10 جولائی 2026

رپورٹ: اعتزاز ابراہیم


پنجاب کے ضلع وزیر آباد کی تحصیل علی پور چھٹہ کے علاقے فتح پور میں واقع ایک مقامی مدرسے کے قاری کی تین کمسن بچوں کے ساتھ مبینہ جنسی زیادتی کا واقع پیش آیا۔ والدین کی درخواست پر پولیس نے مقدمہ درج کر لیا ہے تاہم ملزم کو تاحال گرفتار نہیں کیا جا سکا۔

مقدمے کے مدعی نے وائس پی کے سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ان کا سات سالہ بیٹا اور ان کی سالی کا آٹھ سالہ بیٹا مقامی مدرسے میں قاری عبداللہ کے پاس دینی تعلیم حاصل کرتے تھے۔ ان کے مطابق 29 جون کو قاری عبداللہ مبینہ طور پر ان کی سالی کے بیٹے کو مدرسے میں اپنے کمرے میں لے گیا، جہاں اس کے ساتھ جنسی زیادتی کی گئی۔

مدعی کا کہنا تھا کہ بچے نے شور مچایا تو قاری نے اسے زبردستی خاموش کروایا۔ بعد ازاں بچہ روتے ہوئے گھر پہنچا اور اہل خانہ کو واقعے سے آگاہ کیا۔ ان کے بقول اس کے بعد ان کے اپنے سات سالہ بیٹے نے بھی بتایا کہ قاری عبداللہ اس کے ساتھ بھی جنسی زیادتی کرتا رہا ہے۔

مدعی کے مطابق واقعے کے اگلے روز انہوں نے متعلقہ تھانے میں درخواست جمع کروائی، تاہم پولیس نے چھ روز تک مقدمہ درج نہیں کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ بعد ازاں اہل علاقہ کے تھانے پہنچنے پر مقدمہ درج کیا گیا۔

انہوں نے مزید دعویٰ کیا کہ ان کی درخواست اور مقدمہ درج ہونے کے بعد ایک اور بچے کے والدین نے بھی پولیس کو درخواست دی، جس میں الزام عائد کیا گیا کہ ان کے بچے کو بھی اسی قاری نے جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا۔

مدعی کے مطابق متعلقہ مدرسے میں تقریباً تیس بچے دینی تعلیم حاصل کر رہے تھے جبکہ قاری عبداللہ گزشتہ تین برس سے وہاں تدریسی فرائض انجام دے رہا تھا۔

اس حوالے سے تھانہ علی پور میں ملزم کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ کیس کے تفتیشی افسر عمران نے وائس پی کے سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ملزم تاحال گرفتار نہیں ہو سکا۔ ان کے مطابق پولیس ملزم کو ٹریس کرنے کی کوشش کر رہی ہے اور اسے جلد گرفتار کر لیا جائے گا۔

یہ اپنی نوعیت کا پہلا واقعہ نہیں ہے۔ اس سے قبل 14 جون کو ضلع قصور کے علاقے راؤ خان والا میں بھی ایک مقامی مدرسے کے قاری پر آٹھ سالہ بچے کے ساتھ مبینہ جنسی زیادتی اور تشدد کا الزام سامنے آیا تھا۔ متاثرہ بچے کے والدین نے الزام عائد کیا تھا کہ مبینہ تشدد اور زیادتی کے نتیجے میں بچے کی ہلاکت واقع ہوئی۔

دوسری جانب بچوں کے تحفظ کے لیے کام کرنے والی تنظیم ساحل کی رپورٹ کے مطابق پاکستان میں سال 2025 کے دوران بچوں کے ساتھ تشدد اور جنسی زیادتی کے کم از کم 3,630 واقعات رپورٹ ہوئے، جو 2024 کے مقابلے میں آٹھ فیصد زیادہ ہیں۔

رپورٹ کے مطابق یہ اعداد و شمار ملک بھر کے 81 قومی، علاقائی اور مقامی اخبارات میں شائع ہونے والی خبروں اور تنظیم کو موصول ہونے والی اطلاعات کی بنیاد پر مرتب کیے گئے ہیں۔ تنظیم کا کہنا ہے کہ یہ صرف رپورٹ ہونے والے واقعات ہیں جبکہ ایسے متعدد کیسز بھی ہو سکتے ہیں جو کبھی رپورٹ ہی نہیں ہوتے، اس لیے اصل تعداد اس سے کہیں زیادہ ہونے کا امکان ہے۔

ساحل کی رپورٹ کے مطابق مجموعی طور پر رپورٹ ہونے والے 3,630 متاثرہ بچوں میں 1,924 لڑکیاں، یعنی 53 فیصد، جبکہ 1,625 لڑکے، یعنی 45 فیصد شامل تھے۔ رپورٹ میں مزید بتایا گیا کہ 116 متاثرین شیر خوار بچے تھے، جو اس بات کی نشاندہی کرتا ہے کہ کم عمر بچے بھی اس نوعیت کے جرائم سے محفوظ نہیں۔

رپورٹ کے مطابق بچوں سے جنسی زیادتی کے متاثرین میں 11 سے 15 برس کی عمر کے بچے سب سے زیادہ متاثر ہوئے، جبکہ اس عمر کے گروپ میں لڑکوں کی تعداد لڑکیوں کے مقابلے میں زیادہ ریکارڈ کی گئی۔ اس کے علاوہ کم عمر بچوں اور شیر خوار بچوں کے متاثر ہونے کے واقعات بھی رپورٹ کا حصہ ہیں۔

ساحل کے اعداد و شمار کے مطابق متاثرین میں سب سے بڑی شناخت شدہ تعداد طلبہ کی تھی۔ رپورٹ میں 417 طالب علموں، 72 چائلڈ لیبر سے وابستہ بچوں اور 46 خصوصی ضروریات رکھنے والے بچوں کے متاثر ہونے کے واقعات بھی درج کیے گئے ہیں۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here