24 جولائی 2026

رپورٹ: حفیظ اللہ ستوری شیرانی


اسلام آباد: پاکستان کا نظامِ انصاف اور تعزیری ڈھانچہ اس وقت ایک شدید بحران سے گزر رہا ہے، جہاں قید خانوں میں گنجائش سے زائد افراد کی موجودگی اور فیصلوں میں غیر معمولی تاخیر نے بنیادی انسانی حقوق اور انتظامی صلاحیتوں پر سوالات اٹھا دیے ہیں۔ مشعل پاکستان کے اعداد و شمار اور شائع شدہ رپورٹ کے مطابق ملک بھر کی جیلوں میں مقررہ گنجائش کے مقابلے میں کہیں زیادہ قیدی رکھے گئے ہیں، جس کی سب سے بڑی وجہ زیرِ التوا مقدمات کا انبار ہے۔

مشعل پاکستان کے اعداد و شمار کے مطابق پاکستان کا پورا جیل خانہ جات کا نظام اس وقت اپنی مقررہ گنجائش کے تقریباً 150 فیصد پر چل رہا ہے، جہاں مجموعی طور پر 102,026 قیدی بند ہیں۔

پنجاب: سب سے زیادہ اوور کراؤڈنگ پنجاب کی جیلوں میں ہے، جہاں گنجائش کے مقابلے میں 166.1 فیصد (61,813 قیدی) موجود ہیں۔

سندھ: صوبہ سندھ کی جیلیں 161.4 فیصد گنجائش پر کام کر رہی ہیں، جہاں 22,499 قیدی بند ہیں۔

خیبر پختونخوا: خیبر پختونخوا کی جیلوں میں 102.5 فیصد تناسب کے ساتھ 13,364 قیدی موجود ہیں۔

بلوچستان: مشعل پاکستان کے قومی ڈیٹا کے مطابق بلوچستان کی جیلیں 115.6 فیصد گنجائش پر 2,919 قیدیوں کو رکھے ہوئے ہیں۔

آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان: آزاد کشمیر کی جیلوں میں 764 اور گلگت بلتستان میں 372 قیدی موجود ہیں۔

مشعل پاکستان کے اعداد و شمار سے معلوم ہوتا ہے کہ ملک بھر کی جیلوں میں قید افراد کی اکثریت سزایافتہ مجرموں پر مشتمل نہیں بلکہ زیرِ سماعت (انڈر ٹرائل) قیدیوں پر مشتمل ہے، جن کے مقدمات تاحال عدالتوں میں حتمی فیصلے کے منتظر ہیں۔

اس حوالے سے ایچ آر سی پی کی ڈائریکٹر فرح ضیا نے وائس پی کے سے گفتگو کرتے ہوئے نیشنل کمیشن فار ہیومن رائٹس کی رپورٹ کا حوالہ دیا اور بتایا کہ 2017ء میں ملک کی جیلوں میں انڈر ٹرائل قیدیوں کا تناسب 66 فیصد تھا، جو اب بڑھ کر 73 فیصد سے بھی تجاوز کر چکا ہے۔

فرح ضیا کے مطابق:

“یہ ایک اہم اور تشویشناک امر ہے کہ جن لوگوں کا جرم ثابت نہیں ہوا، وہ سالہا سال سے جیلوں میں موجود ہیں، حالانکہ ان کی بڑی تعداد کو وہاں نہیں ہونا چاہیے۔”

انہوں نے مزید نشاندہی کی کہ اپیلوں کے عمل میں تاخیر کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ نچلی عدالتوں سے سزائے موت پانے والے تقریباً 70 فیصد قیدیوں کی سزائیں سپریم کورٹ تک پہنچ کر منسوخ (Overturn) ہو جاتی ہیں۔ اس تاخیر کے باعث ایک بڑا طبقہ حتمی فیصلہ آنے سے پہلے ہی اپنی زندگی کا ایک بڑا حصہ قید میں گزار دیتا ہے۔

مقدمات کی طوالت اور تاخیر کے اسباب پر بات کرتے ہوئے ممتاز قانون دان بیرسٹر صفت خیال وزیر نے وائس پی کے کو بتایا کہ عدالتی عمل میں رکاوٹ کا خمیازہ نہ صرف قیدی کو انفرادی سطح پر بھگتنا پڑتا ہے بلکہ اس سے جیل انتظامیہ اور نظام پر بھی غیر معمولی دباؤ آتا ہے۔

بیرسٹر صفت خیال وزیر نے تاخیر کی ذمہ داری کی وضاحت کرتے ہوئے کہا:

