21 جولائ 2026
رپورٹ: اعتزاز ابراہیم
لاہور:
کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی لاہور نے زیر تعلیم افغان طلبہ، ڈاکٹرز اور دیگر افغان سٹاف کو ہدایت کی ہے کہ اگر ان کے ویزوں میں حکومتِ پاکستان کی جانب سے باقاعدہ توسیع نہیں ہوئی تو وہ 48 گھنٹوں کے اندر یونیورسٹی ہاسٹل خالی کر دیں۔ اس حوالے سے چیف وارڈن، بوائز اینڈ گرلز ہاسٹلز کی جانب سے 18 جولائی 2026 کو باضابطہ نوٹس جاری کیا گیا ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ تمام افغان شہری بورڈرز، طلبہ اور ڈاکٹرز جن کے ویزے درست طور پر توسیع نہیں کیے گئے، وہ 48 گھنٹوں کے اندر ہاسٹل خالی کریں اور اس بارے میں چیف وارڈن کو بھی آگاہ کریں۔
وائس پی کے سے گفتگو کرتے ہوئے کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی کے ترجمان احتشام الحق نے نوٹس اور فیصلے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ جب تک افغان طلبہ درست اور کارآمد (Valid) ویزا حاصل نہیں کرتے، وہ یونیورسٹی کی کسی بھی سہولت سے استفادہ نہیں کر سکیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ یونیورسٹی حکومتی ہدایات اور امیگریشن قوانین کے مطابق عمل کر رہی ہے۔
دوسری جانب افغان طلبہ کے نمائندے فضل الرحمن افغان نے اس صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی مختلف جامعات میں زیر تعلیم متعدد افغان طلبہ کو پروف آف رجسٹریشن (POR) کارڈ کی بنیاد پر داخلہ دیا گیا تھا، تاہم موجودہ صورتحال میں ان کارڈز کی مدت یا حیثیت سے متعلق مسائل کے باعث انہیں اپنی تعلیم جاری رکھنے، یونیورسٹی کی شرائط پوری کرنے اور مختلف تعلیمی سہولیات تک رسائی میں مشکلات کا سامنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بڑی تعداد میں افغان طلبہ نے چھ سے دس ماہ قبل اسٹوڈنٹ ویزا یا ویزا میں توسیع کے لیے تمام قانونی تقاضے پورے کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو مطلوبہ دستاویزات جمع کرا دی تھیں۔ تاہم ان کے مطابق ان درخواستوں کی بڑی تعداد تاحال زیر التوا ہے اور متعلقہ اداروں کی جانب سے ان پر کوئی حتمی فیصلہ نہیں کیا گیا۔
فضل الرحمن افغان کا کہنا تھا کہ ایک طرف طلبہ کی ویزا درخواستیں کئی ماہ سے زیر غور ہیں جبکہ دوسری جانب انہیں مختلف اداروں کی جانب سے کارآمد ویزا پیش کرنے کا کہا جا رہا ہے۔ ان کے مطابق اس صورتحال نے طلبہ کو ایک مشکل صورت حال سے دوچار کر دیا ہے کیونکہ انہوں نے تمام قانونی تقاضے پورے کیے ہیں لیکن درخواستوں پر فیصلہ نہ ہونے کے باعث وہ اپنی قانونی حیثیت ثابت کرنے میں مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں۔
انہوں نے حکومتِ پاکستان، ہائر ایجوکیشن کمیشن، یونیورسٹی انتظامیہ، امیگریشن حکام اور دیگر متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا کہ اس معاملے پر فوری توجہ دی جائے اور زیر تعلیم افغان طلبہ کو اپنی تعلیم مکمل کرنے کی اجازت دی جائے۔ انہوں نے مزید مطالبہ کیا کہ اسٹوڈنٹ ویزا اور ویزا توسیع کی زیر التوا درخواستوں پر جلد از جلد فیصلہ کیا جائے تاکہ طلبہ کی تعلیمی سرگرمیاں متاثر نہ ہوں۔
فضل الرحمن افغان نے کہا کہ افغان طلبہ پاکستان کے امیگریشن قوانین سے استثنا نہیں چاہتے بلکہ صرف یہ چاہتے ہیں کہ جن طلبہ نے قانونی طریقہ کار کے مطابق درخواستیں جمع کرا رکھی ہیں، ان پر بروقت فیصلہ کیا جائے تاکہ وہ اپنی تعلیم جاری رکھ سکیں اور غیر یقینی صورتحال کا خاتمہ ہو۔
یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب پاکستان میں غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکیوں کی وطن واپسی کے حکومتی پروگرام پر عملدرآمد جاری ہے۔ وفاقی حکومت کی غیر قانونی غیر ملکیوں کی وطن واپسی پالیسی کے تحت ایسے غیر ملکی شہری جن کے پاس کارآمد ویزا یا دیگر قانونی سفری دستاویزات موجود نہیں، انہیں پاکستان چھوڑنے کی ہدایت کی جا رہی ہے۔ اس سلسلے میں مختلف مراحل میں کارروائیاں جاری ہیں اور متعلقہ ادارے امیگریشن قوانین کے مطابق اقدامات کر رہے ہیں۔افغان شہری اس پالیسی سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے گروہوں میں شامل ہیں