10جولائی 2026
اسٹاف رپورٹ
پشاور: پاکستان اور افغانستان کے درمیان اہم تجارتی گزرگاہوں کی گزشتہ نو ماہ سے جاری بندش نے دونوں ممالک کی معیشت کو بھاری نقصان پہنچایا ہے۔ کاروباری تنظیموں کے مطابق اس عرصے میں پاکستانی تاجروں کو 280 ارب روپے سے زائد اور افغانستان کو 140 ارب روپے سے زیادہ کا معاشی نقصان اٹھانا پڑا، جبکہ اس دوران 10 ہزار سے زائد افراد بے روزگار ہو گئے۔
تاجروں کا حکومت سے مطالبہ
پشاور میں کسٹم کلیئرنگ ایجنٹس، ٹرانسپورٹرز اور تاجروں نے مشترکہ پریس کانفرنس میں وفاقی اور صوبائی حکومتوں سے متاثرہ کاروباری طبقے کے لیے خصوصی ریلیف پیکج دینے اور پاک افغان سرحد فوری طور پر کھولنے کا مطالبہ کیا۔
کسٹم کلیئرنگ ایجنٹس ایسوسی ایشن کے صدر مجیب شنواری کا کہنا تھا کہ بارڈر کی نو ماہ سے جاری بندش کے باعث ایکسپورٹرز، ٹرانسپورٹرز اور کسٹم کلیئرنگ ایجنٹس بھاری مالی نقصان سے دوچار ہیں۔ ان کے مطابق سرحدی علاقوں میں لوگوں کے روزگار کا واحد ذریعہ سرحدی تجارت ہے، کیونکہ وہاں نہ صنعتیں موجود ہیں اور نہ ہی قابلِ ذکر زرعی سرگرمیاں۔ انہوں نے کہا: “ہم نے ہمیشہ ریاست کا ساتھ دیا ہے، اب ریاست ہماری مدد کرے۔” انہوں نے حکومت سے متاثرہ کاروباری طبقے کے لیے فوری ریلیف پیکج کے اعلان کا مطالبہ دہرایا۔
برآمدات میں کمی، سامان کی بربادی
پاکستان اکنامک سروے کے مطابق سرحدی بندش کے باعث پاکستان کی برآمدات کی شرح 4.5 فیصد سے کم ہو کر 1.5 فیصد رہ گئی ہے۔ کاروباری حلقوں کا کہنا ہے کہ افغانستان اور وسطی ایشیائی ممالک جانے والے سیکڑوں ٹرک بارڈر پر کھڑے رہے، جن میں لدی ہوئی پھل، سبزیاں اور دیگر جلد خراب ہونے والی اشیا ضائع ہو گئیں، جبکہ ٹرانسپورٹرز کو ڈیمریج، ٹیکس اور دیگر مدات میں کروڑوں روپے کا نقصان برداشت کرنا پڑا۔
کاروباری شخصیت واحد خان شنواری نے بتایا کہ ان کے کراچی میں کھڑے 12 کنٹینرز پر کئی ماہ تک ہر ماہ فی کنٹینر 100 ڈالر ٹیکس ادا کرنا پڑا۔ ان کے مطابق صرف کھڑی گاڑیوں کی مد میں کروڑوں روپے خرچ ہوئے، جبکہ بارڈر پر پھنسے سینکڑوں ٹرکوں میں موجود پھل، سبزیاں اور دیگر حساس اشیائے خور و نوش خراب ہونے سے ہر تاجر کو کروڑوں روپے کا نقصان پہنچا۔
سرحدی آبادی بھی متاثر
لنڈی کوتل سے تعلق رکھنے والے کاروباری شخصیت شاہ خالد کے مطابق طورخم بارڈر کی بندش نے صرف تجارت ہی نہیں بلکہ مقامی آبادی کے روزگار کو بھی شدید متاثر کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ علاقے کے بیشتر خاندانوں کا انحصار سرحدی تجارت پر تھا، اور بارڈر کی بندش کے بعد بے روزگاری اور معاشی مشکلات میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔
کاروباری حلقوں کے مطابق پاک افغان کشیدگی کے بعد گزشتہ سال 13 اکتوبر کو طورخم اور چمن سمیت تمام اہم سرحدی تجارتی گزرگاہیں بند کر دی گئی تھیں۔ موجودہ صورتحال میں صرف افغان شہریوں کی پاکستان سے واپسی کی اجازت ہے۔ تاجروں نے خبردار کیا ہے کہ اگر بارڈر مستقل بنیادوں پر جلد نہ کھولا گیا تو سرحدی علاقوں کا معاشی بحران مزید شدت اختیار کر جائے گا۔