21 اگست 2026
رپورٹ: راشد لغاری
حیدرآباد
بدین کی تحصیل گولارچی کے گاؤں چک نمبر 5 میں ایک پسند کی شادی کے بعد پورا گاؤں خوف اور کشیدگی کی لپیٹ میں ہے۔ ایک ماہ قبل حیدرآباد کی ہائی کورٹ میں ندیم ماچھی اور عالیہ فاطمہ کمبوہ نے گاؤں سے نکل کر اپنی پسند سے شادی کی تھی، جس کے بعد دونوں برادریوں کے درمیان صورتحال مزید خراب ہو گئی۔
ایک ہفتہ قبل ماچھی برادری کے افراد نے احتجاج کرتے ہوئے کمبوہ برادری پر الزام عائد کیا کہ چند روز قبل مسلح افراد نے مبینہ طور پر ان کے 60 سے زائد گھروں کو نقصان پہنچا کر مسمار کر دیا، جس کے باعث 600 سے زائد خواتین، بچوں اور مردوں کو گھر بار چھوڑ کر نقل مکانی پر مجبور ہونا پڑا۔ متاثرین کے مطابق مسلح افراد نے گھر مسمار کرنے کے ساتھ قیمتی سامان اور مویشی بھی اپنے قبضے میں لے لیے۔
متاثرہ رہائشی رمضان ماچھی نے بتایا: “ہم 80 سالوں سے اس گاؤں میں آباد تھے۔ کمبوہ برادری نے ہمارے گھر مسمار کر کے 600 لوگوں کو دربدر کر دیا ہے۔ اب ہم نے دوسرے شہر میں پناہ لی ہے۔ پولیس اور جنہیں ہم نے ووٹ دیے، کسی نے بھی ہماری مدد نہیں کی۔”
ندیم ماچھی کے بھائی حاجی ماچھی کا مؤقف تھا کہ سزا پورے گاؤں کو دی جا رہی ہے۔”پسند کی شادی ایک نوجوان نے کی، مگر سزا پورے گاؤں کو دی گئی ہے۔ اب بچے، خواتین اور مرد واپس گاؤں نہیں جا سکتے۔ ہماری مانگ ہے کہ نوٹس لے کر ہمارے گھر بحال کیے جائیں۔”
دوسری جانب گاؤں کے زمیندار اور کمبوہ برادری کے رہنما حق نواز کمبوہ نے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا: “ماچھی ہماری زمین پر کاشتکار تھے۔ ان کے ایک نوجوان نے ہماری بیٹی کو اغوا کر کے شادی کی، حالانکہ وہ پہلے سے شادی شدہ تھی۔ ہم نے ماچھیوں کے گھر مسمار نہیں کیے، وہ اپنی مرضی سے گاؤں چھوڑ گئے ہیں۔ ان پر ہمارے 60 لاکھ روپے کا قرضہ بھی واجب الادا ہے۔”
ماچھی برادری کا جرگے کے فیصلے کو تسلیم کرنے سے انکار
معاملے کو حل کرنے کے لیے ٹاؤن کمیٹی گولارچی کے چیئرمین عبدالسلام آرائیں اور قوم پرست رہنما نواز خان زئور کی سرپرستی میں چک نمبر 5 کی کمبوہ اور ماچھی برادریوں کے درمیان جرگہ منعقد ہوا، جس میں ماچھی فریق کی جانب سے رمضان ماچھی، کریم ماچھی، جہانگیر سولنگی اور رجب سولنگی، جبکہ کمبوہ فریق کی جانب سے شاہد آرائیں، فیروز شاہانی، محمد عمر شاہانی، آدم ابڑو اور جبل سومرو سمیت دیگر افراد شریک ہوئے۔
بند کمرے میں فریقین اور گواہوں سے بات چیت کے بعد جرگے نے تین بنیادی فیصلے سنائے:
– محلے کی ایک لڑکی کو گھر سے بھگا لے جانے اور اس کا ساتھ دینے کے الزام میں ماچھی برادری کے افراد کو چک نمبر 5 سے بے دخل کر دیا جائے۔
– ماچھی برادری کے گھروں کو پہنچنے والے نقصان کے ازالے کے طور پر کمبوہ فریق پر ایک کروڑ روپے کا جرمانہ عائد کیا گیا، جبکہ ماچھی برادری پر واجب الادا 60 لاکھ روپے کا قرض معاف کر دیا گیا۔ پسند کی شادی کرنے والی عالیہ فاطمہ کو طلاق دلوا کر واپس اس کے وارثوں کے حوالے کیا جائے۔ تاہم فیصلہ سنائے جانے کے بعد ماچھی فریق نے اسے تسلیم کرنے سے انکار کر دیا۔
آگ لگانے یا سامان لوٹنے سے متعلق خبروں کو پولیس نے مسترد کر دیا
ڈسٹرکٹ پولیس بدین نے سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی گھروں کو آگ لگانے اور سامان لوٹنے کی خبروں کو بے بنیاد قرار دیا۔ پولیس کے جاری بیان کے مطابق تقریباً ایک ماہ قبل ندیم ماچھی نے اپنے زمیندار کی بیٹی عالیہ فاطمہ کمبوہ سے پسند کی شادی کی تھی، جس کے بعد دونوں نے ہائی کورٹ میں پیش ہو کر اپنی رضامندی سے شادی کا بیان دیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ چک نمبر 5 میں ماچھی برادری کے افراد سرکاری زمین پر جھونپڑیاں بنا کر رہائش پذیر تھے اور شادی کے واقعے کے بعد اپنی مرضی سے گھر چھوڑ کر دوسری جگہ منتقل ہو گئے۔ آگ لگانے یا سامان لوٹنے سے متعلق خبروں کو بھی پولیس نے مسترد کر دیا ہے۔
تاہم متاثرین اپنے دعوؤں پر قائم ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ محبت کی شادی کی سزا پورے گاؤں اور برادری کے بے گناہ افراد کو دی جا رہی ہے۔ متاثرین نے وزیراعلیٰ سندھ، انسانی حقوق کی تنظیموں، ضلعی انتظامیہ اور اعلیٰ پولیس حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ معاملے کا غیر جانبدارانہ نوٹس لیا جائے، متاثرہ خاندانوں کو تحفظ اور امداد فراہم کی جائے اور اصل حقائق کو سامنے لایا جائے۔