11 جولائی 2026
رپورٹ: اسلام گل
خیبر
وادیٔ تیراہ سے بے گھر ہونے والے خاندانوں کی اپنے گھروں کو واپسی کا عمل 10 سے 15 اکتوبر تک مکمل کرنے کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ اس کا فیصلہ گزشتہ روز مقامی عمائدین کی 24 رکنی کمیٹی، ضلعی انتظامیہ اور سیکورٹی حکام کے درمیان ہونے والے ایک اعلیٰ سطحی اجلاس میں کیا گیا۔ تاہم متاثرہ خاندانوں اور اُن کی نمائندہ تحریک نے تجویز کردہ تاریخ پر شدید تحفظات کا اظہار کیا ہے۔
37 مطالبات پر عمل درآمد کی یقین دہانی
کمیٹی کے اہم رکن مولانا حضرت خان نے وائس پی کے کو بتایا کہ حکام کی جانب سے واپسی کے لیے 10 اکتوبر کی تاریخ تجویز کی گئی، تاہم کمیٹی کے ارکان نے اس پر خدشات کا اظہار کرتے ہوئے موقف اپنایا کہ یہ تاریخ کافی دور ہے۔ اُن کا کہنا تھا: “اکتوبر میں وادیٔ تیراہ میں شدید سردی کی لہر شروع ہو جاتی ہے، جس کی وجہ سے وہاں گھروں اور دیگر املاک کی مرمت ممکن نہیں رہے گی۔ لہٰذا واپسی کی تاریخ کو اتنا طول نہیں دینا چاہیے۔”
مولانا حضرت خان نے بتایا کہ کمیٹی کی جانب سے حکام کے ساتھ بات چیت جاری ہے تاکہ واپسی کی تاریخ جلد از جلد مقرر کی جا سکے۔
اجلاس میں چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا، آئی جی ایف سی نارتھ، کمشنر پشاور اور ڈپٹی کمشنر خیبر سمیت دیگر اعلیٰ عہدیداران شریک ہوئے۔ ذرائع کے مطابق حکومتی نمائندوں نے یقین دہانی کرائی کہ واپسی کے آغاز سے قبل علاقے میں امن و امان کی صورتحال کو مکمل طور پر بہتر بنایا جائے گا، جبکہ 24 رکنی کمیٹی کے پیش کردہ 37 مطالبات پر من و عن عمل درآمد یقینی بنایا جائے گا۔ جرگے میں یہ بھی طے پایا کہ علاقے میں جاری ترقیاتی منصوبوں پر بلا تعطل کام جاری رہے گا اور کمیٹی کی جانب سے اٹھائے گئے تمام تحفظات کو ترجیحی بنیادوں پر دور کیا جائے گا۔
مولانا حضرت خان نے مزید بتایا: “اجلاس میں معاہدے کے تمام 37 نکات پر عمل درآمد یقینی بنانے کے حوالے سے فیصلہ ہوا ہے کہ ڈپٹی کمشنر خیبر کی زیرِ صدارت کمیٹی کا ہر روز اجلاس ہوگا، جس میں وادیٔ تیراہ میں صحت، تعلیم اور جاری ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ لیا جائے گا۔ کمیٹی مطمئن ہے کہ معاہدے کے تمام نکات پر عمل درآمد ہوگا۔”
وادیٔ تیراہ میں بدامنی کے باعث گزشتہ سال نومبر میں مقامی آبادی کی دوسری بار نقل مکانی شروع ہوئی، جبکہ باقاعدہ اندراج کا عمل رواں سال 6 جنوری کو شروع کیا گیا تھا۔ اُس وقت طے پانے والے معاہدے میں واپسی کے لیے 10 اپریل کی تاریخ مقرر کی گئی تھی، جس پر عمل درآمد نہ ہو سکا۔
متاثرین کا ملا جلا ردعمل
بے گھر خاندانوں اور تحریکِ متاثرین، جو گزشتہ ساڑھے پانچ ماہ سے باڑہ پریس کلب کے سامنے احتجاجی کیمپ قائم کیے ہوئے ہیں، کی جانب سے واپسی کے تازہ اعلان پر ملا جلا ردعمل سامنے آیا ہے۔
