27 جولائی 2026
رپورٹ: محمد دانیال
پشاور: ٹک ٹاک پر مبینہ فحش، غیر اخلاقی اور توہینِ مذہب پر مبنی مواد کی روک تھام کے لیے پشاور ہائیکورٹ میں دائر ایک درخواست نے سوشل میڈیا کے استعمال، حکومتی ریگولیشن اور اظہارِ رائے کی آزادی سے متعلق بحث کو ایک بار پھر ہوا دے دی ہے۔ عدالت نے سوشل میڈیا پروٹیکشن اینڈ ریگولیٹری اتھارٹی کو کیس میں فریق بناتے ہوئے تفصیلی جواب طلب کر لیا ہے۔
درخواست گزار کے وکیل بیرسٹر بابر عمران نے بتایا کہ عدالت سے رجوع کرنے کا مقصد ٹک ٹاک پر موجود فحش، غیر اخلاقی اور توہینِ مذہب پر مبنی مواد کا خاتمہ ہے۔ ان کا کہنا تھا: “پاکستان میں فی الحال ایسا کوئی مؤثر نظام موجود نہیں جس کے ذریعے حکومت یا متعلقہ ادارے براہِ راست قابلِ اعتراض مواد ہٹا سکیں۔ جب بھی کسی متنازع مواد کی شکایت کی جاتی ہے تو پی ٹی اے کو ٹک ٹاک انتظامیہ سے رابطہ کرنا پڑتا ہے، مگر یہ واضح نہیں ہوتا کہ اس پر بروقت کارروائی ہوتی بھی ہے یا نہیں۔”
بیرسٹر بابر عمران کے مطابق ریگولیٹری نظام کی اسی ناکامی کے باعث نوجوان نسل مسلسل نامناسب مواد کی زد میں ہے، اسی لیے عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ ٹک ٹاک پر پاکستان میں مکمل پابندی عائد کی جائے۔ انہوں نے یاد دلایا کہ ماضی میں بھی ٹک ٹاک پر پابندی لگائی جا چکی ہے اور انہیں امید ہے کہ عدالت اس بار بھی مناسب فیصلہ کرے گی۔
تاہم ہر قانونی ماہر مکمل پابندی کو حل تسلیم نہیں کرتا۔ سپریم کورٹ کے وکیل بشیر وزیر ایڈووکیٹ کا مؤقف اس سے قدرے مختلف ہے۔ ان کا کہنا ہے: “یہ درست ہے کہ پاکستان میں سوشل میڈیا پر قابلِ اعتراض مواد کی نگرانی کا مؤثر نظام موجود نہیں، لیکن مکمل پابندی مسئلے کا حل نہیں۔ پاکستان مختلف پلیٹ فارمز کو سینکڑوں شکایات بھیجتا ہے، مگر ان میں سے بہت کم پر کارروائی ہوتی ہے، جس کی وجہ سے متنازع اور غیر قانونی مواد طویل عرصے تک آن لائن موجود رہتا ہے۔ یہ صورتحال خود بتاتی ہے کہ موجودہ ریگولیٹری نظام کتنا کمزور ہے۔”
بشیر وزیر کے مطابق حکومت کو چاہیے کہ پیکا ایکٹ کے تحت مزید مؤثر قانون سازی کرے، یا ایک ایسی خودمختار ریگولیٹری اتھارٹی قائم کرے جو سوشل میڈیا پر غیر قانونی مواد کے خلاف فوری کارروائی کر سکے۔ ان کا کہنا تھا کہ “مکمل پابندی مناسب راستہ نہیں، کیونکہ ٹک ٹاک ہزاروں نوجوانوں کے لیے روزگار، کاروبار، تعلیم اور مثبت سرگرمیوں کا بھی ذریعہ بن چکا ہے۔”
اس بحث میں ایک اور اہم پہلو ٹک ٹاک صارفین اور صحافیوں کا نکتہ نظر ہے۔ ٹک ٹاک صارف اور صحافی محمد طیب کہتے ہیں کہ وہ بطور صحافی اپنی خبریں ٹک ٹاک پر بھی شیئر کرتے ہیں، جہاں مقامی لوگ انہیں فالو کرتے ہوئے خبروں سمیت مختلف معلومات حاصل کرتے ہیں۔ ان کا کہنا ہے: “ٹک ٹاک صرف تفریح کا پلیٹ فارم نہیں، بلکہ معلومات اور صحافت کا بھی ایک مؤثر ذریعہ بن چکا ہے۔ اس کا الگورتھم صارف کی دلچسپی کے مطابق مواد دکھاتا ہے، اس لیے اگر لوگ مثبت اور معیاری مواد دیکھیں اور تخلیق کریں تو انہیں ویسا ہی مواد زیادہ نظر آئے گا۔”
محمد طیب کے بقول ٹک ٹاک پر پابندی نہیں لگنی چاہیے، کیونکہ اس سے ہزاروں افراد کا روزگار وابستہ ہے، بہت سے کاروبار اسی پلیٹ فارم کے ذریعے اپنی تشہیر کر رہے ہیں، اور متعدد افراد کی آمدنی کا انحصار بھی اسی پر ہے۔ ان کے مطابق حکومت کو پلیٹ فارم بند کرنے کے بجائے اسے مؤثر انداز میں ریگولیٹ کرنا چاہیے، تاکہ غیر قانونی مواد کی روک تھام بھی ہو سکے اور مثبت استعمال بھی متاثر نہ ہو۔
واضح رہے کہ یہ پہلا موقع نہیں کہ ٹک ٹاک پر پابندی کا معاملہ عدالت تک پہنچا ہو۔ 2020 اور 2021 میں بھی پشاور ہائیکورٹ نے مبینہ فحش اور غیر اخلاقی مواد کے باعث پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی کو ٹک ٹاک بند کرنے کا حکم دیا تھا، تاہم بعد ازاں ٹک ٹاک انتظامیہ کی جانب سے قابلِ اعتراض مواد کی نگرانی اور پاکستانی قوانین پر عمل درآمد کی یقین دہانی کے بعد یہ پابندی ختم کر دی گئی تھی۔
اب دیکھنا یہ ہے کہ عدالت اس بار مکمل پابندی کی درخواست کو کس نظر سے دیکھتی ہے، یا حکومت کو سوشل میڈیا ریگولیشن کا مؤثر نظام وضع کرنے کی ہدایت دیتی ہے۔