18 جولائ 2026

حفیظ اللہ ستوری شیرانی


اسلام آباد:

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کی زیبسٹ یونیورسٹی میں شہید بھٹو فاؤنڈیشن کے زیرِ اہتمام “عالمی یومِ آبادی” کے عنوان سے ایک اہم کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔

کانفرنس میں بتایا گیا کہ اس وقت دنیا کی مجموعی آبادی 8 ارب 30 کروڑ سے تجاوز کر چکی ہے، جبکہ پاکستان 25 کروڑ 90 لاکھ سے زائد آبادی کے ساتھ دنیا کا پانچواں بڑا ملک بن چکا ہے۔

کانفرنس کے شرکا کے مطابق اس تقریب کا بنیادی مقصد بڑھتی ہوئی آبادی کے تناظر میں شہریوں کو بااختیار بنانے، انسانی وسائل کی ترقی پر توجہ دینے اور دستیاب وسائل کے پائیدار استعمال کی اہمیت کو اجاگر کرنا تھا۔ تقریب میں شریک ماہرین اور نوجوانوں نے اس بات پر زور دیا کہ ملک میں بڑھتی ہوئی بے روزگاری، تعلیم یافتہ نوجوانوں کے لیے محدود مواقع اور مستقبل سے متعلق غیر یقینی صورتحال اس وقت بڑے چیلنجز کی صورت اختیار کر چکی ہے۔

کانفرنس میں شریک طالبہ شایمہ آصف نے بتایا کہ انہوں نے اے آئی اینڈ ہیلتھ کیئر میں ماسٹرز کیا ہے اور اس وقت ایک غیر سرکاری ادارے میں خدمات انجام دے رہی ہیں۔ ان کے مطابق:

“پاکستانی نوجوان آج ڈگریاں تو حاصل کر رہے ہیں، لیکن ان کے سامنے واضح کیریئر کا راستہ موجود نہیں۔ نوجوانوں، خصوصاً گریجویٹس، کو روزگار کے مناسب مواقع نہیں مل رہے، جس کے باعث بڑی تعداد میں لوگ بہتر مستقبل کی تلاش میں قانونی اور غیر قانونی ذرائع سے ملک سے باہر جانے کی کوشش کر رہے ہیں، جبکہ بہت سے نوجوان ملک چھوڑ بھی چکے ہیں۔”

دوسری طالبہ نایاب سبحانی کا کہنا تھا:

“میرے نزدیک اس وقت نوجوانوں کو سب سے بڑا مسئلہ بے روزگاری کا درپیش ہے۔ میں نے حال ہی میں گریجویشن مکمل کی ہے اور میرے ساتھ ساتھ میرے خاندان کو بھی میرے روزگار کے حوالے سے تشویش ہے۔ آبادی ضرور زیادہ ہے، لیکن ملک کے پاس وسائل بھی موجود ہیں، مسئلہ ان کے مؤثر اور منصفانہ استعمال کا ہے۔ حکومت کو ایسے منصوبے اور پروگرام متعارف کرانے چاہییں جو تعلیم، صحت، ہنر مندی اور روزگار کے مواقع میں عملی بہتری لا سکیں۔”

تقریب میں شریک قائداعظم یونیورسٹی کے شعبۂ پاکستان اسٹڈیز کے اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر سعید احمد ریڈ نے کہا:

“اگر موجودہ رفتار برقرار رہی تو آئندہ چند برسوں میں پاکستان آبادی کے لحاظ سے دنیا کا چوتھا بڑا ملک بن جائے گا۔ 1971ء تک، جب مشرقی پاکستان الگ نہیں ہوا تھا، اُس وقت مشرقی بنگال کی آبادی مغربی پاکستان سے تقریباً ایک کروڑ زیادہ تھی، لیکن آج پاکستان کی آبادی بنگلہ دیش سے تقریباً آٹھ کروڑ زیادہ ہو چکی ہے۔ اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ آبادی سے متعلق پالیسی سازی اور انسانی ترقی پر مسلسل توجہ نہیں دی گئی۔ بعض حلقوں میں یہ تاثر پایا جاتا ہے کہ مسلم معاشروں میں آبادی سے متعلق منصوبہ بندی کو قبول نہیں کیا جاتا، تاہم بنگلہ دیش اور انڈونیشیا جیسے مسلم اکثریتی ممالک اس کی مختلف مثالیں ہیں۔ اس وقت پاکستان میں آبادی میں اضافے کی سالانہ شرح تقریباً 2.55 فیصد ہے، جبکہ انڈونیشیا میں یہ شرح تقریباً 0.75 فیصد ہے۔ آبادی اس وقت قومی طاقت بنتی ہے جب ریاست اپنے شہریوں کو معیاری تعلیم، صحت، غذائیت، ہنر اور بہتر ماحول فراہم کرنے میں کامیاب ہو۔ اگر انسانی ترقی پر خاطر خواہ توجہ نہ دی جائے تو بے روزگاری، سماجی مسائل اور انتہاپسندی جیسے چیلنجز شدت اختیار کر سکتے ہیں۔ ان مسائل سے نمٹنے کے لیے مربوط پالیسی اور مؤثر نظام وضع کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔”

پلاننگ کمیشن آف پاکستان کے سینیئر چیف سید نصیر احمد گیلانی نے کہا:

“آج دنیا کے کئی ممالک کو آبادی میں اضافے کے بجائے آبادی میں کمی کا سامنا ہے، اس لیے نوجوان آبادی پاکستان کے لیے ایک اہم اثاثہ بن سکتی ہے، بشرطیکہ اس پر سرمایہ کاری کی جائے۔ اگر صرف کم آبادی ہی ترقی کی ضمانت ہوتی تو بلوچستان آج ملک کا سب سے خوشحال اور پُرامن صوبہ ہوتا، حالانکہ وہاں قدرتی وسائل بھی وافر ہیں۔ اس لیے اصل ضرورت نوجوانوں کی صحت، تعلیم اور صلاحیتوں پر توجہ دینے کی ہے۔ پاکستان میں تقریباً چالیس فیصد بچوں کی ذہنی نشوونما غذائی کمی کے باعث متاثر ہو رہی ہے، جبکہ صحت اور غذائیت کے کئی اشاریے بھی تشویشناک ہیں۔ اس وقت ڈھائی کروڑ بچے اسکولوں سے باہر ہیں اور تقریباً پینتالیس ہزار اسکول غیر فعال پڑے ہیں۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ انسانی ترقی کو قومی ترجیحات میں شامل کرتے ہوئے طویل المدتی وژن کے تحت تعلیم، صحت اور نوجوانوں کی فلاح پر توجہ دی جائے۔”

کانفرنس میں شریک مندوبین کا مجموعی مؤقف تھا کہ آبادی میں اضافہ بذاتِ خود مسئلہ نہیں، بلکہ وسائل کی غیر مساوی تقسیم، انسانی ترقی میں ناکافی سرمایہ کاری اور طویل المدتی منصوبہ بندی کا فقدان اصل چیلنج ہے۔ شرکا کے مطابق اگر تعلیم، صحت، ہنر مندی اور روزگار پر مؤثر توجہ دی جائے تو یہی نوجوان آبادی ملک کی ترقی کا سب سے بڑا سرمایہ ثابت ہو سکتی ہے۔

 

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here