7 جولائ 2026

رپورٹ: فوزیہ کلثوم رانا


اسلام آباد

معروف سینئر صحافی منیزے جہانگیر نے اپنے آفیشل یوٹیوب چینل پر جاری کیے گئے ایک حالیہ پوڈکاسٹ میں بلوچ یکجہتی کمیٹی (BYC) کی رہنما ڈاکٹر ماہرنگ بلوچ اور صبغت اللہ شاہجی کو انسدادِ دہشت گردی کی عدالت (ATC) کی جانب سے سنائی گئی عمر قید کی سزا کا تفصیلی قانونی و تجزیاتی جائزہ پیش کیا۔ پوڈکاسٹ میں کہا گیا کہ فیصلے کے بعد بلوچستان اور سندھ میں عوامی اور قانونی سطح پر شدید ردعمل سامنے آیا، جہاں تاجر برادری نے صوبے بھر میں شٹر ڈاؤن ہڑتال کی، جبکہ سندھ بار کونسل نے فیصلے کو قانون اور انصاف کے اصولوں کے منافی قرار دیا۔

پوڈکاسٹ میں سپریم کورٹ کے سینئر وکیل اور ممبر پاکستان بار کونسل منیر احمد کاکڑ اور وائس چیئرمین بلوچستان بار کونسل جائدین دشتی نے خصوصی شرکت کی۔ دونوں وکلاء نے عدالتی فیصلے اور ٹرائل کے طریقہ کار پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے اسے آئین کے آرٹیکل 10-اے کے تحت منصفانہ ٹرائل کے حق سے متصادم قرار دیا۔

کیس کے قانونی پہلوؤں پر گفتگو کرتے ہوئے جائدین دشتی نے دعویٰ کیا کہ استغاثہ کا مقدمہ متضاد بیانات پر مبنی ہے۔ ان کے مطابق مقدمے کا آغاز 29 جولائی 2024 کو گوادر میں ایف سی اہلکار شبیر احمد کی ہلاکت سے ہوا، جس کی ابتدائی ایف آئی آر میں ڈاکٹر ماہرنگ بلوچ پر صرف اشتعال انگیز تقریر کا الزام عائد کیا گیا تھا۔ تاہم بعد میں استغاثہ نے ضمنی بیان جمع کرایا، جس میں واقعے کی تاریخ 29 جولائی کے بجائے 27 جولائی درج کی گئی اور “نعمان” نامی شخص کو مرکزی ملزم قرار دیا گیا۔

جائدین دشتی نے کہا کہ جب عدالت نے ضابطۂ فوجداری کی دفعہ 265-کے کے تحت مرکزی ملزم نعمان کو شواہد کی عدم موجودگی پر بری کر دیا تو پھر ڈاکٹر ماہرنگ بلوچ اور صبغت اللہ شاہجی کو عمر قید کی سزا کس بنیاد پر سنائی گئی، جبکہ ان پر قتل میں براہِ راست ملوث ہونے کا الزام ثابت نہیں کیا گیا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ نعمان ایک لاپتا شخص تھا، جسے بعد میں مقدمے کا حصہ بنایا گیا، جس سے استغاثہ کے مقدمے پر مزید سوالات اٹھتے ہیں۔ انہوں نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ جس مبینہ اشتعال انگیز تقریر کو سزا کی بنیاد بنایا گیا، اس کا متن یا ویڈیو ریکارڈنگ عدالتی ریکارڈ کا حصہ نہیں تھی۔

دوسری جانب، منیر احمد کاکڑ نے عدالتی کارروائی کو “فیس لیس ٹرائل” قرار دیتے ہوئے کہا کہ مقدمے کی سماعت روایتی عدالت کے بجائے جیل میں ویڈیو لنک کے ذریعے کی گئی، جہاں جج، پراسیکیوٹر اور وکلاء مختلف مقامات سے کارروائی میں شریک ہوئے۔ ان کے مطابق اس طریقۂ کار نے عدالتی کارروائی کی شفافیت پر سوالات پیدا کیے۔

انہوں نے مزید کہا کہ استغاثہ کے مطابق وقوعہ کے وقت سینکڑوں افراد موجود تھے، تاہم کسی بھی مقامی یا آزاد شہری کو گواہ نہیں بنایا گیا، جبکہ تمام گواہ سرکاری ملازمین اور ایف سی کے اہلکار تھے۔ ان کے مطابق ملزمان نے متعلقہ جج پر عدم اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے بلوچستان ہائی کورٹ سے رجوع بھی کر رکھا تھا، لیکن اس کے باوجود چند روز کے اندر سرکاری وکیل مقرر کر کے مقدمے کا فیصلہ سنا دیا گیا۔

منیر احمد کاکڑ نے کہا کہ موجودہ حالات میں عدالتی نظام پر دباؤ کے تاثر کو نظرانداز نہیں کیا جا سکتا، تاہم اگر اعلیٰ عدالتیں آزادانہ طور پر شواہد کا جائزہ لیں تو ان کے خیال میں یہ فیصلہ برقرار رہنا مشکل ہوگا۔

پوڈکاسٹ کے اختتام پر بتایا گیا کہ بلوچستان بار کونسل کی قانونی ٹیم اس فیصلے کے خلاف بلوچستان ہائی کورٹ میں اپیل دائر کرنے کی تیاری کر رہی ہے، جس میں سزا معطل کرنے کی استدعا بھی کی جائے گی۔

گفتگو سمیٹتے ہوئے منیزے جہانگیر نے کہا کہ یہ ایک ہائی پروفائل مقدمہ ہے، جس کے قانونی پہلوؤں پر آزاد صحافت کے اصولوں کے مطابق مسلسل نظر رکھی جائے گی۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here