31 جولائی 2026

رپورٹ: حفیظ اللہ ستوری شیرانی


اسلام آباد: ہیومن رائٹس کمیشن آف پاکستان (ایچ آر سی پی) کے زیرِ اہتمام اسلام آباد میں “پاکستان کے اینٹی ٹارچر فریم ورک میں موجود خامیوں کا خاتمہ” کے عنوان سے ایک اہم اور تفصیلی گول میز کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔ یورپی یونین کے تعاون سے منعقدہ اس کانفرنس میں ملک بھر سے انسانی حقوق کے رہنماؤں، قانون دانوں، سیاسی شخصیات اور حکومتی نمائندوں نے شرکت کی اور پاکستان میں حراستی تشدد کے بڑھتے ہوئے واقعات، قانونی خامیوں اور ساختیاتی تشدد (اسٹرکچرل ٹارچر) پر سیر حاصل گفتگو کی۔

کانفرنس کی افتتاحی نشست سے خطاب اور وائس پی کے سے گفتگو کرتے ہوئے معروف قانون دان اور سابق چیئرپرسن ایچ آر سی پی حنا جیلانی نے ملک میں حراستی تشدد کی موجودہ صورتحال پر شدید تشویش کا اظہار کیا۔

انہوں نے کہا, “آج کے اس اجتماع کا مقصد ایزا رسانی کے حوالے سے ملک میں موجود قوانین اور عملی صورتحال کا جائزہ لینا ہے۔ اس وقت ملک میں کوئی ایسا ادارہ یا حراستی مرکز نہیں جہاں سے تشدد کی شکایات نہ آ رہی ہوں۔ پولیس تھانے، جیلیں، حراستی مراکز اور ملٹری کسٹڈی، ہر جگہ سے یہ شکایات موصول ہو رہی ہیں۔”

حنا جیلانی نے اس بات پر زور دیا کہ تشدد کا خاتمہ پاکستان کے لیے دہائیوں سے ایک اہم ترین ضرورت رہا ہے، لیکن قوانین بننے کے باوجود عملی طور پر کوئی مثبت تبدیلی نہیں آئی۔

انہوں نے مزید کہا, “قوانین کو نہ تو سنجیدگی سے لیا گیا اور نہ ہی ان پر عملدرآمد کے لیے کوئی موثر عملی نظام بنایا گیا۔ ایسا لگتا ہے کہ ادارے خود تشدد کے حامی ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ پاکستان میں تشدد اس حد تک منظم ہو چکا ہے کہ دنیا بھر میں ملک کا امیج شدید متاثر ہو رہا ہے۔ حکمران اس معاملے کو ترجیح نہیں دے رہے، اور یہ عدم توجہی بظاہر قصداً ہے کیونکہ ان کی نیت ہی یہی ہے کہ تشدد کے ذریعے اپنے نظام کو چلایا جائے۔”

انہوں نے ایچ آر سی پی کی جانب سے مطالبات پیش کرتے ہوئے کہا کہ تمام متعلقہ اداروں کا مکمل آڈٹ کیا جائے کہ وہ اینٹی ٹارچر قوانین کے تحت اپنا کردار کیسے ادا کر رہے ہیں۔ علاوہ ازیں، سول سوسائٹی کو خود مختار تحقیقات، مانیٹرنگ اور احتساب کے ان فورمز میں شامل کیا جائے جہاں تشدد کے مرتکب افراد کو قانون کے کٹہرے میں لایا جا سکے۔

سابق سینیٹر اور ایچ آر سی پی کونسل کے رکن فرحت اللہ بابر نے اختتامی نشست سے خطاب اور وائس پی کے سے بات کرتے ہوئے پاکستان کے قانونی ڈھانچے اور سیکیورٹی قوانین میں موجود خامیوں کو نشانہ بنایا۔

انہوں نے کہا, “آج کے اس دن کا بنیادی مقصد لوگوں کو تشدد کے حوالے سے آگاہی دینا اور یہ دیکھنا تھا کہ ملک میں تشدد کو کیسے کم یا ختم کیا جا سکتا ہے۔ ہمارے ملک میں بدقسمتی سے جو قانونی ڈھانچہ موجود ہے، وہ تشدد کے لیے سہولت کاری فراہم کرتا ہے۔”

فرحت اللہ بابر نے خیبر پختونخوا اور بلوچستان کے قوانین کی مثال دیتے ہوئے کہا, “قانونی طور پر خیبر پختونخوا میں حراستی مراکز (انٹرنمنٹ سینٹرز) قائم کرنے کی اجازت دی گئی ہے۔ ایسا قانون بنایا گیا ہے جس کے تحت غیر سویلین ادارے کسی بھی شخص کو گرفتار کر کے تین ماہ تک بغیر کسی مجسٹریٹ کے سامنے پیش کیے، بغیر کسی مقدمے اور بغیر عدالت کے حراست میں رکھ سکتے ہیں۔ ابھی حال ہی میں یہی ترمیم بلوچستان کے لیے بھی کی گئی ہے۔ بغیر سوال جواب کے شہریوں کو مہینوں غائب اور بند رکھنا خود تشدد کی خوفناک شکل ہے۔”

