29 جولائی 2026

‎رپورٹ : اعتزاز ابراہیم


‎اوکاڑہ کی تحصیل دیپالپور کے نواحی گاؤں چک نظام دین میں چار بچوں کی ماں کو مبینہ طور کردار پر شک کی بنیاد پر اس کے شوہر اور دیور نے تیز دھار آلے کے وار کرکے قتل کر دیا۔ پولیس نے مقتولہ کی بہن کی مدعیت میں مقدمہ درج کرکے دونوں نامزد ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے جبکہ کیس کی مزید تفتیش کرائم کنٹرول ڈپارٹمنٹ (سی سی ڈی) کے حوالے کر دی گئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق مقتولہ کی شناخت کنزہ کے نام سے ہوئی ہے، جو ایک بیٹی اور تین بیٹوں کی ماں تھی۔ شوہر انتظار کو اپنی اہلیہ کے کردار پر شبہ تھا جبکہ میاں بیوی کے درمیان کافی عرصے سے گھریلو ناچاقی اور جھگڑے بھی چل رہے تھے۔

‎تھانہ سٹی دیپالپور میں مقتولہ کی بہن عظمیٰ کی مدعیت میں درج ایف آئی آر کے مطابق وہ 28 جولائی کو اپنی والدہ اور دیگر رشتہ داروں کے ہمراہ چک نظام دین میں ایک منگنی کی تقریب میں شریک ہونے آئی تھیں۔ مدعیہ کے مطابق تقریب میں کنزہ، اس کا شوہر انتظار اور دیور نواز بھی موجود تھے اور تقریب معمول کے مطابق اختتام پذیر ہوگئی۔

‎ایف آئی آر میں مزید کہا گیا ہے کہ رات تقریباً دو سے تین بجے کے درمیان کنزہ کے گھر سے شور شرابے اور چیخ و پکار کی آوازیں سنائی دیں۔ آوازیں سن کر وہ اپنی والدہ اور دیگر افراد کے ساتھ گھر کی طرف گئیں تو دیکھا کہ انتظار اور نواز مبینہ طور پر کنزہ پر ٹوکے اور چھری سے حملہ کر رہے تھے۔ ایف آئی آر کے مطابق متعدد وار کیے جانے کے باعث کنزہ موقع پر ہی دم توڑ گئی جبکہ دونوں ملزمان موقع سے فرار ہو گئے۔

‎پولیس نے مقتولہ کی لاش تحویل میں لے کر قانونی کارروائی کے بعد پوسٹ مارٹم کے لیے منتقل کی جبکہ شواہد اکٹھے کرنے کے بعد واقعے کا مقدمہ تعزیرات پاکستان کی دفعہ 302 کے تحت درج کر لیا گیا۔

‎مقتولہ کی بہن عظمیٰ نے وائس پی کے سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ کنزہ کی شادی تقریباً پندرہ سال قبل انتظار سے ہوئی تھی اور ان کے ہاں ایک بیٹی اور تین بیٹے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ شادی کے بعد سے ہی گھریلو حالات زیادہ بہتر نہیں تھے اور میاں بیوی کے درمیان اکثر جھگڑے رہتے تھے۔

‎انہوں نے بتایا کہ انتظار اپنی اہلیہ اور بچوں کے اخراجات مناسب طریقے سے پورے نہیں کرتا تھا، جس کے باعث گھر کا نظام چلانا مشکل ہوتا جا رہا تھا۔ ان کے مطابق معاشی مجبوریوں کے باعث کنزہ نے تقریباً آٹھ ماہ تک لاہور کی ایک فیکٹری میں ملازمت بھی کی تاکہ اپنے بچوں کے اخراجات میں ہاتھ بٹا سکے۔

عظمیٰ کے مطابق کنزہ پر اس سے قبل بھی مبینہ طور پر اپنے شوہر کے تشدد کا نشانہ بنتی رہی تھی۔ انہوں نے بتایا کہ اس حوالے سے پہلے بھی پولیس کو درخواست دی گئی تھی، تاہم خاندان کے بزرگوں اور رشتہ داروں نے مداخلت کرکے دونوں کے درمیان صلح کرا دی تھی، جس کے بعد کنزہ دوبارہ اپنے شوہر کے ساتھ رہنے لگی۔

‎انہوں نے مزید دعویٰ کیا کہ گزشتہ کچھ عرصے سے انتظار کو اپنی اہلیہ کے کردار پر شبہ ہو گیا تھا اور وہ اسی بات کو لے کر اکثر جھگڑا کرتا تھا۔ ان کے مطابق وقوعہ کی رات بھی اسی معاملے پر تلخ کلامی ہوئی جس کے بعد انتظار نے مبینہ طور پر اپنے بھائی نواز کے ساتھ مل کر کنزہ پر تیز دھار آلے سے حملہ کر دیا، جس سے وہ جانبر نہ ہو سکی۔

‎کیس کے تفتیشی افسر عباس نے وائس پی کے سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ مقدمہ درج ہونے کے بعد دونوں نامزد ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ابتدائی قانونی کارروائی مکمل کرنے کے بعد مقدمے کی مزید تفتیش کرائم کنٹرول ڈپارٹمنٹ (سی سی ڈی) کے سپرد کر دی گئی ہے تاکہ تمام پہلوؤں سے تحقیقات کی جا سکیں۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here