8 جولائی 2026

رپورٹ : اعتزاز ابراہیم


لاہور کے علاقے قلعہ گجر سنگھ میں بیس سالہ لڑکی کو مبینہ طور پر ملازمت کا جھانسہ دے کر زیادتی کا نشانہ بنانے کے الزام میں پولیس نے ملزم کو گرفتار کر لیا۔ تفصیلات کے مطابق واقعہ چھ جون کو پیش آیا، جبکہ متاثرہ لڑکی کی درخواست پر مقدمہ درج کرکے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

ایف آئی آر رپورٹ کے مطابق چھ جون کو ملزم نے متاثرہ لڑکی کو ملازمت دلوانے اور اکیڈمی کے اخراجات برداشت کرنے کا جھانسہ دے کر اپنے گھر بلایا۔ ایف آئی آر میں الزام عائد کیا گیا ہے کہ جب لڑکی ملزم کے گھر پہنچی تو وہاں اس کے علاوہ کوئی دوسرا شخص موجود نہیں تھا ملزم نے گھر کا دروازہ بند کر دیا اور لڑکی کو زیادتی کا نشانہ بنایا۔ملزم متاثرہ کا محلہ دار تھا۔

واقعہ کا مقدمہ متاثرہ لڑکی کی مدعیت میں درج کیا گیا ۔ایس پی سول لائنز چوہدری اثر علی نے میڈیا کو جاری بیان میں کہا کہ زیادتی جیسے سنگین جرائم میں ملوث عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایسے مقدمات میں قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی اور متاثرہ فریق کو انصاف کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے تمام قانونی تقاضے پورے کیے جائیں گے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ واقعہ رپورٹ ہوتے ہی فوری کارائی کی گئی اور ملزم کو چوبیس گھنٹوں کے اندر اندر گرفتار کر لیا گیا ہے ۔ جس پر قانونی کاروائی جاری ہے۔

یہ واقعہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب حالیہ دنوں لاہور میں دو غیر ملکی خواتین کے مبینہ اغوا اور جنسی زیادتی کا سنگین مقدمہ بھی زیر تفتیش ہے۔ لاہور میں یورپی ممالک ہالینڈ اور سپین سے تعلق رکھنے والی دو خواتین کے ساتھ مبینہ طور پر اغوا اور جنسی زیادتی کا واقعہ 29 جون کو پیش آیا تھا اور پولیس نے اس معاملے میں اہم شخصیت کے ایک رشتہ دار سمیت 8 افراد کو گرفتار کیا ہے۔

خواتین کے خلاف جرائم کے حالیہ واقعات نے ایک بار پھر ایسے مقدمات کی بروقت تفتیش اور قانونی کارروائی کی اہمیت کو اجاگر کیا سسٹین ایبل سوشل ڈویلپمنٹ آرگنائزیشن (ایس ایس ڈی او) کی جانب سے جاری کیے گئے اعداد و شمار کے مطابق یکم جنوری دو ہزار پچیس سے تیس جون دو ہزار پچیس کے دوران پنجاب بھر میں ریپ کے ایک ہزار چھ سو اکیاون مقدمات رپورٹ ہوئے۔ تنظیم کے مطابق خواتین اور بچوں کے خلاف جرائم کی روک تھام کے لیے مؤثر قانون پر عمل درآمد، بروقت تحقیقات، مقدمات کے جلد فیصلے اور متاثرین کو قانونی معاونت کی فراہمی ناگزیر ہے۔ رپورٹ میں متعلقہ اداروں کے درمیان مؤثر رابطہ، متاثرین کے تحفظ کے نظام کو مزید مضبوط بنانے اور ایسے جرائم کی روک تھام کے لیے عملی اقدامات کی ضرورت پر بھی زور دیا گیا ہے۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here