ملک کی سیاسی صورتحال اور ہائبرڈ نظام پر تنقید کرتے ہوئے انہوں نے کہا, “پاکستان اس وقت آئینی انحراف اور انحطاط کے دور سے گزر رہا ہے۔ موجودہ ہائبرڈ نظام کا حال یہ ہے کہ ڈرائیونگ سیٹ پر کوئی اور نظر آتا ہے لیکن بریک، کلچ اور ڈرائیونگ کے اصل لیورز کسی اور کے ہاتھ میں ہیں۔ ایسی گاڑی کچھ دیر تو چل سکتی ہے، لیکن بالآخر ایک خوفناک حادثے کا شکار ہو جاتی ہے۔ ہمیں اس ہائبرڈ نظام کے خلاف آواز اٹھانی ہوگی۔”

انہوں نے اقوامِ متحدہ کے معاہدہ برائے انسدادِ تشدد (یو این سی اے ٹی) کے اضافی پروٹوکول (او پی سی اے ٹی) کو تسلیم کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ اگر پاکستان اس پر دستخط کر دے تو اقوامِ متحدہ کے نمائندوں کو کسی بھی جیل یا حراستی مرکز کے معائنے کا اختیار مل جائے گا، جس سے تشدد کی روک تھام پر قدغن لگے گی۔

پاکستان تحریکِ انصاف کے سینئر رہنما اور سابق صوبائی وزیر تیمور خان جھگڑا نے کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ملک میں انسانی حقوق اور آزادیِ صحافت کی گرتی ہوئی صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا۔

انہوں نے کہا, “اس وقت ملک میں سنگین تنزلی دیکھی جا رہی ہے۔ اصل معاملہ یہ ہے کہ پچھلے چند سالوں میں انسانی حقوق اور آزادیِ اظہار کے گراف میں کتنا ریورسل آیا ہے۔ چاہے وہ آزادیِ اظہارِ رائے ہو، صحافیوں پر عائد پابندیاں ہوں، حراستی تشدد ہو، ماورائے عدالت قتل ہوں یا جبری گمشدگیاں، ہر شعبے میں صورتحال ابتر ہوئی ہے۔”

تیمور خان جھگڑا نے مزید کہا کہ صحافیوں، سیاسی کارکنان اور عام شہریوں پر قدغنیں لگانا اور حراست میں تشدد کا نشانہ بنانا جمہوریت اور قانون کی حکمرانی کے خلاف ہے۔ انہوں نے ایچ آر سی پی کی اس اینٹی ٹارچر مہم کی تعریف کی اور اپنی پارٹی تحریکِ انصاف کی جانب سے حراستی تشدد اور صحافیوں و شہریوں کی آزادی پر عائد پابندیوں کے خلاف اس مہم کی مکمل حمایت کا اعلان کیا۔

حکومتی موقف پیش کرنے کے لیے وزارت قانون کی نمائندگی کرتے ہوئے بیرسٹر عثمان علی لالی نے بھی کانفرنس میں شرکت کی۔

انہوں نے ایچ آر سی پی اور سول سوسائٹی کے خدشات کا جواب دیتے ہوئے کہا، “ہمیں آج کے اس فورم سے جو فکری اور تکنیکی تجاویز موصول ہوں گی، چاہے وہ ای میل کی صورت میں ہوں یا حتمی رپورٹ کی شکل میں، محکمہ قانون ان کا مکمل جائزہ لے گا۔ ہم آپ کی تکنیکی مہارت سے استفادہ کرتے ہوئے ان تجاویز کو قانون سازی میں شامل کرنے کی پوری کوشش کریں گے جن پر سیاسی اتفاقِ رائے حاصل کیا جا سکے گا۔”

اوپن فورم اور تکنیکی سفارشات:

کانفرنس کے دوران ایچ آر سی پی کے پروجیکٹ مینیجر جعفر احمد نے “ٹارچر کے خلاف” کے عنوان سے قومی مہم کا خاکہ پیش کیا، جبکہ ایچ آر سی پی کی ڈائریکٹر فرح ضیا نے اوپن فورم کی نظامت کی۔

کھلی بحث کے دوران مقررین اور انسانی حقوق کے کارکنان نے درج ذیل اہم مطالبات پر زور دیا:

۱۔ ٹارچر اینڈ کسٹوڈیل ڈیتھ (پریوینشن اینڈ پنشمنٹ) ایکٹ 2022 میں موجود قانونی اور عملی خامیوں کو فوری دور کیا جائے۔

۲۔ جیلوں کے ڈائریکٹ ڈیٹا، حراستی اعداد و شمار اور ڈیٹینشن مانیٹرنگ میں شفافیت لائی جائے

۳۔ صحافیوں و میڈیا کو حراستی مراکز اور عدالتی کارروائیوں تک آزادانہ رسائی دی جائے۔

کانفرنس میں اس بات پر زور دیا گیا کہ سول سوسائٹی، سیاسی جماعتوں اور اداروں کو مل کر کام کرنے کی ضرورت ہے تاکہ معاشرے اور سرکاری اہلکاروں کے رویوں میں تشدد کے خلاف مثبت تبدیلی لائی جا سکے۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here