27 جون 2026
ریحان پراچہ
لاہور
ضلع سرگودھا کے علاقے جھال چکیاں میں ایک چودہ سالہ بچے کو مبینہ جنسی زیادتی کی شکایت کرنے پر زندہ زمین میں دفن کرنے کی کوشش کا انکشاف ہوا ہے۔ پولیس نے اس سنگین واقعے کے مرکزی ملزم سمیت تین افراد کو گرفتار کر لیا ہے۔
موضع ماڑی، تھانہ جھال چکیاں کا رہائشی چودہ سالہ ۲۵ جون کو شام ساڑھے چار بجے مجلس میں شرکت کے لیے گھر سے نکلا اور رات گئے تک واپس نہ آیا۔ گھر والوں نے پولیس ہیلپ لائن ۱۵ پر اطلاع دی اور خود بھی رات بھر تلاش جاری رکھی، مگر بچے کا کوئی سراغ نہ ملا۔ اگلے روز ۲۶ جون کو صبح گیارہ بجے بچے کی والدہ سمیرا بی بی اپنے خاوند اور ایک ہمسائے کے ہمراہ تلاش میں نکلی تو فصلوں کے درمیان سے بچے کے رونے کی آوازیں سنائی دیں۔ قریب پہنچنے پر انھیں زمین سے باہر نکلی ہوئی ایک ٹانگ نظر آئی۔ فوری طور پر ریسکیو ۱۱۲۲ اور پولیس کو اطلاع دی گئی۔ ریسکیو اہلکاروں نے بچے کو مٹی سے نکال کر ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر (ڈی ایچ کیو) اسپتال سرگودھا منتقل کیا، جہاں ڈاکٹروں کے مطابق اس کی حالت خطرے سے باہر ہے۔
بچے سے جنسی زیادتی کا انکشاف
ہوش میں آنے کے بعد بچے نے جو بیان دیا وہ ہولناک ہے۔ اس کے مطابق بیس دن قبل اس نے ملزم قمر عباس ولد مولا بخش کے بڑے بھائی امجد کو بتایا تھا کہ قمر نے اس کے ساتھ جنسی زیادتی کی ہے۔ ۲۵ جون کو جب وہ مجلس کی طرف جا رہا تھا تو ڈیرہ واڈر کے مقام پر قمر نے اسے پکڑ لیا اور شکایت کرنے پر جھاڑا۔ اسی دوران امجد اور تیسرا بھائی محمد وارث بھی آ گئے۔ تینوں ملزمان نے مل کر بچے کو مارا پیٹا اور فصلوں کے اندر لے جا کر زمین میں دفن کر دیا۔
ایف آئی آر اور قانونی کارروائی
بچے کی والدہنے تھانہ جھال چکیاں میں تحریری درخواست دی جس پر دفعات ۳۲۴، ۳۴ اور ۳۷۶ (i) تعزیرات پاکستان کے تحت مقدمہ درج کیا گیا۔ نامزد ملزمان میں قمر عباس، امجد اور محمد وارث شامل ہیں۔
پولیس کے مطابق ابتدائی طور پر دو ملزمان کو گرفتار کیا گیا اور اگلے روز مرکزی ملزم قمر کو بھی حراست میں لے لیا گیا، جس کے بعد گرفتار شدہ ملزمان کی تعداد تین ہو گئی۔پولیس کا کہنا ہے کہ بچے کے ساتھ جنسی زیادتی میڈیکل اور فارنسک رپورٹ آنے پر ثابت ہوگی۔
متاثرہ بچے کے والد کا کہنا ہے کہ علاقے کے بااثر افراد ان پر ملزمان سے صلح کرنے کے لیے دباؤ ڈال رہے ہیں۔ غریب محنت مزدور خاندان سے تعلق رکھنے والی والدہ نے اپنی درخواست میں لکھا: “سائلہ غریب عورت ہے، محنت مزدوری کرتی ہوں، میرے ساتھ سخت زیادتی ہوئی ہے، ملزمان کو سزا دلوائی جائے اور سائلہ کو انصاف دیا جائے۔”
پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی ہر پہلو سے تفتیش جاری ہے اور شواہد کی بنیاد پر ذمہ دار افراد کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔ مقدمے کی تفتیش کا آغاز ہو چکا ہے