ پہنچے تھے کہ ہولڈنگ کیمپ میں ضروری کارروائی مکمل کر کے طورخم سرحد عبور کریں گے اور کابل روانہ ہو جائیں گے، لیکن احتجاج کے باعث سڑک کنارے انتظار پر مجبور ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ”گاڑی میں بچے، خواتین اور مریض موجود ہیں لیکن راستے کی بندش کی وجہ سے ہمارے مسائل میں اضافہ ہو گیا ہے۔”

صاحب زمان نے مزید کہا کہ اس وقت بڑی تعداد میں مہاجرین افغانستان واپس جا رہے ہیں کیونکہ حکومت کی جانب سے سخت اقدامات کیے جا رہے ہیں اور لوگ مجبوراً اپنے ملک لوٹ رہے ہیں، مگر راستوں کی بندش مسائل کو مزید پیچیدہ بنا رہی ہے۔ ان کے بقول دونوں جانب مسائل کم کرنے کے لیے فوری اقدامات کی ضرورت ہے۔

مذاکرات ناکام، صبر جواب دے گیا

ٹرانسپورٹ اونر ایسوسی ایشن کے صدر حاجی رحمان زیب نے بتایا کہ افغانستان میں پھنسی چھ سے سات سو گاڑیوں کی واپسی کے لیے گزشتہ پانچ ماہ سے پُرامن احتجاج، دھرنے اور ہر سطح پر مذاکرات کیے گئے، تاہم مہاجرین کی گاڑیوں کو روکنے کا آج کا اقدام انتہائی مجبوری میں اٹھایا گیا۔

انہوں نے بتایا کہ نو جون کو پشاور میں پاکستانی حکام اور افغان طالبان کے قونصل جنرل کی موجودگی میں یہ فیصلہ کیا گیا تھا کہ گیارہ جون سے گاڑیوں کی واپسی کا عمل شروع ہو جائے گا، تاہم اس حوالے سے کوئی پیش رفت نہ ہو سکی۔ حاجی رحمان زیب نے کہا کہ وہ کئی دنوں سے کمشنر پشاور اور افغان قونصل جنرل سے رابطے میں ہیں لیکن بدقسمتی سے افغان طالبان کی جانب سے مسائل کا سامنا جاری ہے۔ انہوں نے کہا: ”گاڑیوں میں خواتین اور بچوں کو روکنا ہمارا دل پسند اقدام نہیں، لیکن افغان طالبان کو سوچنا چاہیے کہ انہی کے رویے نے ہمیں اس مجبوری تک پہنچایا۔”

ایسوسی ایشن نے الزام لگایا کہ اس وقت افغان حکام پاکستانی گاڑیوں کی واپسی میں رکاوٹیں ڈال رہے ہیں، جبکہ پاکستانی حکام کی جانب سے باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کیا جا چکا ہے۔ اس سے قبل پاکستان خود ان گاڑیوں کی واپسی میں رکاوٹ بنا ہوا تھا۔

کشیدگی سے پھنسی گاڑیاں

یہ گاڑیاں اس وقت افغانستان میں پھنس گئیں جب وہ تجارتی سامان اور مہاجرین کو سرحد پار چھوڑ کر آئی تھیں اور اسی دوران اسلام آباد اور کابل کے درمیان تعلقات نہ صرف کشیدہ ہوئے بلکہ کئی ہفتوں تک سرحدی کشمکش بھی جاری رہی۔

گاڑیوں کی واپسی کے حوالے سے نو جون کو کمشنر پشاور کے دفتر میں اعلیٰ سطحی اجلاس ہوا جس میں افغان قونصل جنرل نے بھی شرکت کی۔ دونوں جانب سے اتفاق کیا گیا کہ گیارہ جون سے صبح آٹھ بجے سے دوپہر دو بجے تک گاڑیاں باقاعدگی سے واپس آنا شروع ہو جائیں گی، تاہم اس فیصلے پر عمل درآمد نہ ہو سکا۔

فی الحال اسلام آباد اور کابل کے درمیان کشیدہ تعلقات کے باعث طورخم سرحدی گزرگاہ پر صرف پاکستان سے واپس جانے والے افغانوں اور ان کے سامان سے بھری گاڑیوں کو جانے اور خالی گاڑیوں کو واپس آنے کی اجازت ہے، جبکہ تجارت اور عام لوگوں کی آمدورفت مکمل طور پر بند ہے۔

لاکھوں مہاجرین واپس

اقوامِ متحدہ کے ادارہ برائے مہاجرین (UNHCR) اور بین الاقوامی تنظیم برائے نقلِ مکانی (IOM) کے مطابق ستمبر 2023 سے جون 2026 تک تقریباً چوبیس لاکھ ستر ہزار افغان باشندے پاکستان سے واپس جا چکے ہیں۔ اعداد و شمار کے مطابق بائیس فیصد صرف سال 2026 میں واپس ہوئے اور چونسٹھ فیصد ایسے تھے جن کے پاس پاکستان میں قیام کی کوئی دستاویز موجود نہیں تھی۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here