30, جولائی 2026

حفیظ اللہ ستوری شیرانی


اسلام آباد

پاکستان میں صحافت کی آزادی اور آزادیِ اظہارِ رائے پر جاری بحران کے تناظر میں، نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (NCCIA) کی جانب سے معروف صحافی اسد علی طور کو 31 جولائی کے لیے جاری کردہ نوٹس پر صحافتی حلقوں اور حقوقِ انسانی کی تنظیموں کا ردِعمل سامنے آنے کا سلسلہ جاری ہے۔

این سی سی آئی اے نے اسد علی طور کو جمعہ، 31 جولائی کو اسلام آباد میں واقع سائبر کرائم رپورٹنگ سینٹر میں پیش ہو کر اپنا موقف دینے کی ہدایت کی ہے۔ ایجنسی کی جانب سے یہ اقدام پیکا (PECA) قانون کی دفعہ 26-A کے تحت اٹھایا گیا ہے جو غیر مصدقہ یا من گھڑت معلومات کی تشہیر سے متعلق ہے۔ مراسلے میں تنبیہ کی گئی ہے کہ مقررہ وقت پر پیش نہ ہونے کی صورت میں قانون کے مطابق یکطرفہ اقدام کیا جائے گا۔

اس تمام معاملے میں ایک اہم اور بنیادی نکتہ یہ سامنے آیا ہے کہ NCCIA کی جانب سے جاری کردہ اس نوٹس میں یہ واضح نہیں کیا گیا کہ اسد علی طور کی کس مخصوص خبر، کس پوسٹ، ویلاگ یا کن مخصوص معلومات کی بناء پر ان کے خلاف یہ قانونی کارروائی شروع کی گئی ہے۔ نوٹس میں صرف عمومی طور پر “جھوٹی معلومات کی اشاعت” کا ذکر ہے، لیکن اس مواد کی کوئی تفصیل یا ثبوت فراہم نہیں کیا گیا۔

نوٹس کی موصولی کے بعد اسد علی طور نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ (X) پر اس کی کاپی عام کی اور ریاست کی جانب سے ایک بار پھر پیکا کے دائرہ کار میں لائے جانے پر افسوس کا اظہار کیا۔

اس پیش رفت پر سینئر صحافیوں، نیشنل پریس کلب (NPC) اسلام آباد اور حقوقِ انسانی کے فعال کارکنان کی جانب سے شدید ردِ عمل سامنے آیا ہے۔

سینئر صحافی مطیع اللہ جان نے اس اقدام کو انتہائی قابلِ مذمت اور شرمناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ بغیر کسی واضح الزام کے ایک نوٹس کے ذریعے صحافی کو گرفتاری کی دھمکی دینا قانون کو ہتھیار بنانے کے مترادف ہے۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ “جب ایک ملزم کو مخصوص الزامات کی تفصیلات ہی فراہم نہ کی جائیں تو وہ انکوائری میں کیا معاونت کر سکتا ہے؟ اسے یہ جاننے کی ضرورت ہے کہ اپنے دفاع میں کس قسم کا ثبوت پیش کرنا ہے۔”

ان کا مزید کہنا تھا کہ ایسے “کاپی پیسٹ” نوٹسز کا مقصد صرف ملزم کو مؤثر دفاع سے محروم رکھنا ہے تاکہ ایک کھلے، آزادانہ اور منصفانہ ٹرائل کے نتیجے میں حتمی فیصلے کے بجائے کارروائی کے عمل ہی کے ذریعے سزا اور گرفتاری کا نشانہ بنایا جا سکے۔

معروف صحافی سمیع اللہ یوسفزئی نے اسد علی طور سے اظہارِ یکجہتی کرتے ہوئے تحریر کیا کہ “صحافت اور آزادیِ اظہارِ رائے ایک آزاد معاشرے کی آکسیجن ہیں۔ اسد طور بھائی، مضبوط رہیں۔ اللہ آپ کا حامی و ناصر ہو اور آپ کو ہمت و حوصلہ عطا فرمائے۔”

نیشنل پریس کلب اسلام آباد کے عہدیداروں نے بھی اسے آزادانہ صحافتی امور میں ناہمواری پیدا کرنے اور آوازوں کو دبانے کی مشق قرار دیتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ صحافیوں کے خلاف پیکا جیسے قوانین کے تادیبی استعمال کا سلسلہ فوری بند کیا جائے۔

این سی سی آئی اے نوٹس کے خلاف اسلام آباد ہائی کورٹ میں درخواست دائر

اسد علی طور نے جمعرات کے روز این سی سی آئی اے کی جانب سے جاری کردہ نوٹس کو اسلام آباد ہائی کورٹ میں چیلنج کر دیا ہے۔ یہ درخواست ایڈووکیٹ عطاء اللہ کنڈی کے ذریعے دائر کی گئی ہے، جس میں سیکرٹری داخلہ، این سی سی آئی اے اور دیگر متعلقہ حکام کو فریق بنایا گیا ہے۔

یہ نیا نوٹس ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب ملک میں سائبر کرائم کے لیے ادارہ جاتی ڈھانچے کو تبدیل کیا گیا ہے۔ این سی سی آئی اے کو حال ہی میں ایف آئی اے (FIA) کے سائبر ونگ کو ختم کر کے ایک خودمختار اور بااختیار ادارے کے طور پر تشکیل دیا گیا ہے تاکہ انٹرنیٹ پر ہونے والے جرائم اور قانونی خلاف ورزیوں سے نپٹا جا سکے۔

واضح رہے کہ اس سے قبل فروری 2024 میں اعلیٰ عدلیہ کے خلاف مبینہ طور پر منفی مہم چلانے کے لیے قائم کی گئی ایک اعلیٰ سطحی مشترکہ تحقیقاتی ٹیم (JIT) کی رپورٹ پر ایف آئی اے نے انہیں حراست میں لیا تھا۔ وہ چند ہفتے جیل میں رہے، جس کے بعد مارچ 2024 میں اسلام آباد ہائیکورٹ نے ان کی ضمانت منظور کر کے رہائی کا حکم دیا تھا۔ جبکہ مئی 2021 میں ان کی رہائش گاہ میں داخل ہو کر نامعلوم مسلح افراد نے ان پر تشدد کیا تھا اور ان کے صحافتی ذرائع کے بارے میں بازپرس کی تھی اس واقعے نے بھی ملکی و بین الاقوامی سطح پر شدید غم و غصے کو جنم دیا تھا۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here