11 جون 2026

سٹاف رپورٹ


پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما اور سابق وزیر خزانہ سید نوید قمر نے کہا ہے کہ این ایف سی ایوارڈ کا فارمولا بدلنے کے لیے آئین میں ترمیم کرنی ہوگی جو اس وقت ممکن نہیں، اس لیے طے پایا ہے کہ صوبے رضاکارانہ بنیاد پر اسٹریٹجک ضروریات کے لیے وفاق کو اضافی رقم واپس کریں گے۔

آج نیوز کے پروگرام ”سپاٹ لائٹ” میں میزبان منیزے جہانگیر سے گفتگو کرتے ہوئے سید نوید قمر نے کہا کہ وفاقی حکومت کے پاس وسائل کی کمی کی بنیادی وجہ یہ ہے کہ ایف بی آر اپنے ہدف پورے نہیں کر پاتا اور بجٹ کا سب سے بڑا حصہ قرضوں کی ادائیگی میں چلا جاتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ وفاق این ایف سی ایوارڈ کو ریوائز کرنا چاہتا تھا اور اس کے لیے آئینی ترمیم کی تجویز بھی آئی، لیکن پیپلز پارٹی اس پر تیار نہیں تھی۔

واضح رہے کہ سال دو ہزار دس میں ساتویں این ایف سی ایوارڈ کے تحت صوبوں کا حصہ قومی ڈویزیبل پول کا ساڑھے ستاون فیصد مقرر کیا گیا تھا، اور اٹھارہویں آئینی ترمیم نے یہ ضمانت دی تھی کہ یہ حصہ کبھی کم نہیں کیا جا سکتا۔

نوید قمر نے کہا کہ اگر ایک بار یہ آئینی حد ختم کر دی گئی تو پھر صوبے کسی چیز کو روک نہیں سکیں گے کیونکہ وفاق ہمیشہ طاقتور ہوتا ہے۔

اس سوال کے جواب میں کہ کیا موجودہ ایڈجسٹمنٹ ایک دفعہ ہوگی یا اسے آئینی ترمیم کے ذریعے قانونی شکل دی جائے گی نوید قمر نے کہا کہ پیپلز پارٹی اس معاملے پر مزاحمت کرتی آئی ہے اور آئندہ بھی کرتی رہے گی۔

کسٹم ڈیوٹی اور سیلز ٹیکس کو ڈویزیبل پول سے نکالنے کی تجاویز کے بارے میں انہوں نے کہا کہ یہ تجاویز آئیں ضرور تھیں لیکن یہ سراسر غیر قانونی ہیں۔ اسی طرح دفاع کو صوبوں کی ذمہ داری قرار دینے کی بات بھی انہوں نے مسترد کی اور کہا کہ یہ وفاق کا معاملہ ہے اور اسے وفاقی وسائل سے پورا کرنا چاہیے۔

پیٹرولیم ڈویلپمنٹ لیوی کے بارے میں نوید قمر نے کہا کہ وفاقی حکومت نے پٹرولیم ٹیکس کو لیوی کا نام دے کر اسے سو فیصد اپنے پاس رکھ لیا ہے اور اس مد میں کھربوں روپے اکٹھے ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جب موقع ملا اس معاملے کو عدالت میں لے جایا جائے گا۔

ترقیاتی فنڈ پر پڑنے والے دباؤ کے بارے میں انہوں نے کہا کہ جب رقم مرکز کو واپس کرنی ہے تو لامحالہ پی ایس ڈی پی پر بوجھ آئے گا کیونکہ تنخواہیں بند نہیں کی جا سکتیں۔ انہوں نے کہا کہ وفاق نے فیصلہ کیا ہے کہ دفاع، قانون اور بیرونی فنڈنگ کے علاوہ پی ایس ڈی پی میں کوئی نئی اسکیم نہیں لائی جائے گی۔

بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے بارے میں نوید قمر نے کہا کہ اگر یہ صوبوں کو منتقل کر دیا گیا تو یہ بند ہو جائے گا۔ ایک آدھ صوبہ شاید اسے جاری رکھے لیکن باقی ختم کر دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف نے یہ پروگرام بنایا نہیں لیکن وہ اس کے حق میں ہے۔

ترجیحی منصوبوں کے بارے میں انہوں نے بتایا کہ پی ایس ڈی پی میں اسکیم بہ اسکیم جائزہ لیا گیا اور کراچی کوئٹہ شاہراہ این پچیس اور حیدرآباد سکھر موٹروے کو ترجیح دی گئی ہے۔ پیپلز پارٹی نے مطالبہ کیا کہ موٹروے کو مکمل فنڈنگ دی جائے۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here