“اس تمام تاخیری عمل کے لیے صرف عدلیہ کو ذمہ دار نہیں ٹھہرایا جا سکتا۔ پولیس، انویسٹی گیشن ایجنسیز اور کیس سے منسلک تمام فریقین (Parties) اس کے یکساں ذمہ دار ہیں، کیونکہ ہر سطح پر اپنی قانونی ذمہ داری درست طریقے سے ادا نہ کرنے کا ایک رواج بن چکا ہے۔”

فرح ضیا کا بھی یہی کہنا تھا کہ انویسٹی گیشن اور پراسیکیوشن کا عمل آئینی و قانونی مدت کے اندر مکمل نہیں ہوتا۔ حکومت نئی جیلیں بنانے اور اربوں روپے خرچ کرنے پر زور دیتی ہے، جبکہ اصل ضرورت یہ ہے کہ ضمانت کے آئینی حق پر درست عمل درآمد کیا جائے اور پیرول و پروبیشن (Probation) کے قوانین کو فعال بنایا جائے تاکہ جیلوں سے غیر ضروری بوجھ کم ہو سکے۔

مشعل پاکستان کے ڈیٹا کے مطابق قومی سطح پر جیلوں کی گنجائش اور قیدیوں کی تعداد میں تقریباً 150 فیصد کا فرق موجود ہے۔

فرح ضیا نے وائس پی کے کو بتایا کہ پاکستان اقوامِ متحدہ کے “کنونشن اگینسٹ ٹارچر” (UNCAT) کا حصہ ہے، اور اس عالمی معاہدے کی رو سے گنجائش سے زائد قیدیوں کو رکھنا غیر انسانی اور توہین آمیز سلوک کے زمرے میں آتا ہے۔ اس صورتحال کے باعث قیدیوں کو پینے کے صاف پانی، سینیٹیشن، طبی سہولیات اور نفسیاتی صحت سے متعلق شدید مسائل کا سامنا ہے۔

قومی سطح پر درپیش مسائل کے برعکس، بلوچستان کا انتظامی ڈھانچہ اور اعداد و شمار ایک الگ صورتِ حال پیش کرتے ہیں:

مرکزی و ڈسٹرکٹ جیلیں: بلوچستان کی 12 جیلوں میں 2,764 افراد کی گنجائش کے مقابلے میں 3,055 قیدی موجود ہیں، یعنی مجموعی طور پر 291 (10.5 فیصد) قیدی اضافی ہیں۔ سب سے زیادہ بوجھ سینٹرل جیل کوئٹہ (618 اضافی) اور سینٹرل جیل گڈانی (337 اضافی) پر ہے۔

جوڈیشل لاک اپس: صوبے کے 19 جوڈیشل لاک اپس کی کل گنجائش 582 ہے، جبکہ وہاں 336 قیدی موجود ہیں، یعنی 246 افراد کی گنجائش اب بھی خالی ہے۔

محکمہ جیل خانہ جات بلوچستان کے ایک سینئر افسر نے، نام شائع نہ کرنے کی شرط پر، وائس پی کے کو صورتحال کی تفصیل بتاتے ہوئے کہا:

“ملک کے دیگر صوبوں کی نسبت بلوچستان کی جیلیں زیادہ کشادہ ہیں اور یہاں کا ماحول پرسکون ہے۔ اگرچہ اعداد و شمار کے لحاظ سے قیدیوں کی تعداد گنجائش سے قدرے زیادہ ہے، تاہم ہمارے پاس اتنی جگہ موجود ہے کہ مزید قیدیوں کو بھی آسانی سے رکھا جا سکتا ہے۔ اصل چیلنج قیدیوں کی خوراک، بجٹ اور دیگر بنیادی وسائل کی فراہمی ہے، جس پر انتظامیہ اور حکومت کو توجہ دینی ہو گی۔”

جیل ذرائع نے اس بات کی تصدیق کی کہ صوبے میں خواتین اور بچوں کے لیے الگ ترتیبات موجود ہیں اور ان کا خیال رکھا جاتا ہے، تاہم انہوں نے بھی اس بات کا اعتراف کیا کہ قیدیوں کی تعداد بڑھنے کی بنیادی وجہ عدالتوں میں مقدمات کا زیرِ التوا ہونا ہے۔

مختلف ذرائع اور ماہرین کی آراء سے یہ بات واضح ہوتی ہے کہ ملک میں جیلوں کا بحران عمارتوں کی کمی کا نہیں بلکہ بنیادی طور پر قانونی اور عدالتی نظام میں تاخیر کا نتیجہ ہے۔ جب تک انویسٹی گیشن اور پراسیکیوشن کے طریقہ کار میں اصلاحات نہیں کی جاتیں اور ضمانت و پیرول کے قوانین پر شفاف انداز میں عمل درآمد نہیں ہوتا، تب تک جیلوں پر قیدیوں اور وسائل کا دباؤ کم ہونا ممکن دکھائی نہیں دیتا۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here