تحریکِ متاثرین کے ترجمان سوہبت خان نے واپسی کی تاریخ پر خدشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا: “جبری انخلاء کے حوالے سے بھی حکومت نے کوئی باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری نہیں کیا تھا، جس کی وجہ سے بے گھر افراد آج بھی اپنے بنیادی حقوق سے محروم ہیں۔ انخلاء کے وقت بھی شدید سردی کے باعث لوگوں کو بھاری مالی اور جانی نقصان اٹھانا پڑا تھا۔ اگر اکتوبر میں واپسی ہوئی تو یہ مزید مسائل کا سبب بنے گی، اس لیے بہتر ہے کہ واپسی کا عمل فوری طور پر شروع کر دیا جائے۔”
عبدالباقی، جو اپنے خاندان کے ساتھ رواں سال جنوری میں بے گھر ہو کر ایک غار میں مقیم ہیں، جہاں بنیادی سہولتیں تقریباً ناپید ہیں، نے کہا: “ہم جلد از جلد اپنے گھر واپس جانا چاہتے ہیں کیونکہ یہاں نہ ہمارا کاروبار ہے اور نہ اپنا گھر۔ یہ جگہ بھی کسی دوسرے بندے کی ہے، اگر کل وہ آ کر ہمیں یہاں سے نکال دے تو ہمارے پاس اپنے گھر کے سوا کوئی اور جگہ نہیں۔”
اندراج میں تاخیر، متاثرین پریشان
معاہدے پر چھ ماہ گزر جانے کے باوجود بے گھر خاندانوں کے اندراج اور مالی معاونت کے حصول میں درپیش مسائل تاحال حل نہیں ہو سکے۔ باقاعدہ اندراج سے رہ جانے والے افراد کا کہنا ہے کہ وہ شدید مشکلات کا شکار ہیں۔
محمد رمضان بھی اُن افراد میں شامل ہیں جن کا اندراج ابھی تک نہیں ہو سکا۔ وہ باڑہ بازار کے قریب الحاج مارکیٹ میں قائم اُس مرکز میں موجود تھے جہاں عمائدین کی سفارشات پر تیار کردہ فہرست میں شامل افراد کی تصدیق کا عمل جاری ہے۔ اُنہوں نے بتایا: “یہاں ہمارے بہت سے مسائل ہیں، جن میں گھر کا نہ ہونا اور خیموں میں زندگی گزارنے جیسی مشکلات شامل ہیں۔ ہم بجلی کا بل اور گھر کا کرایہ ادا نہیں کر سکتے، کاروبار بھی نہیں ہے۔ اسی وجہ سے ہم حکومت سے یہی کہتے ہیں کہ ہمارے گھروں کی واپسی کا عمل جلد شروع کیا جائے۔”
ضلعی حکام کے مطابق پہلے مرحلے میں 34 ہزار خاندان رجسٹرڈ ہوئے تھے، جبکہ عمائدین کی سفارشات پر مزید 16 ہزار خاندانوں کے نام اندراج کے لیے ڈپٹی کمشنر کے دفتر میں قائم کمیٹی کے پاس جمع کرائے گئے۔
اجلاس میں 24 رکنی کمیٹی نے باڑہ کے الحاج مارکیٹ میں قائم نادرا مرکز کی جانب سے جی آر سی فہرست میں شامل متاثرین سے دوبارہ وادیٔ تیراہ کے پتے کی تصدیق طلب کرنے اور نئے سرے سے ایڈریس ثابت کرنے کی شرط پر شدید تحفظات کا اظہار کیا۔ ذرائع کے مطابق کمیٹی کے موقف کے بعد یہ مسئلہ فوری طور پر حل کر دیا گیا اور تصدیق شدہ متاثرین کو درپیش مشکلات دور کرا دی گئیں۔
کمیٹی کے رکن نورز خان نے بتایا: “حکام کے ساتھ یہ طے پا گیا ہے کہ شناختی کارڈ میں درج دوہرے پتے، ضلع یا ایجنسی سے متعلق دیگر مسائل کی بنیاد پر فہرست میں موجود افراد کے اندراج کے عمل میں کوئی رکاوٹ نہیں ڈالی جائے گی۔ جن افراد کے نام نئی فہرست میں موجود نہیں، وہ اپنے قبیلے کے عمائدین کے ساتھ فارم جمع کرائیں۔”