27 اگست 2026
رپورٹ: عبد الرزاق
خیبر پختونخوا کے ضلع چارسدہ میں گزشتہ چند دنوں کے دوران دو خواتین کے قتل کے واقعات نے ایک بار پھر یہ سوال کھڑا کر دیا ہے کہ سخت قوانین کے باوجود خواتین کے خلاف تشدد اور قتل کے واقعات میں کمی کیوں نہیں آ رہی۔
چند روز قبل چارسدہ سے تعلق رکھنے والی 35 سالہ بسمین کو مبینہ طور پر ان کے شوہر نے قتل کر دیا۔ مقتولہ کے بھائی سلیم خان کے مطابق ان کا بہنوئی منشیات کا عادی تھا اور اس سے قبل بھی کئی بار بسمین کو جسمانی تشدد کا نشانہ بنا چکا تھا۔
سلیم خان نے وائس پی کے کو بتایا کہ واقعے کے روز ان کی بہن کے پاس دو ہزار روپے تھے، جو شوہر نشہ آور اشیاء خریدنے کے لیے مانگ رہا تھا، لیکن بسمین نے پیسے دینے سے انکار کر دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ پہلے ملزم نے بسمین کو مارا پیٹا، اور جب اس کی حالت خراب ہونے لگی تو اس نے گلا گھونٹ کر اسے قتل کر دیا۔ سلیم خان کے مطابق ملزم اس وقت پولیس کی حراست میں ہے اور خاندان چاہتا ہے کہ اسے قانون کے مطابق سخت ترین سزا دی جائے۔
چارسدہ کے سٹی پولیس اسٹیشن میں درج کی گئی ایف آئی آر کے مطابق یہ واقعہ 18 اگست کو دن کے وقت پیش آیا تھا۔
اسی روز چارسدہ کے علاقے حاجی آباد میں ایک اور خاتون، روبینہ، کو مبینہ طور پر ان کے شوہر نے گولی مار کر قتل کر دیا۔ چارسدہ کے عمرزئی پولیس اسٹیشن سے حاصل کردہ معلومات کے مطابق شوہر نے جھگڑے کے بعد اپنی بیوی کو قتل کر دیا۔
واضح رہے کہ گزشتہ سال دسمبر میں بھی چارسدہ میں دو خواتین اساتذہ کو نامعلوم افراد نے اس وقت قتل کیا تھا جب وہ صبح سویرے اسکول جا رہی تھیں۔ پولیس کے انوسٹیگیشن کے بعد قتل میں ملوث افراد کو بعد میں گرفتار کر لیے گئے تھے۔
پولیس کے اعداد شمار کے مطابق ضلع چارسدہ میں گرشتہ سال 30 خواتین جبکہ روان سال جنوری سے 25 اگست تک ضلع بھر میں 24 خواتین کو قتل کردیا گیا ہے۔
قانونی ماہرین کا کہنا ہے کہ خواتین کے قتل کے مقدمات میں ایف آئی آر درج کرانے میں تاخیر، عدالتوں میں گواہوں کی عدم دستیابی، پولیس کی ناقص تفتیش، اور فریقین کے درمیان سمجھوتے یا دیت کی ادائیگی جیسے عوامل کے باعث اکثر ملزمان بری ہو جاتے ہیں۔
پشاور ہائی کورٹ کے وکیل شاکر اللہ کا کہنا ہے کہ غیرت کے نام پر قتل کے مقدمات میں معاشرتی دباؤ کے باعث اکثر درست دفعات کے تحت مقدمہ درج ہی نہیں کیا جاتا۔ ان کے مطابق قانون میں ایسے قتل کے لیے دفعہ 311 موجود ہے جو ناقابلِ سمجھوتہ (نان کمپاؤنڈ ایبل) ہے اور جس میں عدالتیں کسی صلح یا سمجھوتے کو تسلیم نہیں کرتیں، تاہم عملی طور پر زیادہ تر مقدمات عام قتل کی دفعہ 302 کے تحت درج کیے جاتے ہیں، جس کے باعث ملزمان کے لیے رہائی کے راستے کھل جاتے ہیں۔
خواتین کے حقوق کے لیے کام کرنے والے کارکن قمر نسیم کا کہنا ہے کہ اس نوعیت کے واقعات میں ملوث افراد کو کسی صورت ضمانت نہیں ملنی چاہیے اور قانون میں موجود سقم دور کرنے کے لیے مؤثر ترامیم کی ضرورت ہے۔ ان کے مطابق حکومتِ خیبر پختونخوا کی جانب سے قوانین میں بہتری کا سلسلہ جاری ضرور ہے، مگر معاشرتی رویوں میں تبدیلی کی رفتار انتہائی سست ہے۔ انہوں نے یہ بھی نشاندہی کی کہ انٹرنیٹ، ویڈیو لیکس اور ٹک ٹاک جیسے ڈیجیٹل پلیٹ فارمز سے جڑے تشدد کے واقعات بھی بڑھ رہے ہیں، جن میں خواتین کو گھر والوں یا دیگر افراد کے ہاتھوں قتل کیا جانا اب ایک عام رجحان بنتا جا رہا ہے۔
ہیومن رائٹس کمیشن آف پاکستان کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ سال ملک بھر میں 470 خواتین کو غیرت کے نام پر قتل کیا گیا، جن میں سے 116 کا تعلق خیبر پختونخوا سے تھا۔