18 جون 2026

سٹاف رپورٹ


اسلام آباد: سرپلس بجٹ کے استعمال کے حوالے سے وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب اور مشیر خزانہ خیبر پختونخوا مزمل اسلم کے درمیان متضاد آرا سامنے آئی ہیں۔

آج نیوز کے پروگرام اسپاٹ لائٹ میں میزبان منیزے جہانگیر سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب نے کہا کہ آئی ایم ایف پروگرام صرف وفاق تک محدود نہیں بلکہ اس میں صوبے بھی شامل ہیں، اور صوبوں کو بھی پرائمری سرپلس میں اپنا کردار ادا کرنا ہوتا ہے، اس لیے نہ وفاق اور نہ ہی صوبے اس سرپلس رقم کو خرچ کر سکتے ہیں۔

اس کے برعکس، اسی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے مشیر خزانہ خیبر پختونخوا مزمل اسلم نے مؤقف اختیار کیا کہ سرپلس بجٹ دراصل متعلقہ صوبے کی بچت ہوتی ہے اور یہ اسی کی ملکیت ہوتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر کوئی قدرتی آفت آ جائے تو صوبے اس سرپلس کو عوامی فلاح کے لیے استعمال کر سکتے ہیں۔

وفاقی وزیر خزانہ نے اس مؤقف سے اختلاف کرتے ہوئے کہا کہ قدرتی آفات کی صورت میں وفاق اور صوبوں کو اپنے دیگر مالی ذرائع استعمال کرنے چاہییں اور سرپلس بجٹ کو براہِ راست استعمال نہیں کیا جا سکتا۔

وفاق اور صوبوں کے مالی تعلقات سے متعلق ایک سوال کے جواب میں محمد اورنگزیب نے کہا کہ اگر ایف بی آر ٹیکس ہدف حاصل نہیں کرتا تو اس صورت میں بھی موجودہ مالی فریم ورک کے تحت معاملات طے کیے جائیں گے۔ انہوں نے واضح کیا کہ صوبوں سے لی جانے والی کیش گرانٹ ایک سال کے لیے ہے، جسے دو سال تک بڑھانے کا امکان بھی موجود ہے۔ تاہم انہوں نے ایف بی آر کے ممکنہ شارٹ فال پر فوری تبصرہ کرنے سے گریز کیا۔

وفاقی وزیر خزانہ نے یہ بھی تسلیم کیا کہ بارڈر بندش کے باعث تجارت متاثر ہوئی ہے اور برآمدات میں کمی دیکھی گئی ہے، تاہم ان کا کہنا تھا کہ قومی سلامتی کے مقابلے میں کوئی چیز مقدم نہیں ہو سکتی۔

ایف بی آر کے ٹیکس ہدف سے متعلق سوال پر محمد اورنگزیب نے کہا کہ گزشتہ چند برسوں میں ریونیو میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔ ان کے مطابق تین سال قبل ایف بی آر کی آمدن تقریباً 7 ٹریلین روپے تھی جو بڑھ کر اس سال تقریباً 13 ٹریلین روپے تک پہنچ گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ اضافہ ٹیکس نظام میں بہتری اور اصلاحات کا نتیجہ ہے۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here